کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 9 میں سب سے بدترین نیٹ رن ریٹ والی ٹیم بن گئی

پلے آف مرحلے تک رسائی کے باوجود کوئٹہ کا نیٹ رن ریٹ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز سے بھی بدترین رہا

muhammad ali محمد علی بدھ 13 مارچ 2024 00:33

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 9 میں سب سے بدترین نیٹ رن ریٹ والی ٹیم بن گئی
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 12 مارچ 2024ء) کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پی ایس ایل 9 میں سب سے بدترین نیٹ رن ریٹ والی ٹیم بن گئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ 9 کا میلہ اب اپنے دوسرے اور آخری مرحلے میں داخل ہونے کے قریب ہے۔ کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں منگل کی شب کو پی ایس ایل 9 کے گروپ مرحلے کا اختتام ہو گیا۔ ملتان سلطانز شاندار فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلے نمبر پر براجمان ہو گئی، جبکہ شکست کے باوجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز بھی پلے آف مرحلے تک پہنچ گئی۔

گروپ مرحلے میں 5 فتوحات کے باعث کوئٹہ گلیڈی ایٹرز پلے آف مرحلے تک پہنچ گئی، تاہم پلے آف مرحلے تک رسائی کے باوجود کوئٹہ کا نیٹ رن ریٹ کراچی کنگز اور لاہور قلندرز سے بھی بدترین رہا۔ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھے نمبر پر موجود کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا نیٹ رن ریٹ منفی 0 عشاریہ 9 ہے، جبکہ پلے آف مرحلے تک رسائی حاصل کرنے میں ناکام رہنے والی کراچی کنگز کا نیٹ رن ریٹ منفی 0 عشاریہ 2 اور لاہور قلندرز کو نیٹ رن ریٹ منفی 0 عشاریہ 5 رہا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے والی ٹیم کا فیصلہ ہو گیا، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو باآسانی زیر کرنے کے بعد ملتان سلطانز گروپ مرحلے کے اختتام پر سب سے زیادہ پوائنٹس حاصل کرنے والی ٹیم بن گئی۔ پوائنٹس ٹیبل پر ملتان سلطانز نے پہلی جبکہ پشاور زلمی نے دوسری پوزیشن حاصل کی ہے، یوں دونوں ٹیموں کے پاس پلے آف مرحلے میں کوالی فائر میں شکست کے باوجود فائنل تک رسائی کیلئے ایک مزید موقع موجود ہو گا۔

جبکہ پوائنٹس ٹیبل پر تیسرے اور چوتھے نمبر پر موجود اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فائنل تک رسائی کیلئے 2 ایلی مینیٹرز میں فتح حاصل کرنا ہو گی، ایک بھی ایلیمینیٹر میں شکست فائنل تک رسائی کا خواب چکنا چور کر دے گی۔ واضح رہے کہ پی ایس ایل 9 کے گروپ مرحلے کے اختتام پر ملتان سلطانز کے گیند بازوں نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو روند ڈالا، 186 رنز کے ہدف کے تعاقب میں کوئٹہ کی ٹیم محض 106 رنز پر ڈھیر ہو گئی پاکستان سپر لیگ 9 کا 30 واں اور آخری گروپ میچ ملتان سلطانز اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے درمیان کھیلا گیا۔

دونوں ٹیمیں اپنے آخری گروپ میچ میں فتح حاصل کر کے پوائنٹس ٹیبل پر پہلی پوزیشن حاصل کرنے کی خواہاں تھیں۔ رواں ٹورنامنٹ کے آخری گروپ میچ کا ٹاس کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے کپتان نے جیتا اور پہلے فیلڈنگ کرنے کو ترجیح دی۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی دعوت پر ملتان سلطانز نے کپتان محمد رضوان کی ذمے دارانہ نصف سینچری اور اننگ کے آخری 5 اوورز میں جارحانہ بلے باز کی بدولت مقررہ 20 اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز بنائے۔

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے محمد عامر 2 وکٹیں حاصل کر کے نمایاں رہے، تاہم انہیں بھی 4 اوورز میں 40 رنز پڑے۔ یاد رہے کہ دونوں ٹیمیں پلے آف مرحلے کیلئے کوالیفائی کر چکی ہیں۔ ایونٹ میں 7 میچز جیت کر ملتان سلطانز 14 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر ہے جبکہ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا 11 پوائنٹس کے ساتھ پوائنٹس ٹیبل پر چوتھا نمبر ہے۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم ملتان سلطانز پوائنٹ ٹیبل پر پہلی پوزیشن پر آگئی۔
وقت اشاعت : 13/03/2024 - 00:33:34

مزید متعلقہ خبریں پڑھئیے‎ :