Live Updates

بلوچستان اسمبلی اجلاس ، اسلام آباد ائیر پورٹ کا نام ’’ بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ ‘‘ کے نام سے منسوب کرنے کی قرار داد منظور

ڈپٹی سپیکر نے کیسکو چیف اور جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کو طلب کرلیا

پیر 26 مئی 2025 22:30

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 26 مئی2025ء) بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا نام ’’بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد ‘‘کے نام سے منسوب کرنے کی قرار داد منظور کرلی، ڈپٹی سپیکر نے کیسکو چیف اور جی ایم سوئی سدرن گیس کمپنی کو طلب کرلیا ۔پیر کو بلوچستان اسمبلی کے اجلاس میں پیپلز پارٹی کے رکن حاجی علی مدد جتک نے مشترکہ قرار داد پیش کرتے ہوئے کہا کہ 2008 میں اس وقت کے وزیر اعظم پاکستان سید یوسف رضا گیلانی نے جمہوریت کی عظیم علمبردار، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قومی خدمات، عوامی حقوق اور پاکستان کی نا قابل فراموش سیاسی و سماجی ترقی کے لئے دی گئی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں اس وقت زیر تعمیر اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ کا نام " بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد " کے نام سے منسوب کرنے کا باقاعدہ اعلان کیا تھا۔

(جاری ہے)

لیکن بعد ازاں اس کا نام تبدیل کر کے نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد" رکھا گیا جو کہ ایک عظیم قائد کے ساتھ نا انصافی کے مترادف ہے۔لہذا یہ ایوان حکومت سے سفارش کرتا ہے کہ وہ وفاقی حکومت سے رجوع کرے کہ جمہوریت کی عظیم علمبردار، اسلامی دنیا کی پہلی خاتون وزیر اعظم شہید محترمہ بینظیر بھٹو کی قومی خدمات، عوامی حقوق اور پاکستان کی ناقابل فراموش سیاسی و سماجی ترقی کے لئے دی گئی لازوال قربانیوں کے اعتراف میں "نیو اسلام آباد انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد" کا نام فوری طور پر تبدیل کر کے بینظیر انٹرنیشنل ائیر پورٹ اسلام آباد" کے نام سے منسوب کیا جائے۔

تاکہ آنے والی نسلیں ان کی جدو جہد اور عظیم قربانیوں کو یا درکھیں اور انہیں قومی سطح پر وہ مقام دیا جائے جس کی وہ حقدار ہیں۔بعدازاں ایوان نے قرار داد منظور کرلی ۔اجلاس میں اے این پی کے رکن زمرک خان اچکزئی نے نکتہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ ایمل ولی کے حوالے سے چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف قرارداد ایجنڈے میں شامل نہیں کیا گیا وہ کون ہوتے ہیں جو ہمارے لیڈر کی کردار کشی کرے ہم اس ملک کے شہری ہیں ہمیں کسی سے حب الوطنی کے سرٹیفکیٹ کی ضرورت نہیں چیئرمین پی ٹی اے کے خلاف سخت کارروائی کی جائے ۔

بی اے پی کے رکن آغا عمر احمد زئی نے نقطہ اعتراض پر اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ سریاب میں بجلی کی طویل لوڈشیڈنگ ہورہی ہے سریاب میں چھ گھنٹے بجلی دی جارہی ہے کیسکو جان بوجھ کر حالات خراب کررہی ہے۔ پیپلز پارٹی کے رکن حاجی علی مدد جتک نے کہا کہ غریب شخص 50 ہزار کیسے بجلی کا بل ادا کرسکتا کیسکو چیف اور جی ایم سوئی گیس کو چیمبر میں بلایا جائے کیسکو سفید ہاتھی بن گیا ہے جس پر ڈپٹی اسپیکر نے کیسکو چیف اور جی ایم سوئی سدرن کو طلب کرنے کی رولنگ دے دی ۔

نیشنل پارٹی کے رکن رحمت صالح بلوچ نے نقطہ اعتراض پر اظہارخیال کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں پینے کے پانی قلت ہے لوگ پینے کے پانی کو ترس رہے ہے جیوانی میں لوگ بدبودار پانی پی کر بیمار ہورہے ہیں ۔جس پر صوبائی وزیر پی ایچ ای سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ حکومت گوادر میں پانی کی قلت دور کرنے کیلئے پانچ ارب کا ڈیم بنارہی ہے جیونی کے پانی کا مسئلہ حل کریں گے۔اجلاس میں وقفہ سوالات وزرا کی عدم موجودگی کے باعث موخر کردیا گیا جس پر اپوزیشن لیڈر میر یونس عزیز زہری نے کہا کہ ہمارے سوالات کے جواب دینے کیلئے وزرا ایوان میں نہیں آتے ہیں ہم سیکرٹریز سے کوئی بات کرتے ہیں وہ بھی جواب نہیں دیتے ۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات