Live Updates

لوگوں کیلئے مہنگائی زندگی کے خاتمہ کا پروانہ بنی ہوئی ہے جبکہ حکومت مفت ڈیتھ سرٹیفکیٹ بانٹ رہی ہے

بجلی، تیل، گیس ٹرانسپورٹ کرائے سستے ہونگے تو معیشت کا پہیہ چلے گا، انڈیا شکست کے زخم چاٹ رہا ہے، دوبارہ حملہ کی جرآت نہیں کرسکتا، نائب امیر جماعتِ اسلامی لیاقت بلوچ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 26 مئی 2025 23:04

لوگوں کیلئے مہنگائی زندگی کے خاتمہ کا پروانہ بنی ہوئی ہے جبکہ حکومت ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 26 مئی 2025ء ) نائب امیر جماعتِ اسلامی، سیکرٹری جنرل مِلی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے خاتمہ کے لیے پوری قوم کا متفقہ قومی ایکشن پلان بنانا ناگزیر ہے۔ دہشت گردی کے قلع قمع کے لیے بُنیانُُ مَّرصُوص جیسا قومی اتفاقِ رائے اور کامل اعتماد کا پیدا کرنا ناگزیر ہوچکا ہے۔

ماضی کی غلطیاں، دشمن قوتوں کی منظم ٹارگیٹڈ سرگرمیاں اور سنسنی خیز پروپیگنڈہ قومی وحدت کو نقصان پہنچا رہا ہے۔ میرعلی وزیرستان کا سانحہ معمہ بنا ہُوا ہے، تحقیقات اور تمام حقائق پر قوم کو اعتماد میں لیا جائے۔ قومی وحدت اور افواجِ پاکستان کے دلیرانہ اقدام نے انڈیا کو شکست کی دھول چٹادی۔ انڈیا پاکستان کے خلاف ہر حربہ استعمال کرے گا، اِسی لیے چوکنا رہنا اور قومی وحدت میں دراڑ نہ آنے دینا حکومت اور افواجِ پاکستان کی ذمہ داری ہے۔

(جاری ہے)

لیاقت بلوچ نے ملتان میں مِلی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کی دفاعِ پاکستان آل پارٹیز کانفرنس سے خطاب کیا، جماعتِ اسلامی جنوبی پنجاب کے سابق امیر راؤ محمد ظفر کی عیادت کی اور منصورہ لاہور میں مرکزی تربیت گاہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین اور کشمیر کے تنازعات کے حل کے لیے اتحادِ اُمت ناگزیر ہے۔ ارضِ انبیاء بیت المقدس پر امریکی صیہونی پلان مکمل ہونے دیا گیا تو عالمِ اسلام مستقل خطرات سے دوچار ہوجائے گا،  اسرائیل اور انڈیا کو مقبوضہ فلسطین اور مقبوضہ جموں و کشمیر سے پسپا کرنا عالمی امن کے لیے ناگزیر ہے۔

عالمِ اسلام کی قیادت وقت کے چیلنج کو قبول کرے، جہاد کا راستہ اختیار کرے؛ بزدل، انسان دشمن اسرائیل، انڈیا مزاحمت نہیں کرسکیں گے۔
لیاقت بلوچ نے کہا کہ انڈیا شکست کے زخم چاٹ رہا ہے، دوبارہ حملہ کی جرآت نہیں کرسکتا، ایسی حماقت کی تو پوری قوم پہلے سے زیادہ طاقت کے ساتھ فیصلہ کُن وار کرے گی۔ انڈین حماقت اب خود انڈیا کی شکست و ریخت کا باعث بنے گی۔

پاک ترکیہ دوستی قدیم اور دینی، ثقافتی رشتوں میں مضبوطی کیساتھ جُڑی ہوئی ہے۔ آزمائش اور مشکل کے ہر مرحلہ پر پاک تُرکیہ دوستی کو ایک نیا بامِ عروج مِلا ہے۔ وزیراعظم دوست ممالک کے دوروں کے ذریعے باہمی اعتماد کے رشتہ کو بھی مضبوط بنائیں لیکن ملک کے اندر سیاسی اور خودانحصاری پر مبنی معاشی استحکام لانے کے لیے بھی اقدامات کریں۔ عام آدمی کے لیے مہنگائی زندگی کے خاتمہ کا پروانہ بنی ہوئی ہے اور حکومت ڈیتھ سرٹیفکیٹ مفت بانٹ رہی ہے۔ بجلی، تیل، گیس ٹرانسپورٹ کرائے سستے ہونگے تو معیشت کا پہیہ چلے گا، وگرنہ قرضے، سُود، کرپشن عام آدمی کی زندگی کے لیے مزید مشکلات کا باعث بنیں گے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات