پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر پاکستانی سفارتی ٹیم کا دورہ امریکہ طے پا گیا

بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں وفد یورپ بھی جائے گا جہاں سفارٹی ٹیم پاکستان کا نقطہ نظر عالمی برادری تک پہنچائے گی

Sajid Ali ساجد علی منگل 27 مئی 2025 17:05

پاک بھارت کشیدگی کے معاملے پر پاکستانی سفارتی ٹیم کا دورہ امریکہ طے ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 27 مئی 2025ء ) بھارت کے ساتھ کشیدگی کے معاملے پر پاکستان کی سفارتی ٹیم کا دورہ امریکہ طے پا گیا، کانگریس ارکان، تھنک ٹینک اور میڈیا کے سامنے پاک بھارت جنگ کے محرکات پر پاکستانی مؤقف سامنے رکھا جائے گا، سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے سلامتی پر اثرات سے آگاہ کیا جائے گا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے تشکیل کردہ اعلیٰ سطح کی سفارتی کمیٹی پر مشتمل پاکستانی وفد بلاول بھٹو زرداری کی قیادت میں 2 جون کو امریکہ روانہ ہوگا، اپنے دورے کے دوران یہ وفد نیویارک اور واشنگٹن میں اہم ملاقاتیں کرے گا جن کا مقصد پاک بھارت کشیدگی کے پس پردہ بھارتی جھوٹے بیانیے کو عالمی برادری کے سامنے بے نقاب کرنا ہے۔

بتایا گیا ہے کہ وفد کی جانب سے نیویارک میں اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کی جائے گی اس کے علاوہ سلامتی کونسل کے دیگر ارکان کو بھی بھارت کی طرف سے کشمیر میں جاری بربریت اور جھوٹے دعوؤں کے بارے میں آگاہ کیا جائے گا، اس دورے میں پاکستانی وفد کی کی واشنگٹن میں امریکی انتظامیہ کے اعلیٰ حکام سے بھی ملاقاتیں طے پائی ہیں جن میں کشیدگی سے متعلق پاکستان کا مؤقف بیان کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

معلوم ہوا ہے کہ وزیراعظم کی ہدایت پر قائم یہ کمیٹی عالمی سطح پر پاکستان کے مؤقف کو بہتر انداز میں پیش کرنے اور بھارت کی جارحیت کے خلاف سفارتی محاذ مضبوط بنانے کے لیے کام کر رہی ہے، بلاول بھٹو زرداری کے علاوہ اس کمیٹی میں مصدق ملک، خرم دستگیر، حنا ربانی کھر اور جلیل عباس جیلانی شامل ہیں، بلاول بھٹو زرداری وفد کے ہمراہ یورپ بھی جائیں گے جہاں وہ پاکستان کے نقطہ نظر کو عالمی برادری تک پہنچائیں گے اور بھارتی جارحیت کو بے نقاب کریں گے۔