Live Updates

بیگناہ انسانوں کے قتل کا ماسٹر مائنڈ خود دہلی ہے‘لیاقت بلوچ

بھارتی مہم جوئی دروغ گوئی پر مبنی ایک اور فالس فلیگ آپریشن اور غزہ پر اسرائیلی صیہونی ظلم سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے

بدھ 23 اپریل 2025 19:45

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 23 اپریل2025ء)نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پہلگام (سری نگر) مقبوضہ کشمیر میں سیاحوں پر دہشت گرد حملہ قابلِ مذمت ہے،بیگناہ انسانوں کے قتل کا ماسٹر مائنڈ خود دہلی ہے، جو انسانی لاشوں پر اپنے جارحانہ اور وحشیانہ مقاصد کی تکمیل کی سیاست کرتا ہے۔

جموں و کشمیر کے عوام اور پاکستان کے خلاف نئی بھارتی مہم جوئی دروغ گوئی پر مبنی ایک اور فالس فلیگ آپریشن اور غزہ پر اسرائیلی صیہونی ظلم سے توجہ ہٹانے کی سازش ہے۔ بھارت اپنی سازش اور ناکامی کو چھپانے کے لیے پاکستان کے خلاف زہریلا پروپیگنڈہ ایک ایسے موقع پر کررہا ہے جب امریکی نائب صدر جے ڈی وینس اپنی بھارتی نژاد بیوی کیساتھ بھارت کے دورے پر ہیں۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ سے مجلس وحدتِ اُمت کے سیکرٹری جنرل قاری حنیف جالندھری نے ٹیلی فون پر رابطہ کیا اور 27 اپریل مینارِ پاکستان یکجہتی فلسطین جلسہ میں شرکت کی دعوت دی اور انتظامی مشاورت کی۔لیاقت بلوچ نے اسلام آباد میں جماعتِ اسلامی آزاد جموں و کشمیر کے مرکزی رہنما چوہدری محمود الحسن کے انتقال پر راجہ محمد فاضل، مرحوم کی بیوہ سابق ممبر قانون ساز اسمبلی رفعت صاحبہ اور عبدالرشید ترابی سے تعزیت، دُعائے مغفرت کی اور مرحوم کی دینی، آزادکشمیر کے لیے خدمات کو سراہا۔

لیاقت بلوچ نے وفاقی وزیر مملکت داخلہ طلال چوہدری اور اسلام آباد پولیس و انتظامیہ سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 20 اپریل کو پُرامن، پُرجوش، باوقار یکجہتی فلسطین ریلی سے پاکستان اور خود انتظامیہ کی ساکھ میں اضافہ ہوا ہے۔ پُرامن احتجاج، آزادی اظہارِ رائے اور قانون و آئین کا پابند احتجاج عوام کا جمہوری حق ہے۔ حکمران سکیورٹی کی چھتری بلند کرکے عوام کے آئینی جمہوری حقوق سلب نہ کریں۔

لیاقت بلوچ نے لاہور اور اسلام آباد میں سیاسی مشاورتی اجلاس اور 26 اپریل کی ملک گیر ہڑتال کے حوالے سے تاجر رہنماؤں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ 26 اپریل ملک گیر شٹرڈاؤن ہڑتال فلسطینیوں سے فقیدالمثال یکجہتی ہوگی، تاجر برادری نے بیت المقدس کی آزادی اور فلسطینیوں پر ظلم کے خلاف اتفاقِ رائے سے تاریخ ساز ہڑتال کا فیصلہ کیا جو بہت حوصلہ افزاء ہے۔

27 اپریل کو مجلس وحدتِ اُمت کے زیراہتمام مینارِ پاکستان پر تمام دینی جماعتوں اور اسلامیانِ پاکستان کا یکجہتی فلسطین جلسہ عام بھی تاریخ ساز ہوگا۔ حکومت عوام کی بیداری اور وارننگ کے باوجود فلسطین و کشمیر پر سیاسی، سفارتی، اقتصادی اور عسکری حکمتِ عملی طے کرنے میں مجرمانہ غفلت کا مظاہرہ کررہی ہے۔ پاکستان کے عوام کو حکومتی بے حِسّی کے خلاف سخت گیر اقدام کرنے پر مجبور کیا جارہا ہے۔

لیاقت بلوچ سے ہدیة الہادی کے امیر پیر سید ہارون گیلانی اور مرکزی مسلم لیگ کے مرکزی رہنما قاری یعقوب شیخ نے رابطہ کیا اور ملاقات میں قومی مجلسِ مشاورت کے مشترکہ اعلامیہ کے اُمور پر تبادلہ خیال کیا۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں اور قومی مجلسِ مشاورت کی جماعتوں کے درمیان یہ مکمل اتفاق ہے کہ ملک بدترین اور گھمبیر سیاسی، اقتصادی اور نظریاتی بحرانوں سے دوچار ہے، عوام عدل و انصاف چاہتے ہیں، اِس کے لیے آزاد، باعتماد عدلیہ ضروری ہے۔

عدلیہ کو ہر دور میں حکومتوں نے سیاسی مقاصد کے لیے استعمال کیا، مخالفین کو فِکس اًپ کرنے کا آلہ کار بنایا، اِسی وجہ سے آج عدلیہ کا وجود مفلوج اور آزاد عدلیہ کا تصور خواب بن کر رہ گیا ہے۔ وفاق صوبوں کے آئینی حقوق میں مداخلت نہ کرے، اسٹیبلشمنٹ فیڈریشن کو ون یونٹ نظام نہ بنائے، صوبوں کی تمام شکایات کے ازالہ کے لیے وزیراعظم بِلاتاخیر مشترکہ مفادات کونسل کا اجلاس بلائیں۔

ایک سال گذر جانے کے باوجود سینیٹ آف پاکستان میں خیبرپختونخوا کی نمائندگی کے دروازے حکومت، اسٹیبلشمنٹ اور الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بند کیے ہوئے ہیں۔لیاقت بلوچ نے کہا کہ مستقبلِ قریب میں سیاسی اتحاد بننے کا کوئی امکان نہیں، پی ٹی آئی کا اندرونی انتشار اسٹیبلشمنٹ کی طاقت بن گیا ہے، جو عمران خان کی رہائی اور قومی سطح پر قومی ترجیحات پر سیاسی ہم آہنگی کے لیے بھی مشکلات کا باعث ہے۔ جماعتِ اسلامی کا دوٹوک مؤقف ہے کہ سیاسی قیدیوں خصوصاً خواتین رہنماؤں کو فوری طور پر رہا کیا جائے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات