12 فروری پانی بچانے والوں کا یومِ اپیل‎

پنجاب کے یہ 1362 واٹر مینجمنٹ ملازمین 12 فروری کو یوم اپیل کے طور پر منا رہے ہیں۔ اس سلسلے میں حکام بالا سے اپیل ہے کہ ان کی استدعا پر توجہ دی جائے۔

Nadeem Razzaq Khohara ندیم رزاق کھوہارا پیر 10 فروری 2020

12 February Paani Bachane Waloon Ka Youm e Appeal
وطن عزیز پاکستان میں دستیاب پانی کا تقریباً 70 فی صد زرعی پانی کے لیے استعمال کیا جاتا ہے۔ لیکن افسوسناک امر یہ ہے کہ اس 70 فی صد کا نصف سے زائد حصہ پانی کو فصلوں تک پہنچانے والے چینلز یعنی کھالہ جات کے خستہ حال ہونے کے باعث ضائع ہو جاتا ہے۔ اسی بات کو مدنظر رکھتے ہوئے دنیا بھر میں یہ وطیرہ ہے کہ ان چینلز کو پختہ تعمیر کیا جائے۔


اس حوالے سے سابق صدر پرویز مشرف کے دور میں ملک بھر کے کھالوں کو 30 فی صد تک پختہ کرنے کے لیے قومی پروگرام برائے اصلاح کھالہ جات شروع کیا گیا۔ اس پروگرام کی افادیت کو ورلڈ بینک سمیت کئی عالمی اداروں نے تسلیم کیا۔ تاہم تیس فی صد پختگی بہت کم تھی۔ بین الاقوامی آبی ماہرین کی رائے میں کسی بھی آبی چینل کی کم از کم 60 فی صد پختگی سے اسے پانی کی کامیاب ترسیل کے قابل بنایا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اسی اصول کو مدنظر رکھتے ہوئے موجودہ تحریکِ انصاف کی حکومت نے برسرِ اقتدار آتے ہی قومی پروگرام برائے اصلاح کھالہ جات فیز 2 کا اعلان کیا ہے۔ جس کے تحت ملک بھر کے تمام کھالہ جات کو 50 فی صد تک پختہ کیا جائے گا۔ نیز اس کے ساتھ زرعی زمینوں کی ہمواری بذریعہ لیزر کے لیے لیزر لینڈ لیولرز کی رعایتی نرخوں پر فراہمی اور بارش کے پانی کو ذخیرہ کر کے بعد میں قابلِ استعمال بنانے کے حوالے سے بھی کام کیا جائے گا۔


یہاں یہ بات قابلِ ذکر ہے کہ یہ تمام کام واٹر مینجمنٹ کے وہی ملازمین سر انجام دیں گے جنہیں 2005 میں پروگرام کے فیز اول کے تحت بھرتی کیا گیا تھا۔ یہ ملازمین پندرہ سالوں سے پانی بچانے کے منصوبوں بشمول قطرہ قطرہ نظام ہائے آبپاشی پر کام کر رہے ہیں۔ لیکن قابل افسوس امر یہ ہے کہ پندرہ سال گذرنے کے باوجود انہیں نہ تو مستقل کیا گیا ہے نہ ہی اپگریڈ کیا گیا۔

دریں اثناء فیز اول کے تحت بھرتی ہونے والے پاکستان کے دیگر صوبوں کے تمام ملازمین مستقل ہو چکے ہیں۔ لیکن پنجاب کے پراجیکٹ ملازمین تاحال مستقلی سے محروم ہیں۔ الٹا ان میں سے سینکڑوں ملازمین کو کچھ عرصہ پہلے بغیر وجہ بتائے نوکریوں سے فارغ کر دیا گیا۔ جو کہ انصاف کے لیے دربدر بھٹک رہے ہیں۔
معزز قارئین یہ تو آپ کے علم میں ہے کہ پانی بچانے کا کام ایک پراجیکٹ کا مرہون منت نہیں بلکہ ہمیشہ جاری رہنے والا کام ہے۔

اس لیے اس پر کام کرنے والے پندرہ سالہ تجربہ کے حامل ملازمین جن پر حکومت نے ٹریننگ کی مد میں بھی کثیر سرمایہ صرف کیا ہے انہیں کیوں نہیں مستقل کر کے مستقبل کی فکر سے آزاد کر دیا جاتا تا کہ احتجاج کی بجائے وہ اپنی تمام تر توجہ پانی بچانے کے منصوبوں پر صرف کر سکیں۔
پنجاب کے یہ 1362 واٹر مینجمنٹ ملازمین 12 فروری کو یوم اپیل کے طور پر منا رہے ہیں۔

اس سلسلے میں حکام بالا سے اپیل ہے کہ ان کی استدعا پر توجہ دی جائے۔ ان کے مسائل حل کیے جائیں۔ خصوصاً جناب عزت مآب چیف جسٹس سپریم کورٹ آف پاکستان جناب جسٹس گلزار احمد صاحب سے خصوصی توجہ کی اپیل ہے۔ منصفِ اعلی ہونے کے ناطے جناب جسٹس پاکستان کے تمام شہریوں کے لیے یکساں حقوق کے ضامن ہیں۔ اس لیے پاکستان کے دیگر صوبوں کی طرح پنجاب کے واٹر مینجمنٹ ملازمین کو بھی مستقل کیا جائے۔
کرو مہربانی تم اہلِ زمیں پر
خدا مہرباں ہو گا عرشِ بریں پر

ادارہ اردوپوائنٹ کا مضمون نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

متعلقہ مضامین :

12 February Paani Bachane Waloon Ka Youm e Appeal is a Special Articles article, and listed in the articles section of the site. It was published on 10 February 2020 and is famous in Special Articles category. Stay up to date with latest issues and happenings around the world with UrduPoint articles.