خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف بیان بازی پر فیصل کریم کنڈی کو گورنر کے عہدے سے نوازا گیا،بیر سٹر سیف

گورنر خیبر پختونخوا بننے پر فیصل کنڈی کا دیرینہ خواب پورا ہو جائے گا،امید ہے فیصل کریم کنڈی گورنر بننے کے بعد پی ٹی آئی کیخلاف اپنے بیان بازی سے پرہیز کرینگے ،مشیر اطلاعات کا بیان

Faisal Alvi فیصل علوی ہفتہ 4 مئی 2024 16:19

خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف بیان بازی پر فیصل کریم کنڈی کو گورنر کے عہدے سے نوازا گیا،بیر سٹر سیف
پشاور(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔04 مئی 2024 ء) خیبرپختونخواہ حکومت کے مشیر اطلاعات بیر سٹر سیف نے پیپلزپارٹی کے رہنماءفیصل کریم کنڈی کے گورنر خیبرپختونخواہ بنائے جانے پر اپنے ردعمل میں کہا ہے کہ خیبر پختونخوا حکومت کے خلاف بیان بازی پر فیصل کریم کنڈی کو گورنر کے عہدے سے نوازا گیا،گورنر خیبر پختونخوا بننے پر فیصل کنڈی کا دیرینہ خواب پورا ہو جائے گا،امید ہے فیصل کریم کنڈی گورنر بننے کے بعد پی ٹی آئی کیخلاف اپنے بیان بازی سے پرہیز کرینگے ۔

اپنے ایک بیان میں ان کا مزید کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی اور ن لیگ کے اقتدار میں بندربانٹ سے فیصل کریم کنڈی کو یہ عہدہ مل گیاہے اور وہ کچھ عرصہ سے صوبائی حکومت کیخلاف بیان بازی کرتے رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ نئے گورنر عوام کی فلاح وبہبود کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں گے، گورنر وفاق کے نمائندے کی حیثیت سے صوبائی بقایاجات پر مرکز سے بات کریں گے۔

(جاری ہے)

پاکستان پیپلز پارٹی کے نامزد گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی آج اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ اس مناسبت پر حلف برداری کی تقریب گورنر ہاﺅس پشاور میں 4 بجے شام کو منعقد ہو گی۔جس کیلئے تمام تیاریاں مکمل کرلی گئیں اورتقریب میں شرکت کیلئے پیپلزپارٹی کے رہنماﺅں سمیت دیگر شخصیات کو دعوت نامے ارسال کر دئیے گئے ہیں ۔خیال رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم شہباز شریف سے پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی تھی جس میں بلاول بھٹو کی جانب سے سردار سلیم کو گورنر پنجاب اور فیصل کریم کنڈی کو گورنر خیبرپختونخوا تعینات کرنے کی تجویز دی گئی تھی۔

اس تجویز پر وزیر اعظم نے اتفاق کر لیا تھااور دونوں گورنرز کی سمری صدر مملکت کو ارسال کرنے کی یقین دہانی کروائی تھی۔فیصل کریم کنڈی کو 2008ءمیں قومی اسمبلی کا ڈپٹی سپیکر بنایا گیا تھا اور آج کل وہ پاکستان پیپلز پارٹی کے مرکزی سیکرٹری اطلاعات کے عہدے پر ذمہ داریاں انجام دے رہے ہیں۔

پشاور میں شائع ہونے والی مزید خبریں