پی سی بی پوڈ کاسٹ کے خصوصی ایڈیشن میں بابر، سرفراز اور شاہین شامل

جمعرات 2 فروری 2023 18:25

پی سی بی پوڈ کاسٹ کے خصوصی ایڈیشن میں بابر، سرفراز اور شاہین شامل
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 02 فروری2023ء) پی سی بی پوڈ کاسٹ کے خصوصی ایڈیشن میں بابراعظم، سرفرازاحمد اور شاہین شاہ آفریدی شامل ہیں، تینوں کپتانوں نے اپنے گذشتہ ایچ بی ایل پی ایس ایل کے تجربات کی روشنی میں آٹھویں ایڈیشن کے متعلق جائزہ پیس کیا ہے۔ آٹھویں ایڈیشن کا آغاز 13فروری کو ملتان میں ہوگا۔ پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) سے جمعرات کو جاری پی سی بی پوڈ کاسٹ کے 43ویں ایڈیشن میں پشاور زلمی کے نئے کپتان بابر اعظم، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان سرفراز احمد اور گزشتہ سال لاہور قلندرز کو پہلا ٹائٹل جیتوانے والے شاہین آفریدی شامل ہیں۔

تینوں چیمپئن کرکٹرز نے گزشتہ ایونٹس پراپنے مشاہدے کی روشنی میں پی ایس ایل کے آٹھویں ایڈیشن کے بارے میں جائزہ پیش کیا ہے جو 13 فروری سے 19مارچ تک کراچی، لاہور، ملتان اور راولپنڈی میں کھیلا جائے گا۔

(جاری ہے)

2021کی چیمپئن ملتان سلطانز 13فروری کو افتتاحی میچ میں چیمپئن لاہور قلندرز کی میزبانی کرے گی جبکہ پشاور زلمی کراچی میں 14 فروری کو کراچی کنگز سے مقابلہ کرے گی۔

ٹورنامنٹ کی تاریخ میں سب سے زیادہ رنز (2,413) بنا نے والے بابر اعظم نے کہا ہے کہ ہر ایچ بی ایل پی ایس ایل ایڈیشن اپنی مسابقتی نوعیت کی وجہ سے میرے لیے انتہائی دلچسپ ہوتا ہے، ہر سال ایک مختلف چیلنج ہوتا ہے کیونکہ وہ کھلاڑی جن کے ساتھ آپ سارا سال پاکستان کے ڈریسنگ روم میں شریک ہوتے ہیں وہ آپ کے مخالف بن جاتے ہیں۔ایک نئی فرنچائز اور ایچ بی ایل پی ایس ایل کا ایک نیا سیزن میرے لیے مزید اہمیت رکھتا ہے اور میں اس سفر میں ایک اچھی شروعات کرنے کا منتظر ہوں۔

اسلام آباد یونائیٹڈ کے ساتھ ایک سیزن اور کراچی کنگز کے ساتھ 6 سیزن کے دوران مختلف کھلاڑیوں کے ساتھ ڈریسنگ روم کا اشتراک کرنے سے مجھے بہت مدد ملی۔ جب آپ دوسرے کھلاڑیوں کے ساتھ بات چیت کرتے ہیں، ان کی ذہنیت، تربیت اور مختلف حالات سے نمٹنے کے طریقے کے بارے میں جانتے ہیں تو آپ بہت کچھ سیکھتے ہیں۔ میرے لیے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں سنچری سکور کرنا ایک خواب ہے کیونکہ میرے پاس پہلے ہی دو ٹی 20 سنچریاں ہیں۔

میں اس ایچ بی ایل پی ایس ایل میں تھری فگر کا نشان حاصل کرنے کے بارے میں مثبت ہوں اور امید کرتا ہوں کہ بڑے سکور کے لیے جلد ہی صحیح وقت آئے گا۔ تمام سیزن میں اپنی فرنچائز کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی کپتانی کرنے والے واحد کھلاڑی سرفرز احمد نے کہا کہ ایچ بی ایل پی ایس ایل نے پاکستان میں کرکٹ کی ترقی میں بہت اہم کردار ادا کیا ہے۔ اس نے ہمارے کھلاڑیوں کو ایکسپوزر فراہم کیا ہے اور انہوں نے کیمرہ اور ہجوم کے دبائو کو ہینڈل کرنے کا طریقہ سیکھا ہے، جو ایک بین الاقوامی کرکٹر کے طور پر بڑھنے کے لیے بہت ضروری ہے۔

چونکہ ایچ بی ایل پی ایس ایل ایک بڑا برانڈ ہے، ہر کوئی اس میں کھیلنا چاہتا ہے اور دنیا بھر سے ٹاپ کھلاڑی اس میں شامل ہوتے ہیں، ہر کوئی ان کرکٹرز کو نوٹ کرتا ہے جو کارکردگی دکھاتے ہیں۔ آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی 2017کی فاتح ٹیم میں وہ کھلاڑی تھے جنہوں نے ایچ بی ایل پی ایس ایل میں اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا۔ فخر زمان، حسن علی، فہیم اشرف، شاداب خان یا رومان رئیس ہوں،یہ کھلاڑی ڈومیسٹک کرکٹ میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کر رہے تھے اور پی ایس ایل فرنچائزز نے انہیں منتخب کیا۔

ایچ بی ایل پی ایس ایل میں ان کی شاندار کارکردگی نے انہیں قومی ٹیم میں جگہ دی۔لہذا ملک میں کرکٹ کی ترقی میں لیگ کا کردار بہت زیادہ ہے۔ لاہور قلندرز کی قیادت میں تبدیلی کے ساتھ ہی ان کی قسمت میں بڑی تبدیلی آئی۔ قلندرز نے سپیڈسٹار شاہین آفریدی کی کپتانی میں ملتان سلطانز کو ہوم گرائونڈ قذافی سٹیڈیم میں کھچا کھچ بھرے ہجوم کے سامنے شکست دے کر اپنا پہلا ٹائٹل اپنے نام کیا۔

ٹورنامنٹ کی تاریخ میں تیسری سب سے زیادہ 20.77پر 70وکٹیں حاصل کرنے والے شاہین آفریدی نے کہا کہ ایک کپتان کے طور پر میں صرف میدان میں موجود لوگوں کے بارے میں نہیں سوچتابلکہ ان کے بارے میں بھی سوچتا ہوں جو بینچ پر بیٹھے ہیں۔ آپ کو ٹیم میں ہر ایک کھلاڑی کو ساتھ لے کر چلنا ہوتا ہے اور ہر کسی کے ساتھ یکساں اور میچ ونر کے طور پر پیش آنا ہوتا ہے، چاہے اس کی سنیارٹی کچھ بھی ہو۔

قیادت کا سب سے اہم پہلو دبائو کو سنبھالنا ہے،مجھے دبائو کو سنبھالنے اور اپنی فیصلہ سازی کے ساتھ اچھے ہونے کی ضرورت ہے، کیونکہ اگر میں نے دبائو کو بڑھنے دیا تو میری ٹیم ٹوٹ جائے گی۔ جب بھی میں میدان میں اترتا ہوں سامنے سے قیادت کرنے کی کوشش کرتا ہوں اورضروری سمجھتا ہوں کہ خودبھی بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کروں کیونکہ اس سے میرے کھلاڑیوں میں اچھی کارکردگی دکھانے کا جذبہ پیدا ہوگا۔
وقت اشاعت : 02/02/2023 - 18:25:58

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :