Live Updates

ملک میں اجارہ داری نظام کے ذریعے عوام کو دبا کر رکھا ہوا ہے، اسمبلی میں بیٹھے لوگوں کی پارٹیاں نہیں پراپرٹیاں ہیں، حافظ نعیم الرحمان

اتوار 25 مئی 2025 16:50

ملک میں اجارہ داری نظام کے ذریعے عوام کو دبا کر رکھا ہوا ہے، اسمبلی ..
کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 25 مئی2025ء)جماعت اسلامی پاکستان کے امیر حافظ نعیم الرحمن نے فاران کلب میں حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کے تحت سوشل میڈیا میٹ اپ بعنوان Karachi Connectسے خصوصی خطاب کرتے ہوئے کہاکہ جماعت اسلامی عوام کو ساتھ ملا کر انقلاب اور اسلامی نظام کے قیام کی جدوجہد کررہی ہے۔ اسلام اخلاقیات، معیشت، معاشرت، تجارت، قانون، تعلیم ،ذاتی و معاشرتی زندگی اور حکومت و ریاست سمیت ہر معاملے میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔

اسلام کے پیغام کو نشر کرنے کے لیے جو جو جدید آلات ہوسکتے ہیں انہیں استعمال کرنا ہے۔امریکہ و اسرائیل ٹیکنالوجی میں بہت آگے ہیں، ہم امریکہ و اسرائیل کی ٹیکنالوجی سے ہی ان کو شکست دیں گے، سوشل میڈیا میں ظلم کے نظام کو نہ صرف اجاگر کرنا بلکہ ظلم کے خلاف بغاوت اور اسلام کے عادلانہ نظام کے قیام کی تحریک چلانا ہوگی۔

(جاری ہے)

ملک میں اجارہ داری نظام کے ذریعے عوام کو دباکر رکھا ہوا ہے،سوشل میڈیا کے ذریعے عوام کو آگاہ اوراجارہ داری نظام کے خلاف متحد کرنا ہے۔

ہمارا مقصد اتحادویکجہتی پیدا کرنا اور انتشار کا خاتمہ، نوجوانوں کو امپاور کرنا ہے اورجو لوگ معاشرے میں نوجوانوں کو نشے کا عادی بنارہے ہیں ان کے خلاف تحریک چلاناہے۔ شہر میں فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین کے لیے کوئی آواز نہیں اٹھاتا۔ لاکھوں کی تعداد میں عورتیں دیہاڑی دار ملازم کے طور کام کرتی ہیں انہیں ملازمت کے حقوق حاصل نہیں۔

فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین کی آواز بننے کی ضرورت ہے۔حکومت و ریاست کے تحت تعلیم کا نظام یکساں ہونا چاہیے تھا لیکن یہاں بھی تقسیم پیدا کی گئی ہے۔تعلیم کو بھی خریدا جاتا ہے۔ پاکستان میں رہنے والے ہر بچے اور بچی کا حق ہے کہ اسے معیاری اور مفت تعلیم دی جائے۔ دہائیاں گزر گئیں ہیں عوام اپنے حق سے محروم ہیں۔ سوشل میڈیا میٹ اپ سے حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی مرکزی ڈپٹی سیکرٹری ثمینہ سعید ،حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم ،ڈیجیٹل میڈیا ڈائریکٹر سلمان شیخ اوراسد اعجاز نے بھی خطاب کیا ۔

اس موقع پر ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب، مرکزی نگراں آئی ٹی اسماء رشید، مرکزی نگران نشرواشاعت فریحہ اشرف،ڈپٹی ڈائریکٹر میڈیا سیل پاکستان سعدیہ حمنہ،صوبائی نگران نشرواشاعت صائمہ افتخار، نگراں میڈیا ڈیپارٹمنٹ کراچی ثمرین احمد،نائب ناظمات کراچی فرح عمران، شیباطاہر، ہاجرہ عرفان،ندیمہ تسنیم، سمیہ عاصم، سمیہ اسلم،فرحینہ نعیم، اور کراچی سوشل میڈیا ٹیم کی ذمہ داران بھی موجود تھیں۔

حافظ نعیم الرحمن نے خطاب کرتے ہوئے مزیدکہاکہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کراچی نے Karachi Connectکے نام سے بہترین تقریب منعقد کی ہے۔ آنے والے دنوں میں سوشل میڈیا کے ذریعے درست سمت کی جانب آگے بڑھیں گے۔ جماعت اسلامی کے سوا پاکستان میں کسی بھی پارٹی میں جمہوریت نہیں ہے۔ اسمبلی میں بیٹھے ہوئے لوگ خواہ فارم 45 پہ آئیں یا 47 پہ لائے جائیں ان کی پارٹیاں نہیں پراپرٹیاں ہیں۔

یہ ساری پارٹیاں امریکہ کے سامنے جھک کر اقتدار میں آجاتی ہیں انہیں جمہوری کہنا جمہوریت کی توہین ہے۔ پارٹیوں میں خاندان یا وصیت کی بنیاد پر لوگ پارٹی کے وارث بن جاتے ہیں۔ پیپلز پارٹی کی جمہوریت یہ ہے کہ وصیت کی بنیاد پر پارٹی کا چیئرمین بنادیا گیا۔ مسلم لیگ ن بھی خاندان کی بنیاد پر چلتی ہے۔کیا مسٹر کیا مولانا سب ہی پارٹیاں خاندانوں کی بنیاد پر چل رہی ہیں۔

عمران خان کے بغیر پی ٹی آئی کچھ نہیں ہے۔جماعت اسلامی خاندان کی بنیاد پر نہیں چلتی۔جماعت اسلامی میں امیر کے انتخاب سے لے کر نیچے کی سطح تک ایک پورا انتخابی عمل ہوتا ہے۔پاکستان میں موجود پارٹی کے لیڈروں اورحکمرانوں کو پتا ہی نہیں کہ عوام کے کیا مسائل ہیں، ان کونہیں پتا کہ گھر کی گروسری کتنے کی آتی ہے ،بجلی اور گیس کے بل کتنے آتے ہیں۔

عوام بھی ایسے لیڈر وںکے ہاتھوں دھوکے کھاتے رہتے ہیں اور اسی وجہ سے نظام نہیں بدلتا حالات نہیں بدلتے ، ہمیں اس نظام کو بدلنے کے لیے جدوجہد جاری رکھنی ہے ۔ثمینہ سعید نے کہاکہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی کی شکر گزار ہوں جنہوں نے سوشل میڈیا کے حوالے سے ایک بھرپور پروگرام رکھا۔ہمیں ڈیجیٹل دور کے تقاضوں کو سمجھتے ہوئے سوشل میڈیا کاہتھیار استعمال کرنا ہے۔

’’یہ جہاں آباد تمہی سے ہے‘‘ہمارا سلوگن ہے ۔ آج کا نظام اقربا پروری کا شکار ہے۔ اس کی وجہ تعلیم نہ ہونا ہے۔51 فیصد خواتین ایسی ہیں جنہوں نے اسکول تک نہیں دیکھا۔ جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت 36 ہزار 690 ٹریننگ سینٹرز قائم ہیں۔ 800 بیواؤں کو ماہانہ وظیفہ دیا جاتا ہے، اربوں روپے آغوش شیلٹر ہاؤس پرخرچ کیے جارہے ہیں۔ مستحق خواتین کوسلائی مشینیں دی جاتی ہیں۔

جماعت اسلامی پاکستان کے عوام کے حقوق کے حصول کی بات کرتی ہے۔ کراچی کا مسئلہ ہو یا بلوچستان کا ،سندھ کے عوام ہوں، پنجاب یاکے پی کے، جماعت اسلامی کے امیر حافظ نعیم الرحمن ملک بھر کے عوام کے لیے آواز بلند کرتے نظر آتے ہیں۔ جاوداں فہیم نے کہاکہ آج کے کامیاب ایونٹ پر جماعت اسلامی خواتین اور طالبات مبارکباد کی مستحق ہیں۔ جماعت اسلامی خواتین کی ٹیم کی محنت کی وجہ سے آج خوبصورت محفل کا انعقاد ممکن ہوا ہے۔

ففتھ جنریشن وار کا دور ہے،دشمن بندوق کے ساتھ ساتھ جھوٹے بیانیے سے حملہ آور ہے۔ غزہ کی مائیں بہنیں اور بیٹیاں لہو لہان ہیں۔ہم اہل غزہ کی ماؤں بہنوں کے لیے یہاں سے جو کچھ کرسکتے ہیں وہ کریں گے ۔ہم سوشل میڈیا پلیٹ فارم کے ذریعے غزہ پر کیے جانے والے مظالم کو عیاں کرکے امریکہ و اسرائیل کو بے نقاب کرسکتے ہیں۔ ہم سوشل میڈیا کے ذریعے امت کی نمائندگی اوروقت کے فرعونوں کے خلاف کلمہ حق بلند کریں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات