پی ٹی آئی کارکن رانا ثناء اللہ کے خوف میں نہیں آئیں گے،شاہ محمود قریشی

عمران خان کو حق ملنا چاہیے کہ منشا کے مطابق ایف آئی آر درج ہو،ارشد شریف کو انصاف نہیں ملتا تو پھر کوئی بھی سچ لکھنے کی جرات نہیں کرے گا،وائس چیئرمین تحریک انصاف کا خطاب

Abdul Jabbar عبدالجبار پیر 14 نومبر 2022 17:20

منڈی بہاؤالدین ( اُردو پوائنٹ،اخبارتازہ ترین ۔ 14 نومبر2022ء ) وائس چیئرمین تحریک انصاف شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ لوگ رانا ثناء اللہ کے خوف میں نہیں آئیں گے،پی ٹی آئی کے کارکنوں کو کوئی خوفزدہ نہیں کر سکتا۔رانا ثںاء اللہ کہتا ہے کہ میں نے آنسو گیس کے شیل منگوا رکھے ہیں اور سندھ سے پولیس بلا رکھی ہے۔رانا ثناء اللہ کہتا ہے کہ میں نے بد معاشوں کی ڈیوٹیاں لگا دیں جو رکاوٹیں بنیں گے،انہوں نے رانا ثناء اللہ کو مخاطب کرکے کہا کہ وہ دیکھ لے پی ٹی آئی کارکنوں میں خوف دکھائی نہیں دیتا۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق شاہ محمود قریشی نے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب میں کہا کہ عمران خان نے لاہور سے وزیر آباد تک ایک منظر دیکھا،عمران خان نے فیصلہ کیا کہ میرا قافلہ چلتا رہے گا۔

(جاری ہے)

عمران خان نے کہا کہ جی ٹی روڈ پر میرا پیغام اور بیانیہ پہنچ گیا۔ انکا کہنا تھا کہ ہم سمجھتے ہیں کہ ہمارے ساتھ نا انصافی ہو رہی ہے،جب واردات ہوتی ہے تو قانون مدعی کو منشاء کے مطابق شکایت کا حق دیتا ہے،عمران خان کو حق ملنا چاہیے کہ منشا کے مطابق ایف آئی آر درج ہو۔

کیا قانون عمران خان کو قاتلانہ حملے کی ایف آئی آر کٹوانے کا حق دیتا ہے یا نہیں؟ وائس چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ اعظم سواتی منتخب سینیٹر ہے،اعظم سواتی کی چادر اور چار دیواری کو پامال کیا گیا،کیا قانون اسکی اجازت دیتا ہے؟ہم بہنو اور بیٹیوں والے ہیں کیا اس طرح کی تضحیک ہونی چاہیے؟ شاہ محمود قریشی کا مزید کہنا تھا کہ سچ لکھنے والے صحافی ارشد شریف کو خاموش رکھنے کیلئے دھمکیاں دی گئیں اور وہ ملک چھوڑنے پر مجبور ہو گیا۔ارشد شریف کو انصاف نہیں ملتا تو پھر کوئی بھی سچ لکھنے کی جرات نہیں کرے گا۔کیا ارشد شریف کی والدہ انصاف مانگنے پر حق بجانب ہے یا نہیں؟

منڈی بہاؤالدین میں شائع ہونے والی مزید خبریں