صرف چوہدری شجاعت کی ذاتی طور پر ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان

چوہدری حسین الہٰی کی ن لیگ پر کھل کر تنقید

ہفتہ 16 دسمبر 2023 22:53

جلالپورجٹاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 دسمبر2023ء) چوہدری برادران میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ پر ایک بار پھر اندرونی اختلافات پیدا ہونے کا امکان،صرف چوہدری شجاعت حسین کی ذاتی طور پر ن لیگ سے سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان بڑھ گیا۔ ق لیگ کے راہنما اور چوہدری شجاعت حسین کے بھتیجے چوہدری حسین الہٰی نے گزشتہ روز ایک جلسہ میں عوام سے خطاب کرتے ہوئے ن لیگ پر کھل کر تنقید کی اور کہا کہ تحریک عدم اعتماد کے بعد ن لیگ کی حکومت نے ہمارے پی ٹی آئی دور کے جاری شدہ منصوبوں کو روک کر عوام دشمنی کا ثبوت دیا ہے۔

حسین الہٰی نے چند روز قبل مریم نواز کے جلالپورجٹاں جلسہ پر بھی تنقید کی اور کہا کہ مریم کی جگہ نواز شریف بھی آجائیں تو ہمیں شکست نہیں دے سکتے۔ یاد رہے چوہدری حسین الہٰی سابق وفاقی وزیر چوہدری وجاہت حسین کے بیٹے اور شجاعت حسین کے بھتیجے ہیں جنہوں نے تحریک عد م اعتماد کے دوران چوہدری سالک حسین اور طارق بشیر چیمہ کا ساتھ دینے کی بجائے مونس الہٰی اور چوہدری پرویز الہٰی کے ساتھ مل کر عمران خان کا ساتھ دیااور پھر مونس الہٰی کیساتھ بیرون ملک چلے آئے تھے جنہوں نے چند ماہ قبل ق لیگ میں شمولیت اختیار کی اور وطن واپس آئے،وطن واپسی کے بعد انہوں نے پہلی بار بڑے عوام اجتماع سے خطاب کیا اور ن لیگ پر کھل کر تنقید کی۔

(جاری ہے)

یہ امکان پہلے بھی ظاہر کیا جارہا تھا کہ حسین الہٰی نے شہباز شریف کا عدم اعتماد میں ساتھ نہیں دیا تھا جس کی وجہ سے چوہدری شجاعت حسین کی ذاتی حد تک ہی ن لیگ سے سیٹ ایڈ جسٹمنٹ ممکن ہو سکے گی جبکہ حسین الہٰی کے حلقہ میں سیٹ ایڈجسٹمنٹ کا امکان نہیں تھااور اب ایسا ممکن نظر آرہا ہے۔

جلالپور جٹاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں