او آئی سی کی گولڈن جوبلی یا جنازہ ؟

پیر 4 مارچ 2019

Sabir Abu Maryam

صابر ابو مریم

او آئی سی یعنی Organisation of Islamic Cooperation(اسلامی ممالک کی تعاون کی تنظیم) اپنے قیام کے بعدسے اب پچاس سالہ گولڈن جوبلی منارہی ہے۔اس تنظیم کا صدر مقام جدہ سعودی عرب میں قائم ہے۔اب اگرمسلمان ممالک کی اس تنظیم کے ماضی اور بنیادوں کی بات کریں تو یہ بتاتا چلو ں کہ اس تنظیم کا قیام ایک ایسے حادثہ کے بعد وجود میں لایا گیا تھا کہ جب صہیونیوں نے مسلمانوں کے قبلہ اول بیت المقدس میں گھس کر نذر آتش کر دیا تھا، یہ سنہ1969ء کی بات ہے ، اس کے رد عمل میں مسلمان ممالک کے حکمران سرجور کر بیٹھ گئے اور او آئی سی کا قیام عمل میں لائے تھے اور علی الاعلام کہا گیا تھا کہ قبلہ اول کا دفاع اولین ترجیح ہے جبکہ مسلم دنیا میں موجود مسائل کو حل کرنے میں یہ تنظیم مسلمان ممالک آپس میں مل کر حل کریں گے اور دنیا کی سامراجی قوتوں کے سامنے کسی طور تسلیم خم نہیں ہوں گے۔

(جاری ہے)

اب اس تنظیم کے مقاصد اور بنیاد کو دیکھ کر تو آج بھی میرا سر فخر سے بلند ہو جاتا ہے لیکن پھر جب اس تنظیم کے عملی اقدامات کا جائزہ لیتا ہوں تو سر شرم سے جھک جاتا ہے۔
سنہ2019ء یہ او آئی سی گولڈن جوبلی منا رہی ہے ۔ایک ایسے وقت میں کہ جب اس تنظیم کے اکثر ممبر ممالک نے قبلہ اول بیت المقدس کا اعلانیہ طور پر سودا کر لیا ہے اور اس سودے میں امریکی منصوبہ ’’صدی کی ڈیل‘‘ کو قبول کیاہے۔

یہ گولڈن جوبلی ایسے وقت میں ہو رہی ہے کہ جب مقبوضہ کشمیر کے عوام روزانہ کی بنیادوں پر بھارتی ریاستی دہشت گردی کے نتیجہ میں آنکھوں کی بینائی سے محروم ہو رہے ہیں، لیکن اس جوبلی کو منانے کے لئے ان عرب ممالک کے حکمرانوں نے مظلوم کشمیریوں کے قاتلوں کو اجلاس میں بلایا ہے اور انہیں غیر معمولی اہمیت سے نوازا گیا ہے۔کیا یہ مسلم دنیا کے لئے کھلا پیغام سمجھا جائے کہ کشمیر کا معاملہ اب مزید نہیں ہو گا ؟ ی ایہ سمجھ لیا جائے کہ جو کچھ بھارت ریاستی دہشت گردی کے ذریعہ کشمیر میں جرائم کا ارتکاب کر رہا ہے اب اسے ان عرب ممالک نے کلین چٹ یا لائسنس دے دیا ہے؟ اب اس گولڈن جوبلی کو میں جنازہ کہوں یا کچھ اور کہہ دوں ؟ نہیں معلوم ۔


حالیہ دنوں منعقد ہونے والے او آئی سی کے اجلاس میں بھارتی وزیر خارجہ کو خاص طور پر دعوت دے کر بلایا گیا ہے، اس سے قبل کہ ان کی گفتگو کے بارے میں بات کریںیہاں یہ بات واضح رہے کہ گزشتہ برس او آئی سی تو نہیں لیکن غیر رسمی طور پر ایسا ہی او آئی سی کا اجلاس سعودی عرب میں ہوا تھا جس کی قیادت اس وقت امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کی تھی جہاں تمام مسلم ممالک کے سربراہان کو مدعو کیا گیا تھا ما سوائے ایران، شام اور یمن ۔

اور اس تقریب کی صدارت امریکی صدر نے کی تھی جس کے بعد عرب حکمرانوں نے ان کے ساتھ تلواریں ہاتھ میں لے کر رقص بھی کیا تھا۔
بہر حال اس مرتبہ او آئی سی کے رسمی اجلاس میں امریکہ کے ایک اہم ترین شراکت دار بھارت کو مدعو کیا گیا۔بھارتی وزیر خارجہ سشما سوراج خصوصی طور پر ابو ظہبی پہنچیں اور او آئی سی کے اجلاس سے خصوصی خطاب کیا، ایسے وقت میں کہ جب مسلم دنیا کے ایک اہم ترین ملک پاکستان پر بھارت نے گزشتہ کئی دنوں سے جارحیت کا سلسلہ شروع کر رکھا ہے اور لائن آف کنٹرول پر بھارتی جارحیت کے نتیجہ میں درجنوں سول شہری شہید ہوئے ہیں لیکن دوسری طرف عرب حکمران جو ہمیشہ پاکستان کو اپنے ناپاک عزائم کے لئے استعمال کرنے کی کوشش میں رہتے ہیں اب کی مرتبہ پاکستان کے دیرینہ دشمن بھارت کی میزبانی کر رہے ہیں۔


او آئی سی کی گولڈن جوبلی کو میں اس لئے بھی جنازہ کہہ رہاہوں کہ اس تنظیم کے اسٹیج پر ایک ایسے ملک کی وزیر خارجہ نے خطاب کیا ہے کہ جس کے ہاتھ ہزاروں کشمیریوں کے خون سے رنگین ہیں۔سشما سوراج نے او آئی سی میں موجود ممبر ممالک سے خطاب کرتے ہوئے بھارت کو ایک بڑی معاشی طاقت بتانے کے ساتھ ساتھ یہ بھی بتایا کہ یہاں 185ملین مسلمان آباد ہیں جوکہ مختلف زبانیں بولتے ہیں ۔

مختلف ثقافت و رنگ رکھنے کے باوجود بھائی چارے کے ساتھ رہتے ہیں ۔کیا او آئی سی میں بیٹھے ممالک کو یہ معلوم نہیں کہ جو بھارت کے موجودہ وزیر اعظم ہیں ان کو گجرات کا قصائی کیوں کہا جاتا ہے ؟ کیا انہوں نے گجرات فسادات میں مسلمانوں کو گاجر مولی کی طر ح نہیں کاٹا تھا؟ کیا کشمیر میں بھارت کے ہاتھ معصوم کشمیری عوام کے خون سے رنگین نہیں ہیں؟ آخران سب باتو ں کو بتا کر سشما جی کیا ثابت کرنا چاہتی تھیں؟
سشما نے اپنے خطاب میں او آئی سی کی گولڈن جوبلی کا تذکرہ بھی کیا، ساتھ میں گاندھی کی ایک سو پچاسویں سالگرہ کا ذکر کرتے ہوئے امن اور یکجہتی کی بات کی لیکن یہ کیسی امن کی بات ہے ؟ گاندھی کی امن کی تعلیمات کا پرچار کرتے ہوئے ان کو تھوڑی دیر کے لئے کیا یہ خیال آیا کہ حالیہ دنوں جو کچھ بھارت امن و امان کو برباد کرنے کے لئے کر رہا ہے کیا وہ سب انہی گاندھی صاحب کی تعلیمات ہیں؟یہ کس طرح کا امن ہے کہ خود بھارت پاکستان میں در اندازی کا مرتکب ہو رہاہے ۔

کشمیر کا سوال کیا ہوا؟ کیا مسلم دنیا کے یہ حکمران او آئی سی کے اجلاس میں بھنگ پی کر بیٹھے تھے؟ کیا ان عرب حکمرانوں نے سشما سے کشمیر کا سوال کیا ؟ آخر یہ کیا ڈراما ہوتا رہا او آئی سی میں ؟ اب اگر او آئی سی کے گولڈن جوبلی کو جنازہ نہ کہا جائے تو مجھے آپ ہی بتائیں پھر کیا کہا جائے ؟
سشما سوراج نے او آئی سی ممالک کے ممبر کو درس دیتے ہوئے بتایا کہ مذہب وغیرہ کو چھوڑ کر سب کو آپس میں ایک ہونا چاہئیے، یکجہتی ہونا چاہئیے ، اور نہ جانے اس طرح کی کیا کیا چرب زبانی کی گئی ۔

لیکن سوالات پھر وہی ہیں کہ کیا ان تمام باتوں پر خود بھارت عمل کر رہا ہے؟ کیا بھارت کشمیر سمیت دیگر مظلوم قوموں پر ظلم و ستم کو بند کر چکا ہے؟ کیا کشمیر میں معصوم بچوں کو نابینا نہیں کیاگیا؟
خلاصہ کلام یہ ہے کہ بھارت کو دوش دینے سے پہلے میں ان عرب ممالک کے حکمرانوں سے سوال کرتا ہوں کہ تم تو دعوے دار تھے کہ پاکستان کے سب سے بڑے خیر خواہ ہو۔

پاکستان تمھارے لئے بہت اہمیت رکھتا ہے لیکن پھر یہ سب باتیں کہاں گئیں؟ جب بھارت پاکستان میں جارحیت کر رہا تھا تو تم نے بھارت کی شایان شان مہمان نوازی کی ۔او آئی سی کے اجلاس میں بلا کر نہ صرف اپنی حمیت کا جنازہ نکالا بلکہ پوری امت مسلمہ کا جنازہ نکال دیا۔واضح رہے کہ پاکستان نے او آئی سی کی جانب سے بھارت کو مدعو کئے جانے پر احتجاج کرتے ہوئے بائیکاٹ کیا اور اجلاس میں شرکت نہیں کی یقیناًغیرت مند ی کا تقاضہ یہی تھا۔

یہاں پر ان مسلمان ممالک کو خراج تحسین پیش کیاجانا چاہئیے کہ جنہوں نے پاکستان کے موقف کی تائید کرتے ہوئے اس اجلاس کا بائیکاٹ کیا جس میں ایران، قطر اور ترکی شامل ہیں۔جبکہ یہ ایک تلخ حقیقت ہے کہ او آئی سی کے اس اجلاس میں کہ جہاں بھارت جیسی دہشت گرد اور جارح ریاست کو آنے کی اجازت ہے لیکن شام اور یمن جیسے مسلمان ممالک کو آنے کی اجازت نہیں ہے۔


در اصل عرب دنیا کے ان حکمرانوں نے اپنی عزت و حمیت کا سودا اپنے اقتدار کو باقی رکھنے کے لئے امریکہ و اسرائیل سمیت بھارت جیسی جارح ریاستوں کے سپرد کر دیا ہے اور اب اس تنظیم کو نہ تو فلسطین کے مظلوم عوام کا احساس ہے اور نہ ہی کشمیر میں ہونے والی بربریت سے ان پر کوئی اثر پڑتا ہے۔حقیقت تو یہ ہے کہ ان عرب و مسلم حکمرانوں کو اس بات کا احساس ہی نہیں ہے کہ یہ اقوام متحدہ میں ایک بڑی قوت کے طور پر موجود ہیں اور دنیا میں آبادی کے لحاظ سے بھی سب سے زیادہ طاقتور ممالک ہیں۔

کاش ان کو اپنی اہمیت کا اندازہ ہوتا تو یقیناًیہ امریکہ کی کاسہ لیسی کرتے ہوئے نہ تو صہیونیوں کی جعلی ریاست اسرائیل کی حمایت میں نکلتے اور نہ ہی کشمیر میں ہونیو الی بھارتی ریاستی دہشتگردی کی حمایت بھارت کو او آئی سی میں خطاب کی دعوت دے کر کرتے۔خلاصہ یہی ہے کہ اب اسلامی ممالک کے تعاون کی تنظیم کی گولڈن جوبلی ہو یا سو سالہ تقریبات ہوں ، جنازہ تو نکل چکا ہے اوریہ جنازہ امریکہ،اسرائیل اور بھارت جیسی جارح، دہشت گرد اور غاصب ریاستوں کے کاندھوں پر ہے۔

ادارہ اردوپوائنٹ کا کالم نگار کی رائے سے متفق ہونا ضروری نہیں ہے۔

تازہ ترین کالمز :