وزیراعلی مریم نوازکی زیر صدارت اجلاس، پنک راک سالٹ کی خام حالت میں برآمدپر پابندی پراتفاق

جمعرات 28 مارچ 2024 19:22

وزیراعلی مریم نوازکی زیر صدارت اجلاس، پنک راک سالٹ کی خام حالت میں برآمدپر پابندی پراتفاق
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 28 مارچ2024ء) وزیر اعلی پنجاب مریم نواز شریف کی زیر صدارت مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کے منصوبوں کا جائزہ اجلاس منعقدہواجس میں گزشتہ دور حکومت کے دوران پنک راک سالٹ کی غیر قانونی طور پر الاٹمنٹ پر کیس نیب کو بھیجنے کا فیصلہ کیا گیا۔ اجلاس میں پنک راک سالٹ کی خام حالت میں برآمد پر پابندی کی تجویز اور پنک راک سالٹ سے بہتر ریونیو حاصل کرنے کیلئے ویلیو ایڈڈ انڈسٹری لگانے کی پلاننگ پر اتفاق کیا گیا۔

وزیر اعلی مریم نواز نے پنک سالٹ کی ویلیو ایڈڈ پراڈکس پر جامع پلان مرتب کرنے کی ہدایت کی اور کہاکہ محکمہ معدنیات میں کرپشن پر قابو پانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی کا استعمال کیا جائے۔وز یراعلی مریم نوازشریف نے چنیوٹ میں خام لوہے کی مائننگ کا پراجیکٹ شروع کرنے کیلئے 7 روز میں جامع پلان طلب کرلیا اور مائنز اینڈ منرل لیبر کی فلاح و بہبود کے منصوبوں کیلئے 25 کروڑ روپے کے فنڈز کی منظوری دی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی مریم نوازشریف نے کہاکہ معدنیات کی نیلامی میں انٹرنیشنل سرمایہ کاروں کو بھی مدعو کیا جائے، ملکی ذخائر کو کوڑیوں کے بھائو فروخت نہیں ہونے دیں گے، صرف اوپن آکشن کے ذریعے نیلامی ہوگی، غیر ملکی سرمایہ کاروں کیلئے مواقع پیدا کریں گے اور فارن ڈائریکٹ انویسٹمنٹ صوبہ میں لائیں گے، مائنز اور منرلز ڈیپارٹمنٹ کی 18ڈویلپمنٹ سکیموں کیلئے فنڈز فوری فراہم کئے جائیں گے۔

وزیراعلی مریم نوازشریف نے مارگلہ ہلز سے لائم سٹون نکالنے والے ٹھیکیداروں سے 4ارب روپے کے بقایاجات کی ریکوری کیلئے فوری اقدامات کا حکم دیا اور مائنز اینڈ منرلز ڈیپارٹمنٹ کی انکم میں اضافہ کا پلان طلب کرلیا۔انہوں نے کہاکہ کان میں کام کرنے والے مزدوروں کی حفاظت کے قوانین پر محکمہ عملدرآمد یقینی بنائے۔ سینئر صوبائی وزیر مریم اورنگزیب، سابق سینیٹر پرویز رشید،صوبائی وزیر اطلاعات عظمی زاہد بخاری، وزیر معدنیات شیر علی گورچانی، سیکرٹری معدنیات،چیف سیکرٹری اور دیگر حکام نے اجلاس میں شرکت کی۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں