فخرزمان نے بارش ہوتے ہی گراونڈ اسٹاف کیساتھ پچ پر کور بچھاکر مداحوں کے دل جیت لیے

پیر 11 ستمبر 2023 17:51

فخرزمان نے بارش ہوتے ہی گراونڈ اسٹاف کیساتھ پچ پر کور بچھاکر مداحوں کے دل جیت لیے
کولمبو (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 11 ستمبر2023ء) ایشیاکپ ون ڈے میں پاکستان اور بھارت کے میچ کے دوران بارش ہونے پر فخر زمان کی گراونڈ اسٹاف کے ہمراہ کور بچھانے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہورہی ہے۔اتوار کے روز کولمبو میں سپر فور مرحلے کے اہم میچ میں روایتی حریف پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں مدمقابل تھیں لیکن بارش ہونے کے بعد امپائرز نے کھیل 24.1 اوورز پر روک دیا۔

گراونڈ کو بارش سے بچانے کے لیے پاکستانی اوپنر فخر زمان گراونڈ اسٹاف کے ساتھ پچ پر کور بچھاتے دکھائی دیے۔فخر کی اس ویڈیو کو دنیا بھر کے کرکٹ شائقین نے پسند کیا اور اس پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے قومی کرکٹر کو سراہا۔واضح رہے کہ پاکستان کی میزبانی میں ہونے والے ایشیا کپ کے میچز ایشین کرکٹ کونسل کے صدر اور بھارتی کرکٹ بورڈ کے سیکرٹری جے شاہ کی ہٹ دھرمی کے باعث سری لنکا منتقل ہوئے جو بارش کے باعث بری طرح متاثر ہو رہے ہیں۔

(جاری ہے)

ایشیا کپ میں پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا گیا پہلا میچ بھی بارش کی نذر ہو گیا تھا جس کے باعث دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیا گیا۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے سری لنکن محکمہ موسمیات کی جانب سے مسلسل بارش کی پیشگوئی کے باعث ایشیا کپ کے میچز کولمبو سے ہمبن ٹوٹا منتقل کرنے کی تجویز پیش کی لیکن ایشین کرکٹ کونسل نے لاجسٹک حکام کی حامی کے باوجود ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے وینیو تبدیل کرنے سے انکار کر دیا۔تاہم پی سی بی کے تحفظات کے باعث یہ ضرور ہوا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان ہونے والے میچ کا ریزور ڈے رکھ دیا گیا۔

صادق آباد میں شائع ہونے والی مزید خبریں