Live Updates

حنیف عباسی کا اٹک میں والہانہ استقبال، عوامی جلسے سے خطاب، پاک فوج کو خراجِ تحسین

ناموس رسالت ہمارے ایمان کا حصہ ہے ، ہمیشہ حق کا دفاع کرتے رہیں گے، وزیر ریلوے

پیر 19 مئی 2025 22:45

حنیف عباسی کا اٹک میں والہانہ استقبال، عوامی جلسے سے خطاب، پاک فوج ..
اٹک(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 مئی2025ء)وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی کے اعزاز میں اٹک میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مقامی عوام، سیاسی و سماجی شخصیات اور ضلعی انتظامیہ کے نمائندوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر وزیر ریلوے نے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے ملکی سلامتی، قومی یکجہتی، ترقیاتی منصوبوں اور عدالتی جدوجہد پر روشنی ڈالی۔

محمد حنیف عباسی نے اپنے خطاب میں کہا کہ وہ اٹک کی عوام کے شکر گزار ہیں جنہوں نے ہر مشکل وقت میں ان کا بھرپور ساتھ دیا۔ انہوں نے اپنی سیاسی جدوجہد، نیب کے مقدمات اور قید و بند کی صعوبتوں کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہمیشہ اصولوں پر قائم رہتے ہوئے عوامی خدمت کو ترجیح دی۔وزیر ریلوے نے ناموس رسالت کے حوالے سے اپنا دوٹوک موقف دہراتے ہوئے کہا کہ یہ معاملہ ہمارے ایمان کا حصہ ہے اور ہمیشہ حق کا دفاع کرتے رہیں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے نیب کیسز میں ان کے ہمراہ موجود رہنے والے حمزہ صفدر کا خصوصی ذکر بھی کیا۔جلسے سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج کا دن یومِ فتح اور یومِ تشکر ہے۔ انہوں نے پاک فوج کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطنِ عزیز میں امن و امان کے قیام کا سہرا شہدا اور افواجِ پاکستان کی قربانیوں کے سر ہے۔ انہوں نے انکشاف کیا کہ دشمن نے شہدا پر رات کی تاریکی میں حملہ کیا، مگر پاکستان نے بھرپور جواب دے کر دشمن کو پسپا ہونے پر مجبور کیا۔

بھارت کی جانب سے پانی روکنے کی دھمکیوں پر تبصرہ کرتے ہوئے وزیر ریلوے نے کہا کہ وزیراعظم نے نیشنل سکیورٹی کونسل کا اجلاس طلب کیا اور واضح پیغام دیا کہ اگر بھارت نے پانی بند کیا تو پاکستان منہ توڑ جواب دے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کے پانچ جنگی طیارے مار گرائے اور دشمن کو اپنی حد میں رہنے پر مجبور کیا۔نور خان ایئر بیس پر حملے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ پوری قوم نے یکجہتی کا مظاہرہ کیا، اور پاکستانی افواج نے میزائل حملوں کے ذریعے دشمن کو بھرپور جواب دیا۔

انہوں نے اپنی وہ پریس کانفرنس بھی یاد دلائی جسے بھارتی میڈیا آج بھی دکھا رہا ہے۔حنیف عباسی نے کہا کہ بھارت نے مودی کے ذریعے امریکہ سے مدد مانگی، مگر پاکستان نے اپنی خودداری اور عسکری طاقت سے جواب دیا۔ جنرل عاصم منیر کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ انہوں نے پاکستان کو عالمی سطح پر عزت دلائی، اور یہ ثابت کیا کہ شیر کو شیر ہی لیڈ کرتا ہے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ بھارت کی توقع تھی کہ دنیا اس کے ساتھ کھڑی ہو گی، مگر چین، ترکی اور ملائیشیا جیسے ممالک نے پاکستان کی حمایت کر کے بھارت کی سوچ کو غلط ثابت کر دیا۔ ان کے مطابق ہماری افواج نے دشمن کی 22 چوکیاں فتح کیں۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قوم کا جذبہ ایمان سے جڑا ہے اور آج ملک کی معیشت ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ وزیراعظم کے وژن پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جلد پاکستان میں غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافہ ہو گا۔

حنیف عباسی نے مریم نواز کا خصوصی شکریہ ادا کیا، جنہوں نے انہیں وزارتِ ریلوے کی بہتری کے لیے حوصلہ دیا۔ انہوں نے بتایا کہ پنجاب حکومت کے ساتھ مل کر ریلوے سروس کو بہتر بنایا جا رہا ہے، اور جلد راولپنڈی سے لاہور کا سفر صرف دو گھنٹوں میں ممکن ہوگا۔ علاوہ ازیں آر آئی سی اسپتال میں مفت علاج کی سہولتیں دی جائیں گی، اور عام آدمی کو لاکھوں روپے کے علاج کی مفت سہولت میسر آئے گی۔

انہوں نے کہاکہ سندھ اور بلوچستان ترقیاتی منصوبوں میں مقابلے کی دوڑ میں ہیں، جو خوش آئند ہے۔ تاہم، انہوں نے خیبرپختونخوا کی صورتِ حال پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہاں نہ تعلیم ہے، نہ انصاف، اور جو ترقیاتی کام کیے گئے، وہ بھی کرپشن کی نذر ہو گئے۔خطاب کے اختتام پر وزیر ریلوے نے "پاکستان زندہ باد" اور "پاک فوج پائندہ باد" کے فلک شگاف نعرے لگوائے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات