سٹیو سمتھ کی جگہ آندرے رسل ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے

اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی اپنے سکواڈز کےلئے اکیسویں پلیئر کا اعلان بعد میں کریں گے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب جمعرات 24 جنوری 2019 16:10

سٹیو سمتھ کی جگہ آندرے رسل ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔24 جنوری2019ء) پی ایس ایل ڈرافٹ میں ملتان سلطانز نے ان فٹ آسٹریلوی کرکٹر سٹیوسمتھ کی جگہ آندرے رسل کو منتخب کرلیا۔بنگلا دیش پریمیئر لیگ کے دوران انجری کا شکار ہونے والے سابق آسٹریلوی کپتان سٹیو سمتھ کی خدمات سے محروم ہونے کے بعد ان کا خلا ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر سے پر کیا گیا ہے، ملتان سلطانز نے جو ڈینلی کی جگہ جیمز ونس کو لیا ہے، ویسٹ انڈین آل راﺅنڈر ڈیوائن براوو نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرزکو تاخیر سے 27 فروری کو جوائن کرنا ہے۔

پشاور زلمی نے افغان کرکٹر وقار سلمان خیل کی جگہ ویسٹ انڈین بیٹسمین آندرے فلیچر کو لیا ہے، لاہور قلندرز نے جنوبی افریقہ کے ہارڈس ولجوئین اور ڈیوڈ ویز کو لیا ہے جو اے بی ڈی ویلیئرز، کارلوس بریتھ ویٹ اور کورے اینڈرسن کی رخصتی کے بعد دستیاب ہوں گے۔

(جاری ہے)

ملتان سلطانز نے 21ویں کھلاڑی کے طور پر آل راﺅنڈر حماد اعظم کو منتخب کیا ہے، لاہور قلندرز نے مڈل آرڈر بیٹسمین سعد علی کا انتخاب کیا،فاسٹ باﺅلر محمد عرفان جونیئر کوئٹہ گلیڈی ایٹرز جب کہ عمر خان کراچی کنگز کے سکواڈ میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے،موجودہ پی ایس ایل چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور پشاور زلمی اپنے سکواڈز کے لئے اکیسویں پلیئر کا اعلان بعد میں کریں گے۔

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگا، لیگ کا فائنل 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی، لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائیگی۔ اب تک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار لیگ جیت چکی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14فروری کو دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فائنل سمیت کل 34 میچز کھیلے جائیں گے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں کھیلے جائینگے۔ لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائینگے۔

نیشنل سٹیڈیم کراچی میں پہلا میچ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں ہوگا جبکہ لاہور میں پہلامیچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔ پاکستان میں کھیلے جانے والے 8 میچز کے علاوہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 14میچز اور چار میچز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائینگے۔ شیدول کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کرنے والی تمام ٹیمیں ہر ٹیم کےساتھ دو دو میچز کھیلیں گی۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، زمبابوے کے برینڈن ٹیلرسمیت 19کھلاڑی پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا جو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 24/01/2019 - 16:10:54

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :