Live Updates

سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن کا یوم تشکر اور یوم فتح کی تقریب سے خطاب

صدر آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی ہدایات پر سندھ بھر میں یوم فتح اور یوم تشکر منایا جا رہا ہے،سینئروزیرسندھ

جمعرات 15 مئی 2025 21:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 مئی2025ء) سندھ کے سینئر وزیر شرجیل انعام میمن نے یوم تشکر اور یوم فتح کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ صدر آصف علی زرداری ، چیئرمین بلاول بھٹو زرداری اور محترمہ فریال تالپور کی ہدایات پر سندھ بھر میں یوم فتح اور یوم تشکر منایا جا رہا ہے، شرجیل انعام میمن نے کہاکہ ہماری یہ کامیابی آنے والی نسلوں کو بھی یاد رہے گی کہ کس طرح ہمارے جوانوں نے بھارت کو دھول چٹائی، یہ تاریخ میں سنہری حروف میں لکھا جائے گا۔

ہمارے نیوی، فضائیہ اور بری فوج کے جوانوں نے بھارت کو بدترین شکست دی ہے، بھارت کا ایشین ٹائیگر بننے کا خواب پاکستان نے چکنا چور کر دیا ہے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ پوری دنیا میں پیغام جا چکا ہے کہ ایشیا میں اگر کوئی سپر ٹائیگر ہے تو وہ پاکستان ہے، یہ جنگ ہماری بہادر افواج کے ساتھ ساتھ پورے پاکستانی قوم نے مل کر جیتی ہے، انہوں نے کہا کہ بھارتی میڈیا جھوٹا پروپیگندہ کرتا رہا، پاکستانی میڈیا کا کردار ناقابل فراموش ہے، یہ جنگ بھٹو خاندان نے بھی لڑی ہے، بھارت ڈرتا رہا کہ پاکستان ایٹمی ہتھیاروں کا بٹن نہ دبا دے۔

(جاری ہے)

سینئر صوبائی وزیرنے مزید کہا کہ پاکستان کو ایٹمی قوت بنانے والا کوئی اور نہیں قائد عوام شہید ذوالفقار علی بھٹو تھے، اس جنگ میں ہمیں شہید بی بی بھی یاد آئیں، وہ بھی اس جنگ میں موجود تھیں، ہمیں میزائل ٹیکنالوجی دینے والا کوئی اور نہیں شہید محترمہ بینظیر بھٹو تھیں، اس جنگ میں پاکستان کے سپریم کمانڈر صدر آصف علی زرداری بھی پیش پیش تھے۔

اس جنگ میں اس خاندان کی تیسری نسل چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھی موجود تھے۔ شرجیل انعام میمن نے کہا کہ جس طرح بلاول بھٹو بین الاقوامی میڈیا کے سامنے پاکستان کی جنگ لڑ رہے تھے اس کی مثال نہیں ملتی، یہ وہی بلاول بھٹوزرداری ہیں جنہوں نے یو این میں کہا تھا کہ مودی بچر آف گجرات، بچر آف کشمیر ہے، بھارتیہ جنتا پارٹی نے چیئرمین بلاول بھٹو کے سر کی قیمت رکھی اس کے باوجود چیئرمین بلاول بھٹو زرداری بھارت گئے اور وہاں پر بھی کشمیر کا مقدمہ لڑا، شرجیل انعام میمن نے کہا کہ میں بہادر افواج کے ساتھ ساتھ پیپلز پارٹی کی بہادر عوام کو بھی سلام پیش کرتا ہوں، بھٹو خاندان کی تینوں نسلیں اس جنگ میں موجود تھیں اور ان کے کارنامے اس جنگ میں پیش پیش تھے، جب تک دنیا قائم رہے گی پاکستان قائم رہے گا، ہمارے جوانوں نے جس طرح بھارت کو دھول چٹائی اس پر پورا پاکستان آپ پر فخر کرتا ہے۔

Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات