ملتان سلطانز نے ایک اور آسٹریلوی کرکٹر کو سکواڈ میں شامل کرلیا

افغان لیگ سپنر قیس احمد کی جگہ آف سپنر کرس گرین ملتان سلطانز کا حصہ بن گئے

Zeeshan Mehtab ذیشان مہتاب پیر 11 فروری 2019 16:37

ملتان سلطانز نے ایک اور آسٹریلوی کرکٹر کو سکواڈ میں شامل کرلیا
لاہور(اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔11فروری2019ء) پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) کی فرنچائز ملتان سلطانز نے لیگ کے چوتھے ایڈیشن کے لیے قیس احمد کی جگہ آسٹریلیا کے قیس احمد کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا۔ملتان سلطانز نے گزشتہ سال منعقدہ ڈرافٹ کے دوران افغان لیگ سپنر قیس احمد کو سکواڈ کا حصہ بنایا تھا لیکن کچھ وجوہات کے سبب وہ پی ایس ایل 4کےلئے دستیاب نہیں ہوں گے۔

ملتان سلطانز نے قیس کی عدم دستیابی کو دیکھتے ہوئے ان کے متبادل کا اعلان کردیا ہے اور جنوبی افریقی نژاد آسٹریلین کرکٹر کرس گرین کو سکواڈ کا حصہ بنا لیا ہے۔پی ایس ایل کی سلور کیٹیگری میں شامل کرس گرین 52 ٹی ٹونٹی میچوں میں 374 رنز بنانے کےساتھ ساتھ 40 وکٹیں لینے کا بھی اعزاز رکھتے ہیں۔وہ آسٹریلیا کی بگ بیش لیگ میں سڈنی تھنڈرز کی نمائندگی کر رہے تھے لیکن تھنڈرز کے لیگ سے جلد اخراج کی بدولت اب وہ ملتان سلطانز کو پورے ایڈیشن کے لیے دستیاب ہوں گے،کرس گرین اس سے قبل لاہور قلندرز کی بھی نمائندگی کر چکے ہیں۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے زیر اہتمام پاکستان سپر لیگ کا چوتھا ایڈیشن 14 فروری سے یو اے ای اور پاکستان میں شروع ہوگا، لیگ کا فائنل 17مارچ کو کراچی میں کھیلا جائیگا، لیگ میں 6 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کیلئے پنجہ آزمائی کرینگی، لیگ راﺅنڈ روبن فارمیٹ کے تحت کھیلی جائیگی۔ ابتک اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم دو دفعہ اور پشاور زلمی کی ٹیم ایک بار لیگ جیت چکی ہے۔

پاکستان سپر لیگ کا افتتاحی میچ 14فروری کو دفاعی چمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ اور لاہور قلندرز ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائیگا۔ پی ایس ایل کے چوتھے ایڈیشن میں فائنل سمیت کل 34 میچز کھیلے جائینگے جس میں سے آخری 8 میچز پاکستان کے شہروں لاہور اور کراچی میں کھیلے جائینگے۔ لاہور میں 3 میچز جبکہ فائنل سمیت پانچ میچز کراچی میں کھیلے جائینگے۔

نیشنل سٹیڈیم، کراچی میں پہلا میچ 7 مارچ کو کراچی کنگز اور پشاور زلمی کے مابین فلڈ لائٹس میں ہوگا جبکہ لاہور میں پہلامیچ 9 مارچ کو لاہور قلندر اور اسلام آباد یونائیٹڈ کے مابین کھیلا جائیگا۔ پاکستان میں کھیلے جانےوالے 8 میچز کے علاوہ دبئی انٹرنیشنل سٹیڈیم میں 14میچز اور چار میچز شیخ زید سٹیڈیم ابوظہبی میں کھیلے جائینگے۔ شیدول کے مطابق پی ایس ایل میں شرکت کرنےوالی تمام ٹیمیں ہر ٹیم کےساتھ دو دو میچز کھیلیں گی۔ جنوبی افریقہ کے اے بی ڈی ویلیئرز، زمبابوے کے برینڈن ٹیلرسمیت 19کھلاڑی پہلی بار پی ایس ایل میں ایکشن میں نظر آئینگے۔ پاکستان سپر لیگ کے چوتھے ایڈیشن کا فائنل میچ 17 مارچ کو کھیلا جائیگا جو نیشنل کرکٹ سٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائیگا۔
وقت اشاعت : 11/02/2019 - 16:37:01

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :