شہید ذوالفقارعلی بھٹو کی 45 ویں برسی (کل) ملک بھر کی طرح پورے آزاد کشمیر میں منائی جائے گی

بدھ 3 اپریل 2024 14:24

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 03 اپریل2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی نے اپنے بانی چیئرمین ملک کے پہلے کے منتخب وزیراعظم ایٹمی پروگرام اور انیس سو تہتر کے متفقہ آئین کے بانی عالمی شہرت یافتہ انقلابی رہنما قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی 45ویں برسی رمضان المبارک کے تقدس کے پیش نظر ملک بھر کی طرح پورے آزاد کشمیر میں چار اپریل کو آج سادگی سے منائی جارہی ہے اور 14اپریل کو گڑھی خدا بخش شہداء کے مزارات پر تاریخ ساز جلسہ عام سے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری خطاب کریں گے اور چاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر بھر میں تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا ۔

جبکہ آزاد کشمیر میں 4اپریل کو قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو کی برسی انتہائی عقیدت و احترام نظریاتی جوش و جذبے عقیدت و احترام سے تمام ضلعی تحصیل سٹی مقامات پر پروقار تقریبات منعقد کی جائیں گی ۔

(جاری ہے)

دارالحکومت مظفرآباد کے پیپلز سیکرٹریٹ چھتر میں برسی کی تقریب ہو گی جس کے مہمان خصوصی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ہوں گے ۔

ان خیالات کا اظہار پاکستان پیپلز پارٹی آزاد کشمیر کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات نامزد امیدوار اسمبلی حلقہ سات شوکت جاوید میر نے گزشتہ روز پارٹی کے صدر چوہدری محمد یاسین سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور کی جانب سے جاری شیڈول پر میڈیا کو تفصیلات بتاتے ہوئے ہوئے کیا ۔انہوں نے کہا کہ چار اپریل کو دن کا نماز فجر کے بعد مساجد شریف اور گھروں میں تلاوت کلام پاک اور فاتحہ پڑھ کر قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شھید مادر جمہوریت محترمہ نصرت بھٹو،میر شاہ نواز بھٹو،میر مرتضی بھٹو سمیت شھدائے جمہوریت شھدائے سانچہ کار ساز شہدائے لیاقت باغ شھدائے دہشتگردی شھدائے افواج پاکستان شہدائے کشمیر و فلسطین کے ارواح کی بلندی درجات کو ایصال ثواب کی جائے گی جبکہ قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو دختر مشرق محترمہ بینظیر بھٹو شھید کی قومی و عالمی خدماتِ کو خراج عقیدت پارٹی کی لازوال انتھک جہد مسلسل کو خراج تحسین پیش کر کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری سیاسی امور کی چیئرپرسن محترمہ فریال تالپور کی قیادت میں مظبوط وفاق،مقبوضہ جموں و کشمیر کی آزادی،استحصال سے پاک معاشرے،قومی وسائل کی غیر منصفانہ تقسیم،طبقاتی نظام تعلیم، فرسودہ روایات، سماجی ناہمواریوں، عدم برداشت کے خلاف پارٹی کی بنیادی اساسی انقلابی دستاویزات (منشور) کے مطابق ائین قانون کی حکمرانی جمہوریت کے استحکام ناقابل تسخیر دفاع دہشت گردی لا قانونیت انتہا پسندی فرقہ واریت اور چہروں کے بجائے طبقاتی نظام کی تبدیلی کے ذریعے روشن خیال ترقی پسند افکار و نظریات کی بنیادی تبدیلیاں لانے کا تجدید عہد کیا جائے گا ۔

شوکت جاوید میر نے بتایا کہ پارٹی صدر چوہدری محمد یاسین سپیکر چوہدری لطیف اکبر مرکزی سینئر رہنما چوھدری ریاض سیکرٹری جنرل فیصل راٹھور نے پارٹی کی جانب سے جاری کردہ شیڈول پر جملہ تنظیموں کو عمل درآمد کرنے کی ھدایات جاری کر دیں ہیں۔چار اپریل کی مرکزی تقریب دن دس بجے سٹیٹ گیسٹ ہاؤس جلال آباد میں منعقد ہو گی جس کے مہمان خصوصی سپیکر قانون ساز اسمبلی چوہدری لطیف اکبر ہوں گے تقریب سے وزراء کرام ممبران اسمبلی ٹکٹ ہولڈرز پارٹی اور اسکی ذیلی تنظیم ہا کے عہدیداران کارکنان خطاب کریں گے پارٹی اور اسکی ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں کارکنوں کے علاوہ بلدیاتی اداروں کے منتخب ممبران شرکت کو یقینی بنائیں۔