کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت کی 23مارچ کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو دلی مبارکباد

جمعہ 22 مارچ 2024 19:11

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 22 مارچ2024ء) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی قیادت نے 23مارچ کے قومی دن کے موقع پر پاکستانی عوام اور حکومت کو دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے ملک کی ترقی ،خوشحالی اوراستحکام کیلئے دعا کی ہے۔ کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظربند چیئرمین مسرت عالم بٹ اور شبیر احمد شاہ اور مولوی بشیر عرفانی سمیت دیگر سینئر رہنمائوں نے سرینگر میں جاری اپنے بیانات میں کہاکہ مقبوضہ کشمیر میں جاری جدوجہد آزادی تحریک پاکستان کا تسلسل ہے اور 23مارچ 1940کی تاریخی قرارداد سے کشمیریوں کو بھارتی تسلط سے اپنے مادروطن کی آزادی کی تحریک ملتی ہے۔

حریت رہنمائوں نے کہاکہ کشمیری عوام اپنے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت کی منصفانہ جدوجہد کی سیاسی ، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھنے پر پاکستان کی حکومت اور عوام کے بے حد مشکور ہیں۔

(جاری ہے)

حریت قیادت نے مزید کہا کہ کشمیر کے دیرینہ تنازعہ کے حل کے لیے ایک مضبوط اور مستحکم پاکستان انتہائی ناگزیر ہے ۔ سرینگر، ڈوڈہ اورمقبوضہ کشمیر کے دیگر علاقوں میں پوسٹر چسپاں کئے گئے ہیں جن پر یوم پاکستان کے موقع پر پاکستان کی حکومت اور عوام کیلئے تہنیتی پیغامات درج ہیں ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس اور دیگر حریت تنظیموں کی طرف سے چسپاں کئے گئے پوسٹروں پر'' ہم پاکستانی ہیں، پاکستان ہمارا ہے اور کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے'' جیسے نعرے درج تھے۔ پوسٹروں پر قائداعظم محمد علی جناح، علامہ محمد اقبال، لیاقت علی خان، وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر کی تصاویر بھی موجود ہیں۔ ادھر کشمیری نمائندے الطاف حسین وانی نے اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل کے 55ویں اجلاس کے موقع پر ایجنڈا آئٹم 4 کے تحت ورلڈ مسلم کانگریس کی جانب سے عمومی بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ انسانی حقو ق کونسل کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی انسانی حقوق کی سنگین صورتحال پر توجہ مرکوز کرنی چاہیے ۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام گزشتہ 76برس سے بھارتی تسلط کا شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے دوران حراست قتل، جبری گرفتاریاں اورگمشدگیاں، ظلم و تشدد، خواتین کی آبرو ریزی اور املاک کی تباہی کا سلسلہ جاری ہے۔ دریں اثناء راجوری کے علاقے پالمامیں لوگوں نے بجلی اور پانی سے متعلق اپنے بنیادی مسائل حل کرنے میں قابض انتظامیہ کی بے حسی کے خلاف زبردست احتجاجی مظاہرہ کیا۔ انہوں نے راجوری کوٹرنکا روڈ پراحتجاجی دھرنا دیا اور گاڑیوں کی آمدورفت معطل کر دی ۔