ایم کیو ایم اور ن لیگ کے درمیان یہ رشتہ قائم رہے،خالد مقبول صدیقی

کراچی کو اس کا حق ملنا چاہیے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا، اس حوالے سے ایم کیو ایم ہماری سنجیدہ پارٹنر ہے، صدر مسلم لیگ ن شہباز شریف سابق وزیر اعظم کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے نمائندہ وفد کی ڈاکٹر خالد مقبول اور اراکین رابطہ کمیٹی سے ملاقات ،ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورت حال سمیت کراچی کی سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال

جمعہ 29 دسمبر 2023 22:05

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 دسمبر2023ء) سابق وزیر اعظم میاں شہباز شریف کی سربراہی میں مسلم لیگ ن کے نمائندہ وفد نے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے مرکز بہادرآباد میں ایم کیو ایم کے کنوینیر ڈاکٹر خالد مقبول اور اراکینِ رابطہ کمیٹی سے ملاقات کی۔ ملاقات میں ملک کی موجودہ سیاسی و معاشی صورت حال سمیت کراچی کی سیاسی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا ۔

ملاقات میں ایم کیو ایم پاکستان کے سینئر ڈپٹی کنوینرز نسرین جلیل،سید مصطفی کمال، ڈاکٹر فاروق ستار، ڈپٹی کنوینرز انیس قائم خانی، و دیگر اراکین رابطہ کمیٹی موجود تھے جبکہ ن لیگی وفد میں مریم اورنگزیب، ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق، بشیر میمن، نہال ہاشمی اور کھیل داس کوہستانی شامل تھے۔ ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ہم شہباز شریف کو اپنے مرکز میں خوش آمدید کہتے ہیں، موجودہ پاکستان کی سیاسی صورتحال میں سیاسی جماعتوں کے درمیان زہنی ہم آہنگی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ پاکستان میں اب شراکتی اور شمولیتی جمہوریت کی ضرورت ہے، چاہتے ہیں کہ ایم کیو ایم اور ن لیگ کے درمیان یہ رشتہ قائم رہے، یہی بہتر پاکستان کی ضمانت ہے۔ اس موقع پر سابق وزیر اعظم پاکستان میاں شہباز شریف نے کہا کہ ہم ایم کیو ایم کے دولت خانے پر حاضر ہوئے ہیں ،ایم کیو ایم کے لئے اپنے قائد میاں نواز شریف کا خیر سگالی کا پیغام لے کر آئے ہیں،ایم کیو ایم سے تعلق دہائیوں پرانا ہے،جب مخلوط حکومت بنی میرے ایم کیو ایم پر اعتماد کو مزید تقویت ملی، تمام درپیش مسائل میں چاہئے سندھ میں سیلاب کا مسئلہ، مہنگائی کا مسئلہ، معیشیت کا مسئلہ ہو سب پر ایم کیو ایم نے بھرپور ساتھ دیا، اگلا الیکشن فیصلہ کرے گا کہ پاکستان کو ترقی کی طرف جانا ہے، جو پاکستان کو پیچھے دیکھنا چاہتے ہیں ان کی سازشیں عروج پر ہیں، جھوٹ بول کر پاکستان کے معاشرے میں زہر گھولا گیا، اب ہماری ذمہ داری ہے کہ ترقی کا دوبارہ آغاز کریں، جب قوموں پر چیلنجز آئیں تو وہی قوم ترقی کرتی ہے جو ان کا سامنا کرنا جانتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ کراچی میں جو ہجرت کر کے آئے ان کی قربانیاں قابل ذکر ہیں، آج وہ لوگ یہاں موجود ہیں، ترقی کے لئے یہاں نوجوانوں کے ہاتھوں میں لیپ ٹاپ ہونے چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ یہ شہر ملک کا کماو پوتھ ہے، اس شہر کو اس کا حق ملنا چاہیے، تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہو گا، اس حوالے سے ایم کیو ایم ہماری سنجیدہ پارٹنر ہے۔