کرونا وائرس کے ممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت کا ساتھ دینگے‘ نیاز احمد خاصخیلی

سرجیکل ماسک، چشمے، ڈسپوزیبل بیگ کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت ‘ ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی سے نوٹس لینے کی اپیل سابق سٹی ناطم نعمت اللہ کے انتقال پر اظہار افسوس ،مرحوم ایک معتبر اور مدبر سیاستدان تھے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائیگا‘ گفتگو

منگل 25 فروری 2020 16:50

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 فروری2020ء) آل سندھ پیپلز پیرامیڈیکل اسٹاف کراچی کے صدر نیاز احمد خاصخیلی کا کہنا ہے کہ ایران، اٹلی اور جنوبی کوریا میں ناول کورونا وائرس کے نئے کیسز انتہائی تشویشناک ہیں،ایرانی بلوچستان میں کرونا کے کیسز رپورٹ ہونے کو خطرے سے خالی نہیں لینا چاہئے، ہمیں ابھی سے ایسی تیاریاں شروع کردینی چاہئیں جو کسی ممکنہ عالمی وبا ء سے نبرد آزما ہونے کیلئے کی جاتی ہیں، کرونا کے ممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے سندھ حکومت کا ساتھ دینگے‘کرونا سے بچاؤ کیلئے استعمال کی جانیوالی اشیاء جن میں سرجیکل ماسک، چشمے، ڈسپوزیبل بیگ کی قیمتوں میں اضافے کی مذمت کرتے ہیں ، ان خیالات کا اظہار انہوں نے منگل کو سول اسپتال کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

سید منیر شاہ، طارق حسین منگی، فرمان علی سولنگی، وسیع الدین ، ناصر خان، جاوید اختر، انور شیخ، ممتاز میمن ودیگر بھی موجود تھے۔ نیاز احمد خاصخیلی کا کہنا تھا کہ سندھ کے سرکاری اسپتالوں میں قائم آل سندھ پیپلز پیرامیڈیکل اسٹاف کے تمام یونٹس میں مراسلہ بھیجا ہے جس میں عہدیداروں کی ہدایت کی ہے کہ وہ اسپتال آنیوالے مریضوں اور ان کے تیماردار داروں کو کرونا وائرس سے بچنے کی آگاہی دیں اور اس سلسلے میں پیش رفت سے آگاہ کیاجائے۔

کسی مریض میں نزلہ، زکام ، گلے میں خارش کی علامتیں ہوں فوری طور پر ماہر معالج سے رابطہ کیا جائے۔ جناح اسپتال ، ڈاؤ اور آغا خان اسپتال میں آئیسولیشن وارڈ قائم ہیں،ہم کرونا وائرس کے ممکنہ حملے سے نمٹنے کیلئے ہم سندھ حکومت کا بھرپور ساتھ دیں گے۔انہوں نے کرونا وائرس سے بچاؤ کیلئے استعمال ہونیوالی اشیاء جن میں سرجیکل ماسک، سوٹ، چشمے اور ڈسپوزیبل بیگ کی بلیک میں فروخت ہونے کی مذمت کرتے ہوئے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی ( ڈریپ) سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا۔ علاوہ ازیں انہوں نے سابق سٹی ناطم کراچی نعمت اللہ خان کے انتقال پر اظہا رافسوس کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم ایک معتبر اور مدبر سیاستدان تھے ان کی شہر قائد کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں