راولاکوٹ: ڈویژنل بار پونچھ نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کو یادداشت پیش کی

یاد داشت میں عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر کے تنازعہ کے حل سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں ا

جمعرات 20 جولائی 2023 15:33

راولا کوٹ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 جولائی2023ء) آزاد جموںوکشمیر ڈویژنل بار پونچھ نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کو ایک یادداشت پیش کی ہے جس میں عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل انتونیو گوتریس پر زور دیا گیا ہے کہ وہ کشمیریوںکو انکا پیدائشی حق، حق خودارادیت دلانے کیلئے کردار ادا کریں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق یہ یادداشت ڈویژنل بارپونچھ کے سیکرٹری جنرل سردار بلال شکیل خان ایڈووکیٹ نے اقوام متحدہ کے فوجی مبصرین گروپ کو راولاکوٹ میں پیش کی۔

19جولائی کو’’ یوم الحاق پاکستان ‘‘کے روز پیش کی جانے والی یادداشت میںکہا گیا کہ بھارت نے کشمیریوں کی خواہشات کے منافی جموںوکشمیر کے ایک بڑے حصے پر قبضہ جما رکھا ہے جس کے خلاف مقبوضہ جموںوکشمیر کے لوگ ایک طویل عرصے سے جدوجہد کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد داشت میں عالمی ادارے کے سیکرٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ جموںوکشمیر کے تنازعہ کے حل سے اپنی ذمہ داریاں پوری کریں اور اس مسئلے کو عالمی ادارے کی پاس کردہ قرار دادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے اقدامات کریں۔

سردار بلال شکیل خان ایڈووکیٹ نے اس موقع پر ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے اپنی گفتگو میں کہا کہ کشمیری قیادت نی19جولائی 1947کو جموںوکشمیر کا مستقبل مملکت خداد پاکستان کے ساتھ وابستہ کر لیا تھا ۔ انہوںنے کہا کہ سرینگر میں سردار محمد ابراہیم خان کی رہائش گاہ پر پاس کی جانے والی ’’الحاق پاکستان ‘‘کی قرارداد تحریک آزادی کشمیر کی اساس ہے۔ اس موقع پر جوائنٹ سیکرٹری بار سردار اطیب ارشاد ایڈووکیٹ اور ممبر ایگزیکٹو سردار عبید زبیر ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔

راولا کوٹ میں شائع ہونے والی مزید خبریں