قانون کے نفاذ ،امن و امان کے قیام کیلئے سندھ پولیس اور آزادکشمیر پولیس بہترین کام کر رہی ہے، سردار تنویر الیاس خان

کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے ،صوبے بھر میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش بنانے کیلئے پولیس کے سینئر آفیسران سے لیکر سپاہی تک نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی،وزیراعظم آزاد کشمیر

جمعرات 23 فروری 2023 19:36

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 فروری2023ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے کہا ہے کہ قانون کے نفاذ اور امن و امان کے قیام کیلئے سندھ پولیس اور آزادکشمیر پولیس بہترین کام کر رہی ہے، کراچی سے دہشت گردی کے خاتمے اور صوبے بھر میں سکیورٹی کی صورتحال تسلی بخش بنانے کیلئے پولیس کے سینئر آفیسران سے لیکر سپاہی تک نے قربانیوں کی تاریخ رقم کی۔

سول آفیسران کو تربیتی و ریفریشر کورسز کرانے کیلئے قائم کشمیر انسٹیٹیوٹ آف مینجمنٹ کو بین الاقوامی سٹینڈرڈ کا ادارہ بنانے سمیت سول جج سے سیشن جج تک کو ریفریشر کورسز کرانے کیلئے آزادکشمیر میں جوڈیشل اکیڈمی بھی بنائیں گے، آزادکشمیر میں جرائم کی شرح ملک بھر میں سب سے کم ہے لیکن ابھی ہمیں اس شعبے مزید کام کرنے کی ضرورت ہے، آزادکشمیر پولیس نے بلدیاتی الیکشن کے انعقاد میں بہترین خدمات انجام دیکر اپنی پروفیشنل صلاحیت کا سب کو معترف کیا ہے جبکہ خطے میں امن کے قیام میں کلیدی کردار ادا کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں کشمیر سردار تنویر الیاس خان نے انسپکٹر جنرل آف پولیس آزادکشمیر ڈاکٹرامیر احمد شیخ کی طرف سے پرل کنٹینینٹل ہوٹل میں پر تکلف ظہرانے کی تقریب میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس تقریب میں وزرائے حکومت آزادکشمیر سمیت معاونین خصوصی و پی ٹی آئی کے رہنماء بھی شریک تھے۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان جب پرل کنٹیننٹل ہوٹل پہنچے تو جنرل منیجر سمیت عملے نے انہیں گلدستے پیش کر کے استقبال کیا۔

تقریب میں چیف سیکرٹری سندھ سہیل راجپوت، انسپکٹر جنرل آف پولیس سندھ غلام نبی میمن، کراچی پولیس چیف جاوید عالم اڈھو،ڈائریکٹر جنرل نیب سندھ جاوید اکبر ریاض، کراچی پولیس انوسٹیگیشن چیف منیر شیخ، ایڈیشنل آئی جی موٹر وے سلطان خواجہ، ایس ایس پی ملیر ساجد سدوزئی،میونسپل کارپوریشن چیف ایسٹ مبین احمد سمیت دیگر نے شرکت کی۔ وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم آزادکشمیر میں سول آفیسران کی تربیت کیلئے قائم کشمیر انسٹیٹیوٹ آف منیجمنٹ کا دائرہ کار ملکی سطح پر بڑھانے سمیت اس کو بین الاقوامی سٹینڈرز کا ادارہ بنانے جارہے ہیں، اس ادارے میں سندھ سمیت دیگر صوبوں سے حاضر سروس اور ریٹائرڈ ایسے آفیسران کو منیجمنٹ اور اکیڈمک سٹاف کا حصہ بنائیں گے جو اپنے شعبہ جات میں مہارت رکھتے ہوں تاکہ ملک بھر کے آفیسران سمیت بیرون ملک سے بھی سول سروس کے آفیسران اس ادارے میں تربیت حاصل کرنے کیلئے آئیں۔

وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم بعض ایسے قوانین میں ریفارمز کرنے جارہے ہیں جن کی وجہ سے خواتین اور بچوں بارے حساس نوعیت کے کیسز کا میرٹ پر فیصلہ ممکن ہو سکے، گزشتہ حکومت نے بچوں سے جنسی زیادتی پر سخت ترین سزا کا قانون تو بنا لیا لیکن اس پر کئی وجوہات کی وجہ سے عمل کرنا ہمارے معاشرے میں مشکل ہے اس لیے ایسے قوانین بنانے ہوں گے جن پر کیس درج ہونے اور پراسیکیوشن میں بھی آسانی ہو اور جرم ثابت ہونے پر فوری سزا دینا بھی ممکن ہو، قانون شہادت پر بھی ہمیں غور کرنا ہو گا کیونکہ دیکھا گیا ہے کہ ٹیکنالوجی کی مدد سے بعض کیسز میں ٹیکنالوجی کی مدد سے جو ثبوت سامنے آتے ہیں ان کا سنگین نوعیت کے کیسز میں رزلٹ آنے کے بعد مثبت اثر پڑنے کی بجائے منفی اثر بھی پڑتا ہے جس سے کیس کی نوعیت ہی تبدیل ہوجاتی ہے۔

اس لیے نئے قوانین بنانے اور موجود قوانین میں ریفارمز لانے کی ضرورت ہے تاکہ عصر حاضر کے تقاضے پورے ہونے سمیت چیلنجز کا سامنا کیا جاسکے تاکہ سوسائیٹی کا تحفظ یقینی بنایا جا سکے، سوشل میڈیا پر کی جانے والی بعض سرگرمیاں جرائم اور کرائم کا باعث بن رہی ہیں جن پر قوانین بنا کر ہی تدارک کیا جاسکتا ہے، وزیر اعظم سردار تنویر الیاس خان نے کہا کہ ہم آزادکشمیر میں جوڈیشل اکیڈمی بھی بنانا چاہتے ہیں جس میں نا صرف آزادکشمیر کے سول ججز، سینئر سول ججز اور سیشن ججز کی تربیت ہو بلکہ پورے ملک سے نئے منتخب ہونے والے ججز کی تربیت کی جا سکے، جس طرح سے ہمارے آفیسران کو بیرون ممالک تربیت کیلئے جانا پڑتا ہے اسی طرح ہماری ترجیح ہے کہ ہماری اکیڈمیوں مییں بعض ایسے شعبے قائم ہوں جن کی تربیت کا سٹینڈر ڈترقی یافتہ ملکوں کے سٹینڈر کے مطابق ہو تاکہ دیگر ممالک ہمارے ہاں اپنے آفیسران کو تربیت کیلئے بھیجیں۔

ہمیں ان شعبہ جات کے ماہرین کی آراء اور تجاویز کی روشنی میں قانون اور انصاف کی آسان فراہمی کیلئے مربوط نظام بنانا ہو گا اور اس کیلئے ایسے ممالک کے متعلقہ اداروں سے رہنمائی لی جا سکتی ہے جن کو ہمارے جیسے مسائل درپیش رہے لیکن انہوں نے اپنا نظام درست کر لیا ہو۔ وزیر اعظم آزادکشمیر نے کہا کہ جلد ہی آزادکشمیر میں سرمایہ کاری اور قانونی ماہرین کی الگ الگ کانفرنسز کا انعقاد کرائیں گے جن میں ملک بھر سے ان شعبہ جات کے ماہرین مدعو ہوں گے تاکہ ہمیں اپنی سمت درست کرنے میں مدد اور رہنمائی مل سکے۔

وزیر اعظم آزاد کشمیر سردار تنویر الیاس خان کی ان پالیسیوں اور تجاویز پر چیف سیکرٹری سندھ، آئی جی سندھ اور آئی جی آزادکشمیر نے سراہتے ہوئے مکمل اتفاق کیا۔ تقریب میں ڈپٹی سپیکر آزادکشمیر قانون ساز اسمبلی چوہدری ریاض احمد، وزیر خزانہ و ان لینڈ ریوینیو عبدالماجد خان، وزیر پلاننگ اینڈ ڈیویلپمنٹ چوہدری عبدالرشید،وزیر سیاحت و قانون سردار فہیم اختر ربانی،پارلیمانی سیکرٹری جاوید بٹ اور پیر مظہر شاہ، سابق وزیر حکومت سلیم بٹ،صدر پی ٹی آئی آزادکشمیر کراچی سردار مقصود زمان کے علاوہ پرنسپل سیکرٹری ہمراہ وزیراعظم و ایڈیشنل چیف سیکرٹری ڈیویلپمنٹ فیاض علی عباسی،سینئر ممبر بورڈ آف ریوینیو چوہدری لیاقت،ایڈیشنل چیف سیکرٹری جنرل احسان خالد کیانی، سیکرٹری مالیات عصمت اللہ شاہ، سیکرٹری سروسز اینڈ جنرل ایڈمنسٹریشن راجہ امجد پرویز خان، سیکرٹری سیاحت محترمہ مدہت شہزاد،سیکرٹری اطلاعات سردار انصر یعقوب سمیت کشمیری صحافیوں کے وفد نے شرکت کی۔

کراچی میں شائع ہونے والی مزید خبریں