ملک بھر میں عید الفطرمذہبی جوش و خروش کے ساتھ منائی گئی، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے نماز عید لاہور اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں ادا کی،آرمی چیف جنرل عاصم منیر نے اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید منائی

بدھ 10 اپریل 2024 23:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 10 اپریل2024ء) ملک بھر کی طرح وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں عید الفطر مذہبی جوش وجذبے اور عقیدت و احترام کے ساتھ منائی گئی، نماز عید کے روح پرور اجتماعات میں امت مسلمہ اور ملک اور قوم کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں، وزیرِ اعظم محمد شہباز شریف نے عید الفطر کی نماز لاہور میں اور صدر مملکت آصف علی زرداری نے نواب شاہ میں ادا کی، پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے میرانشاہ اور سپن وام کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید منائی۔

وفاقی دارالحکومت میں عیدالفطر کا مرکزی اجتماع فیصل مسجد میں منعقد ہوا، پاکستان کے دورہ پر آئے مسلم ورلڈ لیگ کے سیکرٹری جنرل محمد بن عبدالکریم العیسی نے خطبہ دیا اور نماز عید کی امامت کرائی۔

(جاری ہے)

اعلی حکومتی شخصیات اور مسلمان ممالک کے سفرا اور بڑی تعداد میں شہریوں نے فیصل مسجد میں نماز عید ادا کی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ملک و قوم کی ترقی و خوشحالی اور امت مسلمہ کی یکجہتی کے لیے خصوصی دعا کی۔

نماز عید کی ادائیگی کے بعد انہوں نے لوگوں کو عید کی مبارکباد دی۔بعد ازاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ عید مناتے ہوئے قوم کو ان بھائیوں اور بہنوں کو یاد رکھنا چاہیے جنہیں مدد کی ضرورت ہے۔انہوں نے قوم سے کہا کہ وہ پاکستان کو قائداعظم محمد علی جناح اور علامہ محمد اقبال کے ویژن کے مطابق اسلامی فلاحی ریاست بنانے کا عہد کریں۔

انہوں نے کہا کہ آئیے ہم ان لوگوں کا خیال رکھنے کا اعادہ کریں جنہیں ہماری ضرورت ہے اور ہم مظلوم کشمیریوں اور فلسطینیوں کی حمایت میں آواز بلند کریں جن کا خون آج بھی بہایا جا رہا ہے۔وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ اور حمزہ شہباز نے بھی وزیراعظم کے ہمراہ نماز ادا کی۔ صدر مملکت آصف علی زرداری نے عید الفطر کی نماز نواب شاہ میں ادا کی۔

اس موقع پر صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملک کی سلامتی، خوشحالی اور ترقی کے لئے دعا کی۔صدر مملکت اس موقع پر مسجد میں موجود لوگوں سے ملے اور عید کی مبارکباد دی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر کا میرانشاہ اور سپن وام کا دورہ کیا اور اگلے مورچوں پر جوانوں کے ساتھ عید منائی۔ پاک فوج کے سربراہ جنرل عاصم منیر نے شمالی وزیرستان میں اگلے مورچوں پر جوانوں کو عید کی مبارکباد دی۔

آرمی چیف نے جوانوں کے ہمراہ پاکستان کے پائیدار استحکام اور خوشحالی کے لیے دعائیں کیں اور جوانوں کو عید الفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے قوم کے لیے ان کے غیر متزلزل جذبے اور خدمات کو سراہا۔ جنرل عاصم منیر کو آپریشنل تیاریوں اور موجودہ سکیورٹی کی صورتحال اور پاک افغان سرحد کے ساتھ سرحدی حفاظتی اقدامات پر بھی بریفنگ دی گئی۔پاک فوج کے سربراہ نے قربانیوں سے حاصل امن کی حفاظت کیلیے اجتماعی کوششوں کی ضرورت پر زور دیا اور کہاکہ بھاری قربانیوں سے حاصل امن کو برقرار رکھنا سب کی ذمہ داری ہے۔

انہوں نے کہا کہ شہدا کی قربانیوں کے بدولت ضم شدہ اضلاع اور خیبر پختونخوا میں سماجی و اقتصادی ترقی کے لیے محفوظ ماحول فراہم ہوا، قوم کی خدمت میں اپنے پیشہ ورانہ فرائض پر غیر متزلزل توجہ مرکوز رکھیں۔آرمی چیف نے امن و استحکام کیلیے فارمیشن کے کردار کو سراہا۔ چاروں صوبائی دارالحکومتوں میں بھی عید گاہوں اور جامع مساجد میں نماز عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔

لاہور میں نماز عید کا سب سے بڑا اجتماع تاریخی بادشاہی مسجد میں ہوا، تاریخی بادشاہی مسجد میں نماز عیدالفطر کا بڑا اجتماع ہوا،مولانا عبدالخبیر آزاد نے نماز عید پڑھائی، گورنر پنجاب بلیغ الرحمان نے بادشاہی مسجد میں نماز عید ادا کی۔ کراچی، پشاور اور کوئٹہ سمیت ملک کے تمام شہروں اور قصبوں میں عید الفطر کے اجتماعات میں ملک کی سلامتی، ترقی اور استحکام کے لئے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔

آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے تمام شہروں اور قصبوں میں مساجد اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے ہزاروں چھوٹے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، کراچی میں پولو گرائونڈ میں گورنر سندھ سمیت دیگر سیاسی رہنمائوں نے نماز عید ادا کی۔ اس موقع پر سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔ اسلام آباد اور راولپنڈی میں نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے، عید الفطر کی نماز کے بعد ملکی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

پنجاب کے صوبائی دارالحکومت لاہور میں بھی نمازِ عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے، نماز عید کے بعد پاکستان کی سلامتی، فلسطین اور بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر سمیت دنیا بھر کے مقبوضہ علاقوں کے مسلمانوں کے لیے خصوصی دعائیں مانگی گئیں۔ خیبر پختونخوا کے صوبائی دارالحکومت پشاور میں بھی نمازِ عید کے بڑے اجتماعات ہوئے۔ پشاور کے مختلف علاقوں میں بھی شہریوں نے مساجد اور کھلے میدانوں میں نمازِ عید ادا کی۔

کوئٹہ اور ملک دیگر شہروں میں نماز عید کے بڑے اجتماعات میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ آزاد جموں و کشمیر گلگت بلتستان میں بھی عید الفطر مذہبی عقیدت و احترام سے منائی گئی ، تمام چھوٹے بڑے شہروں میں مساجد ،امام بارگاہوں ، کھلے میدانوں اور عیدگاہوں میں نماز عید کے اجتماعات منعقد ہوئے ۔ ملک بھر میں عیدالفطر کے موقع پر امن و امان کی صورتحال برقرار رکھنے کے لئے سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ۔

میٹھی عید کی بڑی خوشیاں منانے کے لئے خواتین بچوں اور نوجوانوں نے اپنے اپنے انداز میں عید منائی، اس حوالے سے چاند رات کو مارکیٹوں اور بازاروں میں رات گئے تک خوب رش رہا،خواتین بیوٹی پارلر اور مہندی لگانے اوررنگ برنگی چوڑیوں کے اسٹالوں پر مصروف رہیں جبکہ نوجوان اور منچلے ہیر سیلون کی دکانوں پر تیار ہوتے نظر آئے۔