تیر و ترکش

بدھ 17 جولائی 2019

Khama Badast K Qalaam Se

خامہ بدست کے قلم سے

#اسٹاک مارکیٹ میں شدید مندی، ڈالر 160 روپے سے اوپر، سونا بھی مہنگا، اقتصادی نمو خاصی سست، مہنگائی میں مسلسل اضافہ، اسٹیٹ بینک کی رپورٹ
اس رپورٹ کے باوجود ’انصافی‘ جادوگروں کا کہنا ہے کہ معیشت استحکام کی طرف گامزن ہے۔
#کراچی میں جلد بڑے منصوبے کا سنگِ بنیاد رکھیں گے، فیصل واوٴڈا
اس منصوبے کو پورا کون کرے گا؟ یہ نہیں بتایا واوٴڈا صاحب نے۔


#ن لیگ کا مشاورتی اجلاس، 32 میں سے 19 سینیٹر حاضر، باقی کدھر؟
نئی فصلوں کی جانکاری لینے گئے ہوں گے باقی سینیٹر، محکمہ زراعت والوں سے۔
#پوزیشن ہولڈر طالب علموں کے لیے تقریب، مہمان خصوصی میٹرک فیل۔
تبدیلی آگئی ہے!
#جماعتِ اسلامی کی سیاسی ساکھ ہمیشہ مستحکم رہی، امیرالعظیم
ووٹ مگر دوسروں کو ملتے رہے۔

(جاری ہے)


#ہاوٴسنگ اسکیم سے 40 صنعتوں کا پہیہ چلنا شروع ہوجائے گا، وزیر اعظم
وزیراعظم صاحب کے اس بیان سے پتا چلتا ہے کہ فی الحال 40 صنعتوں کا پہیہ جام ہے۔


#حادثات کا ذمہ دار میں ہوں، ضمیر پر بوجھ ہوا تو استعفاء دے دوں گا، شیخ رشیداحمد
شیخ صاحب! کتنے حادثات اور اموات کے بعد آپ کے ضمیر پر بوجھ آئے گا؟
#صادق سنجرانی کو ہٹانے کے لیے ہمارے پاس نمبر پورے ہیں، عظمیٰ بخاری صوبائی سیکریٹری اطلاعات ن لیگ
نمبر پورے یا ادھورے ہونے کی بات نہیں میڈم! سنجرانی صاحب کو جو اعتماد حاصل ہے آپ اس سے تہی دامن ہیں فی الحال۔


#ٹاک شوز، میڈیا میں ن لیگ اور پی پی کو رگڑا لگانے کا کوئی موقع ضایع نہ کریں، وزیراعظم کی حکومتی ترجمانوں کو ہدایت۔
زمانے کے چلن بدل گئے کہ اب ایسے احکام کو بھی ’ہدایت‘ کہا جاتا ہے۔
#صادق آباد ٹرین حادثے میں مرنے والوں کی تعداد 25 ہوگئی، 10 ماہ میں 79 واں حادثہ تھا۔
لیکن وزیر ریلوے کے ضمیر پر بوجھ کے لیے ناکافی ہیں یہ حادثات اور اموات۔


#حکومت خود گر رہی ہے، ہمیں احتجاج کی ضرورت نہیں، کیپٹن (ر) صفدراعوان
یہ اچھا طریقہ ہے احتجاج سے بچاوٴ کا۔
#جھوٹوں کی حکومت نہیں چل سکتی، رانا تنویر حسین نائب صدر ن لیگ
یہ سب کتابی اور اپنے دل کو سمجھانے کی باتیں ہیں رانا صاحب!
#حکومتی رویوں نے اپوزیشن کو اکٹھا کردیا، سراج الحق
لیکن چیئرمین سینیٹ کے معاملے میں جماعت اسلامی نے پھر بھی غیرجانب دار رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔


#بلاول سیاسی ڈرامے بازی بند کریں، ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان
کیونکہ ہدایت کاروں نے یہ کام اب ہمیں سونپ دیا ہے۔
#ٹیکسوں سے تاجر، کسان، مزدور سب پریشان ہیں، سید یوسف رضاگیلانی
آپ تاجر ہیں نہ مزدورنہ کسان، پھر آپ کو کیا پریشانی ہے مرشد؟!
#پاکستان نے بین الپارلیمانی کرکٹ ورلڈ کپ جیت لیا۔
وہی بات کہ اپنے کام کی بجائے ہر کام کرنے کے ماہر ہیں ہم۔


#جج ویڈیو اسکینڈل، ہمیں مزید کچھ نہیں کہنا، شاہد خاقان عباسی
ماضی بتاتا ہے کہ آپ اس بیان پر تادیر قائم نہیں رہ سکتے۔
#حکمران ختم نبوت سے متعلق طے شدہ معاملات کو نہ چھیڑیں، عالمی مجلس تحفظ ختمِ نبوت
ورنہ خود چھڑ جائیں گے ایسا کرنے والے۔
#جج ارشد ملک کو عہدے سے ہٹا دیا گیا۔
اس کا مطلب دال میں کچھ کالا ہے یا دال ہی کالی ہے۔


#آٹے پر ٹیکس نہیں لگا، روٹی مہنگی کرنے سے حکومت کا کوئی تعلق نہیں، چیئرمین ایف بی آر
بجلی، گیس، زرعی دواوٴں، کھاد، باردانہ، ڈیزل ، چکی سب پر ٹیکس بڑھاکر آٹے پر ٹیکس نہ بھی لگے تو روٹی کے مہنگا ہونے سے حکومت کا تعلق کسی کو سمجھ نہ آئے تو اس کی سمجھ دانی پر آفرین ہے۔
#سابق دور کی جھوٹی سیاست ہمیشہ کے لیے دفن کردی، فیاض الحسن چوہان
جی ہاں! اب آپ کی سیاست کا دور ہے، اللہ عوام کے حال پر رحم کرے۔


#بلوچستان سے نیب کا جعلی افسر گرفتار، لوگوں سے لاکھوں لوٹنے کا اعتراف۔
کبھی اصلی پکڑے گئے تو لاکھوں نہیں ……سمجھ تو آپ گئے ہوں گے۔
#نچلی عدالتوں میں بہت زیادہ ناانصافی ہے، سپریم کورٹ مداخلت کا سوچ سکتی ہے، چیف جسٹس
مٹ جائے گی مخلوقِ خدا تب انصاف کروگے۔
#ملی یکجہتی کونسل کا ملک گیر تحریکِ ریاست مدینہ چلانے کا فیصلہ۔


اگر کونسل اپنے بنیادی مقاصد پر قائم رہتی تو ایسی تحریک کی ضرورت ہی نہ پڑتی۔
#حکومت گرانا نہیں چاہتے، خواجہ سعد رفیق
اب ایسے بیانات (یقین دہانیوں) کا کیا فائدہ خواجہ صاحب؟!
#چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریکِ اعتماد میں کسی شخصیت نہیں ادارے کے ساتھ کھڑے ہیں، مشیر برائے اطلاعات
سینیٹ وہ ادارہ نہیں محترمہ جس کے ساتھ کھڑا ہونے کی ڈیوٹی آپ کودی گئی ہے۔


#کراچی ایئرپورٹ،ڈھائی کروڑ کی کوکین برآمد، غیرملکی گرفتار
لگتا ہے غیرملکی کی گرفتاری کوکین لانے پر نہیں، بلکہ اسلام آباد کی بجائے کراچی اترنے پر ہوئی ہے۔
#نیب اپنے کام خود کرے، سپریم کورٹ سے کیوں کرانا چاہتا ہے، چیف جسٹس
اپنی قومی عادت جو ہوگئی ہے اپنے کام دوسروں سے کروانے کی۔
#ابھی ایک پکڑا گیا، کیا پتا ہر جج بلیک میل ہورہا ہو، شاہدخاقان عباسی
عباسی صاحب کیا واقعی آپ کو نہیں پتا؟!!

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :