Live Updates

سعید غنی نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کو ’ٹانگ مارچ‘ قرار دے دیا

عمران خان کا ٹانگ مارچ مجھے اسلام آباد جاتا نظر نھی آرہا ہے، عمران خان کے پیچھے جو لوگ پھنسے ہوئے ہیں انہوں نے پنڈی پلان بنایا، 26 تاریخ کو یہ پلان مکمل ہونے جارہا ہے۔ پی پی رہنماء کی پریس کانفرنس

Sajid Ali ساجد علی اتوار 20 نومبر 2022 13:20

سعید غنی نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کو ’ٹانگ مارچ‘ قرار دے دیا
کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 20 نومبر 2022ء ) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنماء سعید غنی نے پی ٹی آئی لانگ مارچ کو ’ٹانگ مارچ‘ قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عمران خان اور بھارتی میڈیا کا ایک پیج پر ہیں، بھارتی تجزیہ کار کہہ رہے ہیں بھارت اربوں روپے لگا کر بھی وہ نہیں کرسکا جو عمران خان کر رہا ہے، عمران خان کا ٹانگ مارچ مجھے اسلام آباد جاتا نظر نھی آرہا ہے، عمران خان کے پیچھے جو لوگ پھنسے ہوئے ہیں انہوں نے پنڈی پلان بنایا، ایک ادارے کے سربراہ کی تعیناتی کو اتنا تماشا بنانا افسوس کی بات ہے، عمران خان کسی ملی بھگت سے اقتدار میں آہی نہیں سکتے۔

صوبائی وزیر سندھ نے کہا کہ عمران خان ادارے، عدالتیں اور بیوروکریٹس کو دھمکیاں دیتا ہے، الیکشن کمیشن عمران خان کو برا لگتا ہے کیونکہ وہ اس کی مرضی کا فیصلہ نہیں دیتا، توشہ خانہ کی ویلیو 10 کروڑ دکھائی، بیچ 5 کروڑ میں دیا، رسید ایسی دی جیسی سبزی والا نہیں دیتا، تم گھڑی کا جواب دو، اب تو نئے نئے قصے سامنے آرہے ہیں۔

(جاری ہے)

سعید غنی نے کہا کہ عمران خان کو گرفتار ہونا چاہیے، عمران خان اور بھارتی میڈیا ایک پیج پر ہیں، کوئی عمران خان سے پوچھے تو سہی کہ یہ کیوں کرتا ہے، سپریم کورٹ کا فیصلہ ہے کہ اس نے آئین شکنی کی ہے، یہ ساری چیزیں ثابت کرتی ہیں کہ عمران خان دھوکے باز ہے، یہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کے ایجنڈے پر ہے، جھوٹ اتنا بولا ہے کہ اب ان سے سنبھل نہیں رہا۔

بتاتے چلیں کہ پاکستان تحریک انصاف کے چئیرمین عمران خان نے عوام کو 26 نومبر کو راولپنڈی پہنچنے کی کال دے دی ہے، انہوں نے لانگ مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 ماہ پہلے حقیقی آزادی کی تحریک شروع ہوئی، تحریک کے دوران ہمارے لوگوں پر ظلم کیے گئے، ہمارے لوگوں نے تحریک کے دوران قربانیاں دیں، شہباز شریف نے کئی سو لوگ مقابلے میں مروائے، عابد باکسر نے ٹی وی پر کہا میرے ذریعے لوگوں کو مروایا۔

عمران خان نے کہا کہ انہوں نے 25 کوئی جو کیا کبھی نہیں بھولیں گے، ہمارے کارکنان کے گھروں پر چھاپے مارے، ہمارے احتجاج میں کبھی تشدد نہیں کیا گیا، ہمارے ڈرانے کے لیے خوف کا ماحول بنایا گیا، تاریخ میں ایسے جلسے نہیں ہوئے جیسے ہم نے کیے، اس پر انہوں نے لوگوں کو جیلوں میں ڈالا ایف آئی آر کی بارش ہوئی، جب انہوں نے مارچ کیے ہم نے کبھی رکاوٹ نہیں ڈالی، ہم نے ان کے احتجاج کو روکنے کے لیے کنٹینر نہیں لگائے، شہباز گل کو ایک جملہ کہنے پر تشدد کا نشانہ بنایا گیا، اعظم سواتی کو پوتے پوتیوں کے سامنے مارا گیا، پھر تشدد کیا گیا، ڈرانے کے لیے ان کی اہلیہ کو ویڈیو بھیجی گئی، اعظم سواتی اور شہباز گل پر تشدد کرکے پیغام دیا گیا کہ عمران خان کے ساتھ بھی یہی کریں گے،انہیں لگتا تھا کہ عمران خان ڈر جائے گا۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات