Live Updates

سندھ اسمبلی ،حکمران جماعت پیپلزپارٹی کے ارکان نے صوبائی بجٹ کوعوام دوست بجٹ قراردے دیا

حکومت نے صحت کے شعبے میں نمایاں کام کیا ہے امراض قلب کے یونٹس شہر قائد کے بعد دیہاتوں میں بھی کھولے جارہے ہیں،ارکان پیپلزپارٹی سندھ کے ساتھ اتنی زیادتی انگریز دورمیں نہیں ہوئی جتنی پیپلزپارٹی کے دورحکومت میں کی گئی ہے،عوام کی حالت زار پر توجہ دی جائے،اپوزیشن ارکان کی ایوان میں تنقید

منگل 25 ستمبر 2018 18:54

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 ستمبر2018ء) سندھ اسمبلی میں بجٹ پربحث دوسرے روزبھی جاری رہی حکمران جماعت پیپلزپارٹی کے ارکان نے سندھ کے بجٹ کوعوام دوست بجٹ قراردیا جبکہ تحریک انصاف، جی ڈی اے،ایم کیوایم کے ارکان اسمبلی نے بجٹ تقاریرمیں حکومتی پالیسیوں اوربعض ترقیاتی منصوبوں کوہدف تنقید بناتے ہوئے کہاکہ سندھ کے ساتھ اتنی زیادتی انگریز دورمیں نہیں ہوئی جتنی پیپلزپارٹی کے دورحکومت میں کی گئی ہے۔

حکومت احتساب سے راہ فراراختیارکررہی ہے تحریک انصاف کے خرم شیرزمان نے وفاقی حکومت اورسندھ حکومت کے مابین متنازعہ مسائل کے حل کے لیے ثالثی کی پیشکش کردی۔ منگل کوسندھ اسمبلی میں بجٹ بحث میں حصہ لیتے ہوئے ایم کیوایم کی رکن رعنا انصار نقوی نے کہا کہ جیلوں میں قیدیوں کی شکایات اسپیکر کے پاس آئیں جیلوں میں ایک کمرے میں کئی قیدی ہیں سیف سٹی پروجیکٹ بنایا گیا لیکن ڈاکو راج بچوں اور عورتوں پر چل رہاہے موٹرسائیکلز پر عورتوں بچوں کو اسٹریٹ کرمنلز لوٹ رہے ہیں امن وامان کے لیے اتنا پیسہ رکھا گیا بتائیں امن کہاں ہے انہوں نے کہا کہ سابق ارکان اسمبلی کے گھروں میں سولہ گاڑیاں واپس کیوں نہیں آئیں سینتیس سرکاری گاڑیاں چھینی جاچکی ہیں کتابوں میں لکھ دینے سے کچھ نہیں ہوتا عمرکوٹ کا قلعہ مکلی کی تاریخ کس حال میں ہے انہوں نے کہا کہ حیدرآباد کو گیارہ سال سے نظرانداز کیاجارہاہے شہری سندھ کا کوٹہ کہاں ہے پبلک سروس کمیشن کی رپورٹ لائیں ٹنڈومحمد خان میں اسکولز کئی سالوں سے بند ہیں گھوسٹ اسکولز این جی اوز کو دیکر فنڈنگ بھی کی جارہی ہے۔

(جاری ہے)

سندھ اسمبلی میں پی ٹی آئی کے رکن عمر عماری نے صوبائی بجٹ کو الفاظ اور اعدادوشمار کا ہیر پھیر قرار دیا اور کہا کہ اعدادوشمار کی حد تک یہ بجٹ بھترین ہے تاہم زمینی حقائق اور تلخ حقائق بجٹ کے بلکل برعکس ہیں انہوں نے کہاکہ بہتری گھر سے شروع ہوتی ہے اور قریب سے نظر آتی ہے ایم اپی اے ہاسٹل کی اسکیم دو ارب روپیسے شروع ہوئی ایم پی اے ہاسٹل منصوبہ دوسال میں مکمل ہونا تھا تاہم یہ اسکیم تین ارب روپے تک پہنچ گئی، سندھ میں لوگ بھوک سے مررہے ہیں بچے غذائی قلت سے جان سے جارہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم احتساب سے کیوں راہ فرار اختیار کررہے ہیں۔وزیر معدنیات سندھ شبیر بجارانی نے نئے مالی سال کے بجٹ کو عوام کی امنگوں کے عین مطابق قرار دیا اور کہا کہ رواں سال کے صوبائی بجٹ میں ترقیاتی بجٹ میں وفاق کی وجہ سے کٹوتی کی گئی ہے وفاق نے سندھ کواس کے حصے کی پوری رقم ادا نہیں کی ہے۔صحت کے شعبے میں سندھ حکومت نے اچھا کام کیا ہے این آ ئی سی وی ڈی میں بچوں کے وارڈ پر کام جاری ہے سائبر نائف یونٹ جناح اسپتال میں کام کر رہا ہے۔

پیپلزپارٹی کی رکن اسمبلی نداکھوڑو نے کہا کہ مخالفین سے سندھ کی ترقی ہضم نہیں ہوتی سندھ نے پاکستان بنایا مستقبل میں تھرکول پاکستان کی ترقی میں اھم کردارادا کریگا وفاقی حکومت روز نئے لطیفے کا تحفہ دیتی ہیبیساکھی پر کھڑی حکومت کہیں یوٹرن لگا کر دھرنے میں نہ بیٹھ جائے انہوں نے کہا کہ پیٹرول مہنگا بجلی مہنگی گیس مہنگی لیکن ہیلی کاپٹر کی سواری سستی کردی گئی، عوام کو مزید مفلوج کیا گیاعوام سے وعدے کرنے والے خان نے اپنے وعدے کا پاس نہیں رکھا ندا کھوڑو نے مزید کہا کہ گائے بھینسیں بیچنے سے چوک پر ڈیم تو لکھا جاسکتا ہے بنایا نہیں جاسکتا سندھیوں نے خان صاحب کوووٹ نہیں دیا اس لئے انتقامی کارروائی کی جارہی ہے سندھ دشمنی کی انتہا کی گئی ہے لاڑکانہ کی مثال دی جاتی ہے کچھ لوگوں سے لاڑکانہ کی ترقی ہضم نہیں ہوتی مخالفین نوے ارب کی بات کرتے ہیں نوسوارب خرچ کرینگے مخالفین حوصلہ رکھیں اپنا ھوم ورک درست کریں ہم نے ہمیشہ پاکستان کھپے کا نعرہ لگایا ہے قائداعظم کے خلاف باتیں کی جارہی ہیں ہم برداشت نہیں کرسکتے۔

انہوں نے کہاکہ خان صاحب کو سندھیوں سے خاص دشمنی ہے،یہ لاڑکانہ کے چکر کاٹتے رہے لیکن انکو عوام نے مسترد کردیا،میرے والد نثار کھوڑو کو سازش کے تحت اسمبلی سے باہر رکھا گیا ۔جی ڈی اے رکن وریام فقیر نے بجٹ کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ سندھ میں کہیں ترقی نظر نہیں آرہی، صوبے کا حال برا ہے سڑکیں تو تباہ تھیں اب صحت اور تعلیم کو بھی تباہی کے دھانے پر پہنچا دیا گیا ہے ہمارے صوبے کا حال یہ ہے کہ سینکڑوں افسران جیلوں میں ہیں یا پیشیاں بھگت رہے ہیں انور مجید نے کسانوں کا خون چوس کر نقصان پہنچایا، آج انورمجید کے ساتھ بھی یہی ہورہاہے،دس سالوں میں جیسی سندھ کے ساتھ زیادتی ہوئی ایساانگریزدور میں بھی نہیں ہوا سندھ کے حکمرانوں سے کہتا ہوں کہ دبئی کے بجائے سندھ کو آباد کیا جائے۔

حکمرانوں کی عیاشیوں کی وجہ سے سندھ مقروض ہوگیا ہے۔ ہم کیوں کسی کے آگے ہاتھ پھیلا رہے ہیں۔ مرکز سے اپنا حق لینے میں ناکام رہے ہیں ہمیں کوئی امید نہیں ہے موجودہ بجٹ بھی کرپشن کی نظر ہوجائیگا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن مہم میں آپکا یہ حال تھا کہ قرآن کا واسطہ دیکر ووٹ مانگے گئے ہیں۔پیپلزپارٹی کے رکن سندھ اسمبلی سریندر ولاسائی نے سندھ بجٹ کو عوام کا بجٹ قرار دیا اور کہا کہ حکومت نے صحت کے شعبے میں نمایاں کام کیا ہے امراض قلب کے یونٹس شہر قائد کے بعد دیہاتوں میں بھی کھولے جارہے ہیں۔

ایم ایم اے کے رکن عبدالرشید نے صوبائی بجٹ پر اظہار خیال میں حکومتی کارکردگی کو تنقید کا نشانہ بنایا اور بعض شعبوں میں بجٹ بڑھانے کی تجویز دی انہوں نے کہا کہ اعداو شمار اور دستاویز کے مطابق لیاری اور اسکے اطراف میں کئی آر او پلانٹس نصب ہیں تاہم میں ان آر او پلانٹس کو کافی ٹائم سے ڈھونڈ رہا ہوں مگر تلاش کرنے میں ناکام ہوں انہوں نے کہا کہ بجٹ کوئی نئی تخلیق اور نیا صوبہ نہیں،تعریف سمجھ سے باہر ہے وزیراعلی نے این ایف سی ایوارڈ کی رقم کم ملنے کا شکوہ کیا این ایف سی ایوارڈ ہر پانچ سال بعد رویو ہونا چاہیئے۔

انہوں نے کہاکہ تعلیم کی تباہی کے پیچھے چھپی تصویر کرپشن کی ہے ،سینکڑوں اساتذہ ڈسٹرکٹ ساوتھ میں این جی اوز 2 ہزار روپے ماہانہ پر لے رکھے ہیں ،ان اساتذہ کو سرکاری اسکولوں میں تعلیم دلوائی جارہی ہے ،حیدرآباد ٹیکینکل کالج اور گورنمنٹ ٹیکنیکل کالج سائٹ کو یونیورسٹیز کا درجہ دیا جائے صوبے میں ایک ٹیکنیکل یونیورسٹیز نہیں ہے ڈسٹرکٹ ساوتھ میں صفائی کا مناسب انتظام موجود نہیں 6 ارب روپے کی گرانٹ سندھ سولڈویسٹ منیجمنٹ کو دی گئی ہے ایس تھری کی لاگت کا تخمینہ 36 ارب روپے کر دیا گیا ہے ایس تھری پر 6 ارب روپے خرچ ہو چکے ہیں لیکن ابھی تک کام مکمل نہیں ہوا انہوں نے کہاکہ تمام منصب بطور امانت استعمال کیے جائیں سیاست میں گلم گلوچ کا کلچر آ گیا ہے سیاسی لیڈرز پر بات ہوتی ہے تو احتجاج کیا جاتا ہے ہمارے حقیقی لیڈر محمد صلی اللہ وسلم کی حرمت پر اگلی اٹھی تو ایوان میں سے کوئی نہ بولاخرم شیرزمان نے سندھ حکومت اوروفاق میں برج بننے کی آفر کی اورکہاکہ سندھ حکومت اپنا کیس پیش کرے این ایف سی کا اکاون فیصد پنجاب لے لیتا ہے سندھ کوصرف چوبیس فیصد حصہ ملتا ہے اس میں سے کراچی کو اس کا جائز حصہ نہیں ملتا۔

انہوں نے صحت کے شعبے کی خامیوں کا ذکر کرتے ہوئے اس کی بہتری کے لیے تجاویز پیش کیں۔پیپلزپارٹی کی رکن تنزیلہ ام حبیبہ نے بجٹ کو عوامی قرار دیا اور کہا کہ محکمہ صحت اور تعلیم سمیت دیگر شعبوں میں ترقی نجانے اپوزیشن ارکان کو کیوں نظر نہیں آتی، سرکاری اسکولوں میں انرولمنٹ بڑھنا اس بات کا ثبوت ہے۔ ایم کیو ایم کے جاوید حنیف نے کہا کہ بجٹ حکومت کی ڈائریکشن شیئر کرتا ہے کہ حکومت کو لوگوں کے لئے کیا کرنا ہے میں نے بڑی تفصیل سے یہ بجٹ پڑھا ہے اس بجٹ میں کوئی ڈائریکشن اورسمت نہیں ہے کوئی ایسی ڈائریکشن نہیں ہے حکومت ایک خاص ڈائریکشن میں جانے کی کوشش کر رہی ہے اس بجٹ میں سندھ کی عوام کے لئے مجھے کچھ نظر نہیں آیا انہوں نے کہاکہ کراچی سمیت سندھ کی ترقی کیسے ہوگی سندھ حکومت کو یہ سوچنا چاہیے سندھ حکومت کو کراچی کی انڈسٹری کے لئے کام کرنا ہوگا جب کراچی کی معشیت بہتر ہوگی تو سندھ ترقی کرے گا مگر اس بجٹ میں کسان اور مزدوروں کے لئے کوئی پروگرام نہیں رکھا گیا 11 ارب روپے کے بجٹ میں آدھے سے زیادہ رونیو ہے تین سو پچاس ارب کا بجٹ تنخواہ میں چلا جاتا ہے تین سو بلین کا ترقیاتی بجٹ ہے 200 بلین جاری اسکیموں کے لئے رکھے ہیں، ترقیاتی منصوبوں کے لئے تو صرف 26 ارب روپے رکھے گئے ہیں اب ان چھبیس ارب میں کیا کر سکتے ہیں کبھی اپوزیشن کی رائے نہیں لی جاتی کوئی کٹ موشن منظور نہیں کیا جاتا۔

روایتی طریقے سے بجٹ پیش کیا گیا بجٹ پیش کرنے سے قبل قائمہ کمیٹیوں اور ارکان سے تجاویز لی جاتیں لیکن تجاویز دینے کے باوجود انہیں بجٹ میں شامل نہیں کیا جاتا۔پیپلزپارٹی کے سید فرخ شاہ نے اپنی بجٹ تقریر میں کہا کہ ہم پر تنقید کرنیوالے بتائیں عمران خان نے خیبر پختونخواہ میں کتنی یونیورسٹیز بنائیں پیپلزپارٹی نے سکھر میں پانچ جامعات بنائیں سب ارکان کو دعوت دیتا ہوں سکھر شہر کا دورہ کریں اپوزیشن جماعتوں کا منشور ہے کہ سڑک پر لوگوں کو تھپڑ ماریں انکا منشور جنگلات کی زمینوں پر قبضہ ہے۔

جی ڈی اے کے رکن اسمبلی معظم عباسی نے کہا کہ ایم کیوایم، پی ٹی آئی اور جی ڈی اے قیادت کا شکرگزارہوں جنہوں نے کالاباغ ڈیم کے خلاف قراردادمیں ساتھ دیا ہم نے کالاباغ پر سیاست کرنے والوں کا راستہ روک دیا ہے لاڑکانہ اوردیگرشہروں میں پانی نہیں ہے،آبادگارخودکشی کرنے پرمجبورہیں لاڑکانہ میں کسان تحریک کی جدوجہد تیزہوچکی ہے دوھزارتین اورچار میں چاول نوسوھزارروپے من بیچتے تھے آج دوھزاراٹھارہ میں بھی وہی ریٹ ہیں۔

پی ٹی آئی کی اقلیتی رکن دیوان سچل نے کہا کہ اقلیتوں کے لییملازمتوں میں مختص کوٹہ پر عمل کرایاجائے محکمہ اقلیتی امور کے بجٹ کو درست طریقے سے استعمال کیاجائے انہوں نے کہا کہ سروس میں اعلی عہدوں پر اقلیتوں کو کیوں نیہں آنے دیاجارہا۔پیپلزپارٹی کی رکن سعدیہ جاوید کا کہنا تھا عالمی میڈیا کہہ رہاہے کہ پانچ ہفتے میں حکومت نے چھ یوٹرن لیے کراچی تیس سال تک ایک جماعت کے کنٹرول میں تھا،ہمیشہ وہ دھاندلی کرتے تھے اب انہیں سمجھ نہیں آرہاکہ انکے ساتھ کیا ہوا،انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت کے فور منصوبے کی تکمیل کے لئیے اپنے حصے کا پچاس فیصد فنڈ جاری کرے۔

لاڑکانہ میں نوے ارب روپے کے اخراجات کے الزامات لگانے والے ثبوت پیش کریں۔ سندھ حکومت نے چودہ یونیورسٹیز بنائی ہیں۔پبلک پرائیویٹ پارٹنر شپ کے تحت جناح میں سائبیرنائف روبیٹک سینٹر قائم کرنا ہماری حکومت کا کارنامہ ہے۔ کے پی کے حکومت نے ساڑھے تین سو ڈیمز کا وعدہ کیا تھا۔ ان ڈیمز کی کم از کم فوٹو شاپ تو دکھائیں۔ انہوں نے کہاکہ کل ایک رکن نے ہماری قیادت کا نام لے کر بد تمیزی کی ہے یہ ہم بھی کر سکتے ہیں لیکن ہماری روایت نہیں۔

اپوزیشن کی صوبے میں حکومت نہ بنی تو انھوں نے محمد علی جناح کی بھی توہین کی۔جو کالاباغ ڈیم کے خواب دکھا رہے ہیں وہ یو ٹرن کے ماہر ہیں۔ کالاباغ ڈیم کے خلاف تین صوبے کی قراردادیں موجود ہیں۔کراچی میں بڑے پیمانے پر سڑکوں کی تعمیر ہوئی ہے۔ ایک معزز رکن کل ایوان میں عمر کوٹ کی ایک بچی کے علاج سے متعلق تقریر کر رہے تھے۔ آج وہ بچی کراچی پہنچ گئی لیکن اب وہ رکن ان کا فون اٹینڈ نہیں کر رہے ہیں۔

وہ رکن پینتیس لاکھ دے کر دوبارہ ایوان میں بیٹھے ہیں۔ جبکہ پی پی کی رکن وحیدہ شاہ ایک تھپڑ مارنے پر تاحیات نا اہل ہوگئی تھی سعدیہ جاوید کے تقریر کے دوران اپوزیشن جماعتوں کے ارکان نے احتجاج کیا اس دوران ایوان میں شورشرابہ ہوا،بعد ازاں اسپیکرنے سندھ اسمبلی کا اجلاس بدھ تک ملتوی کردیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات