وزیراعظم شہباز شریف کے عید الفطر کی مناسبت سے ملکی اور غیر ملکی اعلی شخصیات سے ٹیلیفونک رابطے

وزیراعظم کا صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی ،آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو ٹیلیفون ،عید الفطر کی مبارکباد دی مقبوضہ جموں و کشمیر میں نماز عید کے اجتماعات پر پابندیوں کی مذمت ،کشمیریوں کی بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے‘شہباز شریف وزیر اعظم کا سندھ، خیبرپختونخواہ ، گلگت بلتستان کے وزرا ئے اعلی، قائمقام گورنر بلوچستان سے بھی ،عید الفطر کی مبارک ،نیک خواہشات کا اظہار وزیراعظم شہباز شریف کے آصف زرداری ،بلاول ،مولانا فضل الرحمان ،سراج الحق ،مولانا اسعد محمود، محسن داوڑسے بھی ٹیلیفونک رابطے ہوئے خالد مقبول صدیقی، اختر مینگل، ساجد میر ،خالد مگسی ،محمود خان اچکزئی، علی نواز شاہ، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، سالک حسین کوبھی فون وزیراعظم شہباز شریف نے چوہدری سالک حسین سے چوہدری شجاعت حسین کی مزاج پرسی کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا وزیراعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی ،بری ،بحریہ اور فضائیہ کے سربراہان کو بھی ٹیلیفون کر کے عید کی مبارک دی وزیراعظم شہباز شریف کاسعودی ولی عہد محمد بن سلمان کو بھی ٹیلی فون ،عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا سعودی عرب کیساتھ تعلقات کو مزید مضبوط ،تمام شعبوں میں سٹریٹیجک تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد زاید آل النہیان سے بھی ٹیلی فون پر گفتگوہوئی،انہیں اور متحدہ عرب امارات کے برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارک پیش کی وزیراعظم نے معاشی وفد بھجوانے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا ،اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت بھی دی

جمعرات 5 مئی 2022 11:15

․(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 مئی2022ء) وزیر اعظم شہباز شریف نے عید الفطر کی مناسبت سے ملکی اور غیر ملکی اعلیٰ شخصیات کو ٹیلیفو ن کر کے مبارکباد اور نیک خواہشات کا اظہار کیا ۔ وزیر اعظم شہباز شریف نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ٹیلی فون کر کے عیدالفطر کی مبارک دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔وزیراعظم شہباز شریف نے ریاست آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اعظم سردار تنویر الیاس کو بھی ٹیلی فون کر کے اہل جموں وکشمیرکو عید کی مبارک باد دی ۔

ا نہوںنے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام پر نماز عید کے اجتماعات پر پابندیوں کی مذمت کرتے ہیں، کشمیریوں کو حق استصواب رائے ملنے تک بھرپور سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھیں گے ۔وزیراعظم شہباز شریف نے فون پر سندھ، خیبرپختونخواہ ، گلگت بلتستان کے وزرا ئے اعلی، قائمقام گورنر بلوچستان کو بھی مبارک دی۔

(جاری ہے)

وزیر اعظم شہباز شریف نے وزیر علیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کو ٹیلیفون کال کی ، وزیر اعلی بلوچستان کو کال کی تاہم وہ بیرون ملک تھے۔

وزیر اعلی بلوچستان کے بیرون ملک دورے پر ہونے کی وجہ سے وزیراعظم کی ان سے بات نہ ہوسکی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے تمام اتحادی جماعتوں کے قائدین کو بھی ٹیلی فون کرکے عید کی مبارک دی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔وزیراعظم نے سابق صدر آصف علی زرداری اور پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کو فون کیا اور عید کی مبارک دی ۔

سابق صدر آصف زرداری اور بلاول بھٹو نے وزیراعظم کو مبارک دی اور فون کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔وزیراعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے بھی فون پر گفتگوکی اور عید کی مبارک اور ملکی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا ،مولانا فضل الرحمان نے سعودی عرب اور متحدہ عرب امارات کے کامیاب دوروں پر وزیراعظم کو مبارک دی ۔وزیراعظم نے امیر جماعت اسلامی سراج الحق کو فون کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارک دی، دونوں رہنمائوں نے ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تبادلہ خیال کیا ۔

وزیراعظم کی وزیر مواصلات مولانا اسعد محمود، محسن داوڑ، خالد مقبول صدیقی، سردار اختر مینگل، علامہ ساجد میر اور خالد مگسی سے بھی فون پر گفتگو ہوئی اور انہیں عید کی مبارکدی ۔وزیراعظم شہباز شریف نے محمود خان اچکزئی، علی نواز شاہ، شاہ زین بگٹی، اسلم بھوتانی، چوہدری سالک حسین کوبھی فون کر کے ور عید کی مبارک دی ۔وزیراعظم نے چوہدری سالک حسین سے چوہدری شجاعت حسین کی مزاج پرسی کی اور نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سروسز چیف سے بھی ٹیلی فون پر رابطہ کیا اورانہیں عید الفطر کی مبارکباد دی ۔ وزیر اعظم نے چیئرمین جوائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کو فون کیا اور انہیں عیدالفطر کی مبارک دی ۔وزیراعظم نے بری فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ، بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی اور فضائیہ کے سربراہ ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر سندھو کو بھی فون کر کے انہیں عید کی مبارک دی۔

وزیراعظم شہباز شریف نے سعودی عرب کے ولی عہد ، نائب وزیراعظم اور وزیر دفاع شہزادہ محمد بن سلمان کو ٹیلی فون کیا اور انہیں عیدالفطر کے پرمسرت موقع پر مبارک دی اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ وزیراعظم نے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور سعودی عرب کے برادر عوام کے لئے عید کی مبارک کا پیغام دیا اور نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

وزیراعظم شہباز شریف نے 28 سے 30 اپریل 2022 کو اپنے دورہ سعودی عرب کے دوران پرتپاک میزبانی پر سعودی عرب کی قیادت اور حکومت کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا۔ دورے کے دوران ولی عہد شہزادہ محمد بن سلیمان کے ساتھ اپنی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے وزیر اعظم نے سعودی عرب کے ساتھ تاریخی برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور دونوں ممالک کے درمیان تمام شعبوں میں سٹریٹیجک تعلقات کو نئی بلندیوں سے ہمکنار کرنے کی پاکستان کی خواہش کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے ولی عہد کے ساتھ اپنی حالیہ ملاقات میں کئے جانے والے فیصلوں پر عملدرآمد کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔ سعودی ولی عہد نے خیر سگالی کے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم کو مبارک دی اور پاکستان کے عوام کے لئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ دو طرفہ تعاون کو مزید مضبوط اور متنوع بنانے کے لئے مل کر کام کرنے کی اپنی خواہش کا اظہار کرتے ہوئے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیر اعظم کے سعودی عرب کے حالیہ دورے کے دوران ہونے والی ہم آہنگی پر پیشرفت کے پختہ عزم کا اعادہ کیا۔

دونوں قائدین نے دونوں برادر ممالک کے عوام کے باہمی مفاد میں دو طرفہ تعلقات کو مزید گہرا کرنے اور وسعت دینے کے لئے مل کر کام کرنے کی خواہش کا اعادہ کیا وزیراعظم شہبازشریف کی ابو ظہبی کے ولی عہد شیخ محمد زاید آل النہیان سے بھی ٹیلی فون پر گفتگوہوئی ۔وزیراعظم شہبازشریف نے متحدہ عرب امارات کی مسلح افواج کے ڈپٹی سپریم کمانڈر اور ابو ظہبی کے ولی عہد شہزادہ محمد بن زاید آل النہیان کو ٹیلی فون کرکے انہیں اور متحدہ عرب امارات کے برادر عوام کو عیدالفطر کی مبارک پیش کی۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کی قیادت کی اچھی صحت اور برادر اماراتی عوام کے امن وخوش حالی کے لئے نیک تمنائوں کا اظہار کیا۔ ابو ظہبی کے ولی عہد نے وزیراعظم پاکستان کو عید کی مبارک پیش کرتے ہوئے خیرسگالی کے جذبات کا اظہار کیا۔ انہوں نے دونوں برادر ممالک کے درمیان تعاون پر مبنی طویل المدتی تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وزیراعظم نے متحدہ عرب امارات کے اپنے حالیہ دورے کے دوران ولی عہد کے ساتھ اپنی تفصیلی مشاورت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنے اور اپنے وفد کی پرتپاک میزبانی پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا۔وزیراعظم نے زور دیا کہ باہمی مفاد میں دوطرفہ تعاون خاص طور پر تجارت، سرمایہ کاری اور معاشی تعاون کو مزید تیز کرنے کے لئے وہ متحدہ عرب امارات کی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کے خواہاں ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے دورہ متحدہ عرب امارات کے حالیہ دورے کے فوری بعد متحدہ عرب امارات کا معاشی وفد بھجوانے پر ولی عہد کا شکریہ ادا کیا جو دونوں برادر عوام کے درمیان دوطرفہ تعلقات میں ایک نئے باب کا اضافہ ہے۔ وزیراعظم نے ولی عہد کو اپنی اولین فرصت میں پاکستان کا دورہ کرنے کی دعوت دی۔ دونوں رہنمائوں نے دوطرفہ اشتراک عمل اور عالمی سطح پر تعاون کے مزید فروغ کے لئے قریبی رابطہ استوار رکھنے پر اتفاق کیا۔