نوازشریف کی سیاست ختم کرنے والوں کی اپنی سیاست ختم ہوچکی، عوام نے منتخب کیا توخدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا، مریم نواز کا ورکرز کنونشن سے خطاب

ہفتہ 9 دسمبر 2023 18:24

جلال پور جٹاں (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 09 دسمبر2023ء) پاکستان مسلم لیگ کی چیف آرگنائز مریم نواز نے کہا ہے کہ نواز شریف کی سیاست ختم کرنے والوں کی اپنی سیاست ختم ہوچکی، قائد نواز شریف کا وطن واپسی پر فقید المثال استقبال کیا گیا، نواز شریف کا سیاسی سفر آسان نہیں تھا لیکن تمام مشکلات کے باوجود عوام کی خدمت ان کی ترجیح رہی اور عوام نے الیکشن میں ہمیشہ نواز شریف کا ساتھ دیا، ملکی خوشحالی اور عوامی فلاح کیلئے متعدد اہم منصوبے مکمل کئے، موٹرویز اور سڑکوں کا جال بچھایا، قوم کو سی پیک اور میٹرو بس جیسے منصوبے دیئے اور بجلی کے کارخانے لگائے، عوام نے منتخب کیا توخدمت کا یہ سلسلہ جاری رہے گا۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو جلال پور جٹاں میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ علی وڑائچ، عابد رضا اور دیگر مقامی قائدین کو کامیاب ورکر کنونشن کے انعقاد پر مبارکباد پیش کرتی ہوں۔ انہوں نے 21 اکتوبر کے تاریخی جلسہ عام اور نواز شریف کے فقید المثال استقبال پر جلال پور جٹاں، گجرات اور بالعموم ملک بھر سے آئے مسلم لیگ کے کارکنوں کا بھی شکریہ ادا کیا اور انہیں خراج تحسین پیش کیا۔

مریم نواز نے کہا کہ مخالفین کہتے تھے کہ نواز شریف تاریخ کا حصہ بن چکا اور اب واپس نہیں آئے گا لیکن 21 اکتوبر کو انہوں نے دیکھا کہ اللہ تعالی کس عزت اور شان کے ساتھ وطن واپس لایا۔انہوں نے کہا کہ لوگ نواز شریف کا استقبال کرنے صرف اس لئے نہیں آئے تھے کہ نواز شریف نے ملک کی خدمت کی ہے، نواز شریف نے موٹرویز، بجلی کے کارخانے، میٹرو بس، اورنج لائن، ہوائی اڈے اور بندرگاہیں بنائیں اور سی پیک کا تحفہ دیا بلکہ عوام اس لئے آئے تھے کہ انہوں نے آنے والا مستقبل بھی نواز شریف سے جوڑ دیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف کا سیاسی سفر اتنا آسان نہیں تھا انہوں نے 22 سال میں سے اڑھائی سال جیل کاٹی،11 سال جلاوطن رہے، عدالتوں کے چکر اس وقت بھی لگائے اور آج بھی انصاف کیلئے عدالتوں کے چکر کاٹ رہے ہیں۔ مریم نواز نے کہا کہ لانڈھی سے لے کر اٹک تک کوئی ایسی جیل نہیں جہاں نواز شریف نے سزا نہ کاٹی ہو لیکن جب جب فیصلہ عوام کے ہاتھ آیا عوام نے نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے حق میں فیصلہ سنایا۔

2016 میں پانامہ جیسا مذاق کیا گیا اور بیٹے سے تنخواہ نہ لینے پر گھر بھیج دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ عوامی خدمت کیلئے اربوں روپوں کے فلاحی منصوبوں میں مخالفین کو نواز شریف پر ایک پھوٹی کوڑی کی کرپشن کا کوئی ثبوت نہیں ملا اور الزام لگانے کیلئے اربوں روپے خرچ کردیئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ جھوٹ زیادہ دیر نہیں چل سکتا، نواز شریف کو چور کہنے والا تاریخ کی سب سے بڑی چوریاں کرتے پکڑا گیا ہے۔

ایک مرتبہ اقتدار ملنے پر اس نے چوری اور ڈکیتی کے تاریخی ریکارڈ قائم کئے، 190 ملین پائونڈ یعنی 60 ارب روپے قومی خزانے میں دینے کی بجائے جیب میں ڈال لئے جو پاکستانیوں کے خون پسینے کی کمائی تھی اور القادر ٹرسٹ بنا کر خود اور ان کی اہلیہ ٹرسٹی بن بیٹھے، جب حساب مانگا گیا تو سزا سے بچنے کیلئے 9 مئی کو پاکستان پر حملہ کرادیا، شہدا کی یادگاروں پر حملے کئے اور نذر آتش کیا، 60 ارب روپے کی ڈکیتی کرنے والا جیل میں دیسی مرغ اور ورزش مشینوں کی فرمائش کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ میرا مشورہ ہے کہ انہیں یہ سہولت دینی ہے تو ضرور دیں لیکن جیل کے تمام قیدیوں کو بھی یہ سہولیات دیں۔ انہوں نے کہا کہ آج کل لیول پلیئنگ فیلڈ کا بہت چرچا ہے، انہیں بتانا چاہتی ہوں کہ نواز شریف کو جلاوطنی اور جیلوں میں قیدوبند کی لیول پلیئنگ فیلڈ دی گئی، دعا گو ہوں کہ کسی مخالف کو بھی ایسی لیول پلیئنگ فیلڈ نہ ملے۔

جلالپور جٹاں میں شائع ہونے والی مزید خبریں