133میں ہمارا اصل حریف (ن)لیگ ہے،پیپلز پارٹی کی آنکھ کھل گئی ،ہر سیٹ پر مقابلہ کرینگے‘ راجہ پرویز اشرف

پارلیمنٹ میں عوام کے مسائل کا حل نکالنا چاہتے ہیں مگر حکومت بحران چاہتی ہے‘ صدر پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کی پریس کانفرنس

ہفتہ 27 نومبر 2021 19:41

133میں ہمارا اصل حریف (ن)لیگ ہے،پیپلز پارٹی کی آنکھ کھل گئی ،ہر سیٹ پر مقابلہ کرینگے‘ راجہ پرویز اشرف
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 27 نومبر2021ء) پاکستان پیپلز پارٹی وسطی پنجاب کے صدر راجہ پرویز اشرف نے کہا ہے کہ این اے 133میں ہمارا اصل حریف (ن)لیگ ہے،پیپلز پارٹی کی آنکھ کھل گئی ہے ہر سیٹ پر مقابلہ کریں گے ،ووٹرز سے براہ راست رابطہ کر رہے ہیں۔وہ ماڈل ٹائون سیکرٹریٹ میں جنرل سیکرٹری حسن مرتضی ،ثمینہ پگانوالہ اور شاہدہ رحمانی کے ہمراہ پریس کانفرنس سے کر رہے تھے ۔

قبل ازیں وسطی پنجاب کے نائب صدر ایڈون سہوترا اور افنان بٹ کی طرف سے راجہ پرویز اشرف کی سالگرہ کے کیک کاٹے گئے۔۔راجہ پرویز اشرف نے کہا کہ مہنگائی اور بیروز گاری کے مارے لوگ پیپلز پارٹی سے رابطہ کر رہے ہیں ،مسلم لیگ (ن) اور پیپلپارٹی کا میثاق جمہوریت پر آج بھی اتفاق ہے مگرہم نے ہمیشہ ایک دوسرے کیخلاف الیکشن لڑا ہے،ہم عوام سے طاقت حاصل کرتے ہیں،انشا اللہ این اے 133میں بہت اچھا نتیجہ آئے گا۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کو مہنگائی پر پارلیمنٹ کااجلاس بلانا چاہیے،عوام کو اس مصیبت سے نکالنا ہم سب کا فرض ہے،ماہرین معیشت،سیاستدانوں کو مل بیٹھنا چاہیے۔ایک وزیر نے کہا تھا نوکریوں کی بارش ہو جائے گی،ایسا رویہ ٹھیک نہیں،امن وامان کی صورتحال خراب ہے،ملک خوفناک صورتحال کی طرف جا رہا ہے۔پارلیمنٹ میں عوام کے مسائل کا حل نکالنا چاہتے ہیں مگر حکومت بحران چاہتی ہے۔

حکمران شارٹ ٹرم بنیادوں پر سوچتے ہیں،حکمران اپنا رویہ تبدیل کریں،پاکستان اور اس کی سیاست کا نقصان ہو رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شدت،گالم گلوچ،ایک دوسرے کی گردن دبوچنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔مہنگائی نے ریکارڈ توڑ دئیے ہیںغیر یقینی اور افراتفری ملک کے لئے نقصان دہ ہے،دنیا میں تیل کی قیمت گر گئی ہیں،کیا عوام کو اب ریلیف ملے گا ،امید ہے وزیر اعظم تیل کی قیمت کم کریں گے ۔اللے تللوں کی تجاویز سے نہیں ملک میں ایمر جنسی لگانا پڑے گی ،مہنگائی کنٹرول سے باہر ہے،ڈالر ان کے کنٹرول میں نہیں۔یوسی 239 سے جماعت اسلامی کے موجودہ کونسلر امتیاز جٹ نے ساتھیوں سمیت پیپلزپارٹی میں شمولیت کا بھی اعلان کیا ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں