پی ٹی آئی نے جلسے ،فساد تو کرناہی ہے کیونکہ پاکستان کی معاشی حالت جو بہتر ہونا شروع ہوگئی ‘ طلال چوہدری

پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پہچانے اور9مئی کے حملہ آوروں کو پاکستان کی ترقی قبول نہیں ‘ سینیٹر(ن) لیگ

منگل 16 اپریل 2024 21:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2024ء) پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر طلال چوہدری نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے جلسے اور فساد تو کرنا ہی ہے کیونکہ پاکستان کی معاشی حالت جو بہتر ہونا شروع ہوگئی ہے پی ٹی آئی نے جھوٹ کی دکان اس وقت کھولی جب پاکستان میں سرمایہ کاری آ رہی ہے اور ہم خوشحالی کی طرف بڑھ رہے ہیں ۔ اپنے بیان میں انہوں نے کہا کہ پاکستان کو ڈیفالٹ کے دہانے پہچانے اور9مئی کے حملہ آوروں کو پاکستان کی ترقی قبول نہیں ،جب سی پیک اور پاکستان کی ترقی کے تاریخی منصوبوں کے لئے چینی صدرنے تشریف لانا تھا تب بھی پی ٹی آئی کا یہی رویہ تھا ،فارن فنڈنگ سے چلنے والا گروہ پھر انتشار، فساد اور معاشی عدم استحکام کے لئے متحرک ہونے کی کوشش کر رہا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ پولیس پر پٹرول بم پھینکنے اور ججوں کے خلاف ریفرنس بنانے والے آج پھر فساد پر اتر آئے ہیں کیونکہ سٹاک ایکسچینج 70 ہزار پوائنٹس سے اوپر جاچکی ہے ،پی ٹی آئی اور اس کے گھڑی چور بانی کو تکلیف ہے کہ اس کا پاکستان کی معاشی تباہی کا منصوبہ ناکام ہوگیا ،بی آر ٹی پشاور کے کرپشن کے شاہکار منصوبے کا خسارہ 6 ارب روپے تک جاچکا ہے، اس کا جواب دینا چاہیے تھا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جب آٹے اور روٹی کی قیمت کم ہورہی ہے، اس وقت مہنگائی کا رونا رونے آگئے ،ان کا یوٹرن لیڈر کہتاتھا کہ ٹماٹر پیاز کی قیمتیں چیک کرنے نہیں آیا ،نوازشریف کے دور میں جو روٹی پانچ روپے کی فروخت ہوتی تھی وہ 2018 کے بعد 25 روپے پر پہنچا دی گئی ،نوازشریف کے دور میں آٹا 35 اور چینی 52 روپے تھی جو گھڑی چور کے دور میں 100 روپے ہوا اور چینی کی قیمت میں 83 فیصد اضافہ ہوا تھا اور70 سال کا ریکارڈ ٹوٹا تھا ۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ سے آئین شکن قرار پانے والے آج آئین کے تحفظ کے نام پر ملک میں سیاسی عدم استحکام پیدا کرنے کی سازش کررہے ہیں۔

لاہور میں شائع ہونے والی مزید خبریں