Live Updates

سندھ میں ایک میگا کرپشن اسکینڈل آیا تھا جسے چھپا دیا گیا،علی زیدی

سابق سیکریٹری بلدیات ضمیر عباسی کو سی ایم ہاوس میں بے عزت کر کے ڈسمس کیا گیا،صدر پی ٹی آئی سندھ کی پریس کانفرنس

پیر 6 فروری 2023 20:35

سندھ میں ایک میگا کرپشن اسکینڈل آیا تھا جسے چھپا دیا گیا،علی زیدی
کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 06 فروری2023ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر و سابق وفاقی وزیر علی زیدی نے کہا ہے کہ سندھ میں ایک میگا کرپشن اسکینڈل آیا تھا جسے چھپا دیا گیا۔ سابق سیکریٹری بلدیات ضمیر عباسی کو سی ایم ہاوس میں بے عزت کر کے ڈسمس کیا گیا۔ انہوں نے جعلی بھرتیوں کو بے نقاب کیا تھا۔ جعلی بھرتیوں پر لوگ قوم کے ٹیکس کے اربوں روپے کھا رہے تھے۔

سندھ بینک میں اکاؤنٹ کھلتے رھے کسی نے سوال نہیں کیا۔ کوئی نیب، اینٹی کرپشن نے کردار ادا نہیں کیا۔ کسی عدالت نے اس پر سو موٹو نہیں لیا۔ سندھ کا بجٹ 93 فیصد تنخواہوں میں جاتا ہے۔ ترقی کے لیے 7 فیصد حصہ مختص ہے۔ یہ جعلی بھرتیوں پر لوگ الیکشن کے دنوں میں پریزائیڈنگ افسر بنائے جاتے ہیں۔ جو پارٹی کراچی میں وجود نہیں رکھتی آج کہہ رہی ہے ہم کراچی کی سب سے زیادہ سیٹیں جیتنے والی جماعت ہیں۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پی ٹی آئی سندھ سیکریٹریٹ میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ان کے ہمراہ سابق وزرائے اعلی سندھ غو ث علی شاہ، لیاقت جتوئی، پی ٹی آئی کے سینئر رہنما فردوس شمیم نقوی، غلام رسول انڑ، شیر محمد رند، گل محمد رند، آغا ارسلان، ترجمان پی ٹی آئی سندھ ارسلان تاج، ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات نثار احمد شر اور دیگر موجود تھے۔

علی زیدی نے مزید کہا کہ زرداری پاکستان کا سب سے بڑا کرمنل ہے۔ جو تباہی اس نے صوبے میں کی ہے اس سے بڑا کرمنل نہیں ہو سکتا۔ اس پر سوال اٹھانے والا توہین زرداری کا مرتکب قرار دیا جاتا ہے۔ اے پی سی میں ایسا کیا ہوگا جو قومی اسمبلی میں نہیں ہو سکتا۔ اب سمجھ آگیا ہے یہ الیکشن سے کیوں بھاگ رہے ہیں۔ انہوں نے الیکشن کروائے تو انکی سیاست ختم ہو جائے گی۔

بلدیاتی انتخابات کی رات تک لوگوں کو ڈرایا جارہا تھا۔علی زیدی کا مزید کہنا تھا کہ کل الیکشن کمیشن میں ہماری پیشی ہے۔کل ہم 40 یوسیز کے لیے الیکشن کمیشن جائیں گے۔انہوں نے مزید کہا کہ یہ قوم کو بے وقوف سمجھتے ہیں، یہ روز بیٹھ کر تماشا لگاتے ہیں۔قومی اسمبلی کے الیکشن میں خطرہ نہیں ہے، لیکن صوبائی اسمبلی کے انتخابات میں انہیں خطرہ نظر آرہا ہے۔

انہوں نے پورا سسٹم تباہ کیا ہوا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ ہماری 43 ماہ کی حکومت میں 1.42 پیسے فی ماہ کے حساب سے روپے کی قدر میں کمی ہوئی۔ لیکن پی ڈی ایم کی 9 ماہ کی حکومت میں روپیہ 9.5 پیسے کے حساب سے نیچے گرا۔ ہمارے دور میں معیشت ترقی کر رہی تھی۔ ہمارے دور میں جی ڈی پی اوپر جارہا تھا۔ ایگریکلچر، انڈسٹریز اور دیگر شعبوں نے مثالی ترقی کی۔

ہمارے دور میں دو سال کورونا وائرس رہا۔ماہر معاشیات نے کہا کہ اگر حالات ایسے رہے تو پیٹرول اور ڈیزل پر افراتفری مچ جائے گی۔جو پڑھے لکھے لوگ ہیں وہ ملک چھوڑ کر جا رہے ہیں۔جو مہنگائی کا طوفان آرہا ہے اس سے مزید حالات خراب ہونگے۔اس کا واحد حل صاف اور شفاف انتخابات ہیں۔سیاسی اور معاشی استحکام ٹرین کی دو پٹریاں ہیں۔اس موقع پر سابق وزیر اعلی سندھ غوث علی شاہ نے کہا ک عمران خان کی مقبولیت ختم کرنے کے لیے کوششیں کی جارہی ہیں۔

پاکستان کے عوام عمران خان کے ساتھ ہیں۔قوم کو امید ہے عمران خان بہتری لائیں گے۔مخالفین کی ساری کوششیں دم توڑ دیں گی۔کسی نہ کسی بہانے سے الیکشن ملتوی کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔سابق وزیر اعلی سندھ لیاقت جتوئی نے کہا کہ آج ڈالر تین سو روپے میں نہیں مل رہا۔پیٹرول اور دیگر اشیاء کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں۔ہماری معیشت ڈوبنے جارہی ہے۔

حکومت صرف گرفتاریوں میں لگی ہے۔ہم انڈیا، بنگلہ دیش اور افغانستان سے پیچھے رہ گئے۔عمران خان کو عوام کے دلوں سے نکالنا ممکن نہیں ہے۔ فردوس شمیم نقوی نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ ہمارا ضمنی الیکشن لڑنے کا واحد مقصد سازش کو ناکام بنانا ہے۔ انہوں نے سازش کی ہے کہ کسی طرح قومی اسمبلی میں اکثریت لائیں۔ ہم نے اس سازش کو عوام کی مدد سے روکنا ہے۔عوام تحریک انصاف کے تمام امیدواروں کو کامیاب کروائیں گے۔اس موقع پر پی ٹی آئی رہنماوں نے ترکیہ اور شام میں زلزلے سے ہونے والے جانی اور مالی نقصان پر افسوس اور متاثرین سے دلی ہمدردی کا اظہار کیا۔رہنماوں نے حکومت پر زور دیا کہ متاثرہ ممالک کی محدود وسائل میں رہتے ہوئے ہر ممکن مدد کی جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات