بین الاقوامی سرمایہ کاری نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کر دئیے

مغربی ممالک کےبائیکاٹ کےباوجود سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں پہلےدن50ارب ڈالرسےزائد کےمعاہدے ہو گئے

Syed Fakhir Abbas سید فاخر عباس منگل 23 اکتوبر 2018 19:43

بین الاقوامی سرمایہ کاری نے کامیابی کے ریکارڈ قائم کر دئیے
ریاض(اردوپوائنٹ تازہ ترین اخبار-23 اکتوبر 2018ء) : جمال خاشگی کے قتل کے بعد مغربی ممالک کا بائیکاٹ بھی بین الاقومی سرمایہ کاری کانفرنس کو متاثر کرنے میں ناکام ہو گیا۔مغربی ممالک کےبائیکاٹ کےباوجود سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں پہلےدن50ارب ڈالرسےزائد کےمعاہدے ہو گئے۔تفصیلات کے مطابق آج سعودی عرب میں بین الاقوامی سرمایہ کاری کانفرنس کا انعقاد کیا گیا ۔

سعودی ولی عہد محمد بن سلمان کی جانب سے بڑے بڑے ممالک اور بڑے بڑے سرمایہ کاروں کو خود اس کانفرنس میں مدعو کیا گیا ہے اورمذکورہ کانفرنس میں ان ممالک اور سرمایہ کاروں کو دعوت دی جائے گی کہ وہ آ کر سعودی عرب میں سرمایہ کاری کریں۔اس موقع پر مغربی ممالک کےبائیکاٹ کےباوجود سعودی سرمایہ کاری کانفرنس میں پہلےدن50ارب ڈالرسےزائد کےمعاہدے ہوئے۔

(جاری ہے)

کانفرنس میں تیل گیس،صنعتوں اورانفرااسٹرکچرسیکٹرمیں 25 معاہدےہوئے۔سعودی آئل کمپنی آرامکو کے مطابق 34 ارب ڈالرکےسمجھوتوں کی یادداشتوں پردستخط ہوئے۔یاد رہے کہ سعودی صحافی کےقتل پرامریکا،برطانیہ،فرانس سمیت بڑی کمپنیاں سعودی کانفرنس میں نہیں آئیں۔یاد رہے کہ آج وزیر اعظم عمران خان نے بھی اس کانفرنس میں شرکت کی اور اس سے خطاب کیا۔

وزیراعظم پاکستان عمران خان نے عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کیا۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان اُس بنیادی نظریے کا پاکستان ہے جس کے لیے پاکستان کے بانیوں نے اسے حاصل کیا تھا اور اس کا قیام عمل میں لایا گیا تھا۔پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا۔ نیا پاکستان قائد اعظم کے اصولوں پر بنانا ہے۔ ہمیں اقتدار میں آئے ہوئے60 دن ہوئے ہیں۔

ہمیں فوری طور پر کرنٹ خسارے کے مسئلے کا سامنا ہے۔ہماری حکومت کا سب سے پہلا ہدف یہی ہے کہ ہمیں برآمدات بڑھانی ہے تاکہ زر مبادلہ بڑھایا جا سکے۔ ہم برآمد کنندگان کی بہتری کے لیے اقدامات کر رہے ہیں ۔ منی لانڈرنگ ترقی پذیر ممالک میں بڑا مسئلہ ہے۔ ہم جو بھی اصلاحات کریں گے اس کا اثر آنے والے دنوں پر پڑے گا۔ کرپشن کسی بھی ملک کو غریب بنا دیتی ہے۔

کرپشن انسانی ترقی کے منصوبوں سے رقم کا رُخ موڑ دیتی ہے۔ کرپشن ملکوں میں اداروں کو تباہ کر دیتی ہے۔ پاکستان کے ادارے مضبوط کرنا ہمارے لیے ایک چیلنج ہے۔ آنے والے تین سے 6 ماہ ہمارے لیے سخت ہیں۔ بدعنوان لوگوں کے بڑی پوزیشن پر ہونے کے باعث ادارے تباہ ہوئے۔پاکستان میں وائٹ کالر کرائم کو پکڑنا بہت مشکل ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں سمندر پار پاکستانیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی طرف راغب کرنا ہے، سمندر پار موجود پاکستانی پاکستان کی طاقت ہیں۔

وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ نیا پاکستان کے منصوبے کے تحت پہلے 5 سالوں میں ابتدائی طور پر 50 لاکھ گھرتعمیر کیے جائیں گے۔پاکستان میں ایک کروڑ گھروں کی کمی ہے۔ ہم قرضوں کے لیے آئی ایم ایف اور دوست ممال سے رابطے کر رہے ہیں۔ ہم غیر ملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے بھی سرمایہ کاری کی توقع کر رہے ہیں۔ پاکستان میں سرمایہ کاری کے لیے مواقع بڑھا رہے ہیں۔

دسمبر میں ایگزون کمپنی واپس پاکستان آرہی ہے۔ ولی عہد سے ملاقات ہوئی ہے وہ پاکستان میں سرمایہ کاروں کو لا رہے ہیں ۔پاکستان میں سرمایہ کاری کیلیے ون ونڈوآپریشن کیلیے کام کر رہے ہیں۔پاکستان میں بزنس کیلیے سرمایہ کاری میں رکاوٹیں دور کرنے پر کام کر رہے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے عالمی سرمایہ کاری کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مزید کہا کہ چین نے حال ہی میں اپنے ملک میں کرپشن پر مؤثر انداز میں قابو پایا ہے۔

گذشتہ چار سالوں میں چین نے تقریباً 415 حکومتی وزیروں کو کرپشن کے جُرم میں سزا دی۔ پاکستان کو بھی انہی مسائل کا سامنا ہے کیونکہ پاکستان میں وائٹ کالر کرائم کو پکڑنا مشکل ہے۔ اس سلسلے میں ہم چین سے مدد لیں گے۔ عمران خان نے کہا کہ چین نے ملک سے غربت کے خاتمے کے لیے بھی اقدامات کیے ہیں اور ہمیں ان سے یہ دیکھنے کی ضرورت ہے جس کے لیے میں اگلے ماہ چین کا دورہ کروں گا۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے پہلے ہی اس سلسلے میں چینی حکومت سے مدد مانگ رکھی ہے۔ عمران خان نے کہا کہ سی پیک پاکستان کے لیے ایک بہت اچھا منصوبہ ہے۔ سی پیک کے لیے گوادر جیسے اقتصادی زونز کو ترقی دے رہے ہیں۔ سی پیک پاکستان کے لیے بہت اہم اقتصادی منصوبہ ہے۔ چین پاکستان کے لیے بہت بڑی مارکیٹ ہے۔ انڈس ویلی دنیا کی قدیم ترین تہذیبوں میں شامل ہے۔

افغانستان میں امن قائم ہونے کے بعد ہمارے لیے سینٹرل ایشیا کی مارکیٹ کے بھی راستے کھُل جائیں گے۔ پاکستان میں سیاحت میں سرمایہ کاری کے بہت وسیع مواقع ہیں۔ دنیا کی قدیم ترین تہذیب بھی پاکستان میں موجود ہے جو سیاحت کو فروغ دے سکتی ہے۔ موہنجودڑو اور ایسی کئی جگہیں پاکستان میں سیاحت کو فروغ دینے میں مدد کر سکتی ہیں، پشاور دنیا کے قدیم ترین شہروں میں شمار ہوتا ہے جبکہ لاہور کا شمار بھی دنیا کے قدیم شہروں میں ہوتا ہے لیکن بد قسمتی سے گذشتہ 13،14 سال سے دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑتے لڑتے سیاحت کہیں کھو گئی تھی جسے گذشتہ دو سالوں میں ہم نے ملک میں سیاحت کے تمام ریکارڈ توڑ دئے ہیں۔

پاکستان میں تانبے سمیت دیگر معدنیات اورگیس کےذخائر ہیں ، اس کے علاوہ کئی ایسے ذخائر ہیں جنہیں ابھی تلاش کرنا باقی ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں افغانستان سے دہشتگردی ہو رہی ہے۔ سکیورٹی فورسز ،انٹیلی جنس ایجنسیز کی بدولت دہشتگردی کو کافی حد تک کنٹرول کر لیا گیا ہے۔وزیراعظم عمران خان نے کہاکہ ہم آئی ٹی کے شعبے کی ترقی پر توجہ دے رہے ہیں۔

انفارمیشن ٹیکنالوجی کے شعبے میں بھی برآمدات بڑھائی جا سکتی ہیں۔ ہاوسنگ شعبے میں غریبوں کے لیے مائیکروفائنانسنگ پر کام کر رہے ہیں ۔ پاکستان میں لڑکیوں کی تعلیم پر بھرپور توجہ دینے کی ضرورت ہے۔ اسی کے پیش نظر خیبرپختونخواہ میں 5 سالوں میں ہم نے 100میں سے 70 کالج لڑکیوں کے لیے مختص کیے۔ پاکستان کو دومزید آئل ریفائنریز کی ضرورت ہےآئل ریفائنر یز کے لیے سعودی سرمایہ کاری پر بات ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نے اقتدار میں آتے ہی امن کے لیے بھارت کی طرف ہاتھ بڑھایا۔ بھارت سے امن صرف پاکستان ہی نہیں بھارت کے لیے بھی بہت اہم ہے۔پاکستان کو فی الوقت بھارت اور افغانستان کے ساتھ مسائل کا سامنا ہے ، افغانستان اور بھارت میں امن سب کے مفاد میں ہے۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں