اتنے حساس معاملے پر ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جارہاہے ،مسترد کرتے ہیں ‘ ملک احمد خان بھچر

جنہوں نے کل تک تین سو یونٹ مفت بجلی دینی تھی انہوںنے پانچ روپے یونٹ بڑھا دیا ہے ‘ قائد حزب اختلاف پنجاب اسمبلی

جمعہ 29 مارچ 2024 11:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 مارچ2024ء) پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف احمد خان بھچر نے کہا ہے کہ اتنے حساس معاملے پر ریٹائرڈ جج کی سربراہی میں جوڈیشل کمیشن بنایا جارہاہے جسے مسترد کرتے ہیں ،یہ مذاق کے سوا کچھ نہیں ہوگا ،اس میں (ن) لیگ اور حکومت کی بدنیتی کے علاوہ کوئی وجہ نہیں ، پی ٹی آئی کو دیوار سے لگایا جا رہا ہے ،ججز کے خط کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

پنجاب اسمبلی کے احاطے میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ مصطفی رند کے کاغذات نامزدگی مسترد کروائے گئے اسے اس لئے اغوا کیا گیا کہ وہاں سے کسی شخصیت کی بیٹی الیکشن لڑ رہی ہے،نواب شاہ ان کا گڑھ ہے یہ وہاں سے بھی الیکشن لڑنے سے گھبراتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایک سابق ایم این اے کی ویڈیو آئی ہے جس میں وہ پتنگ اڑارہے ہیں لیکن ان کی گرفتاری کیلئے انتظار کیاجا رہا ہے جبکہ ہمارے معاملے پر شک پر ہمارے کارکنان کو گرفتار کیا جارہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بتایا جائے عالیہ حمزہ اور صنم جاوید کے پاس ایسے کون سے خصوصی آلات تھے جو انہوں نے لاہور اور میانوالی میں بھی واقعہ کیا، میانوالی کے مقدمہ میں بھی صنم جاوید کا نام درج کر لیا گیاہے۔ انہوںنے کہا کہ یہ لوگ گھبرائے ہوئے ہیں ،عوام پی ٹی آئی کے ساتھ ہیں اور ساتھ کھڑے رہیں گے۔انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی بالکل واضح ہے کہ جوڈیشل کمیشن پہلے ہی موجود ہے ،فل کورٹ چیف جسٹس کو بنانا چاہیے تھا، شوکت صدیقی کا سپریم کورٹ سے فیصلہ آ گیا ہے ،موجودہ صورتحال مختلف ہے گھر توڑے جا رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کسی ادارے سے کوئی ناراضگی نہیں ،سب ادارے قابل احترام ہیں ۔انہوں نے کہا کہ جو حکومت میں آئے ہیں یہ کل تک تین سو یونٹ مفت دے رہے تھے اور اب دوبارہ پانچ روپے یونٹ بجلی بڑھا رہے ہیں، حکومت کے جھوٹوں کی لمبی لائن ہے ،فارم 47کی حکومت کو بجلی کامسئلہ حل کرناچاہیے تھا، غریبوں کی تین سو یونٹ بجلی مفت کرنے کی بجائے پانچ روپے بڑھا دی گئی ہے ۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں