محسن نقوی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی چیلنج

اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا

Sajid Ali ساجد علی منگل 5 مارچ 2024 11:05

محسن نقوی کی بطور چیئرمین پی سی بی تعیناتی چیلنج
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 05 مارچ 2024ء ) سابق نگران وزیراعلیٰ پنجاب محسن نقوی کی بطور چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ تعیناتی اسلام آباد ہائی کورٹ میں چیلنج کردی گئی، اس حوالے سے اسلام آباد ہائی کورٹ نے درخواست قابل سماعت ہونے پر فیصلہ محفوظ کرلیا۔ تفصیلات کے مطابق درخواست کی سماعت اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے کی، اس موقع پر انہوں نے ریمارکس دیتے ہوئے درخواستگزار سے استفسار کیا کہ ’آپ کیوں کہہ رہے ہیں کہ تعیناتی غلط ہوئی ہے؟‘، اس کے جواب میں وکیل درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ ’آئین کے مطابق منتخب اور نگران وزیراعظم میں فرق ہے، نگران وزیراعظم پاکستان کرکٹ بورڈ کا پیٹرن نہیں ہو سکتا اور چیئرمین پی سی بی کی تعیناتی کا اختیار بطور پیٹرن منتخب وزیراعظم کے پاس ہے‘۔

(جاری ہے)

اس موقع پر چیف جسٹس عامر فاروق نے کہا کہ ’تو آپ کہہ رہے ہیں کہ ’نگران وزیراعظم کے پاس یہ اختیار نہیں تھا، میرے آرڈر کا انتظار کریں‘، اس دوران آرڈر لکھواتے وقت درخواست گزار کے وکیل کے بولنے پر چیف جسٹس عامر فاروق نے اظہار برہمی کیا اور کہا کہ ’آپ آرڈر لکھوانے کے دوران بول رہے ہیں تو میں نہیں لکھواتا‘۔ خیال رہے کہ نگران وزیر اعلی پنجاب محسن نقوی پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی ) کے نئے چیئرمین منتخب ہوئے ہیں، محسن نقوی بلا مقابلہ پاکستان کرکٹ بورڈ کے 37 ویں چیئرمین منتخب ہوئے، الیکشن کمشنر پی سی بی شاہ خاور نے نئے چیئرمین پی سی بی کا اعلان کیا، اس حوالے سے پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس منگل بروز 6 فروری پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 2 بجے نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں ہوا، پی سی بی گورننگ بورڈ کا خصوصی اجلاس الیکشن کمشنر شاہ خاور نے طلب کیا تھا۔

بتایا جارہا ہے کہ گورننگ بورڈ میں پیٹرن کے دو نمائندے محسن نقوی اور مصطفیٰ رمدے کو شامل کیا گیا، ان کے علاوہ آزاد جموں کشمیر، ڈیرہ مرآد جمالی، لاڑکانہ، بہاولپور، سوئی ناردرن گیس، غنی گلاس، اسٹیٹ بینک اور پی ٹی وی گورننگ بورڈ کا حصہ ہیں، اجلاس میں وزارت بین الصوبائی رابطہ کے سیکرٹری یا کوئی اور نمائندے نان ووٹنگ ممبر کی حیثیت سے شریک ہوئے اور اسی اجلاس میں محسن نقوی کو 3 سال کے لیے پاکستان کرکٹ بورڈ کا اگلا سربراہ مقرر کیا گیا۔
وقت اشاعت : 05/03/2024 - 11:05:44

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :