Live Updates

ہمیں خطے میں باعزت زندگی گزارنے کے لئے معیشت کو بہتر کرنا ہوگا‘علی پرویز ملک

شہباز شریف نے عوام کے لئے بجلی سستی کی اور بھی آسانیاں پیدا کی جائیں گی‘وفاقی وزیر پٹرولیم

بدھ 28 مئی 2025 17:15

ہمیں خطے میں باعزت زندگی گزارنے کے لئے معیشت کو بہتر کرنا ہوگا‘علی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 28 مئی2025ء) وفاقی وزیر پٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ ہمیں خطے میں باعزت زندگی گزارنے کے لئے معیشت کو بہتر کرنا ہوگا،شہباز شریف نے عوام کے لئے بجلی سستی کی اور بھی آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں اپنے انتخابی حلقہ بھوگیوال روڈ پر یوم تکبیر کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

وفاقی وزیر علی پرویز ملک نے کہا کہ نواز شریف نے 28مئی کو ملک کو ناقابل تسخیر بنایا ،دشمن اپنی آگ کے اندر بٹھک چکے ہیں،جب پہلگام کا واقعہ ہوا تو وزیر اعظم نے کہا کہ جو بھی اس میں ذمہ دار ہے اس کی واضح انکوائری کرکے سزا دیتے ہیں،ہم اس میں مکمل طور پر مدد کریں گے لیکن ہمارے ہمسائے ملک نے اپنی چھوٹی سیاست کی نظر کرتے ہوئے اس کے جواب ہماری آبادیوں پر میزائل مارے، اس کے بعد ہماری مسلح افواج کی قیادت عاصم منیر اور وزیر اعظم نے کہا کہ اب تم ہمارے جواب کا انتظار کرو، ہندوستان کی اینٹ کا جواب بے پناہ پتھروں سے دیا گیا،مودی نے خطے کا تھانیدار بننے کی کوشش کی ،نفرت سے بھرے شخص نریندر مودی کو بھرپور جواب ملا،جب جواب دیا تو ہمارے شاہینوں نے ان کے تین تین ملین ڈالر کے رافیل گرائے،اس مشکل گھڑی میں جن ممالک نے ہماری مدد کی ان کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔

(جاری ہے)

چائنہ نے سگے بھائیوں سے بڑھ کر پاکستان کو پیغام دیا کہ آپ کے ساتھ کھڑے ہیں،طیب رجب اردوان نے کہا کہ ہم آپ کے ساتھ کھڑے ہیں،محمد بن سلمان ، قطر اور دوبئی سے جو پیغام آیا سب نے دیکھا۔انہوں نے کہا کہ مودی نے ان ممالک کو کہا کہ میری صلح کروائو، مودی نے سب سے پہلے امریکہ کی طرف منہ کیا ،یہ چیز سب نے دیکھی امریکہ نے اپنا کردار ادا کیا۔علی پرویز ملک نے عوام کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ میں نے آپ سب کی ترجمانی کرتے ہوئے وزیر اعظم شہباز شریف اور فیلڈ مارشل عاصم منیر کو پیغام دیا ہے کہ قوم کوئی بھی قربانی دینے کو تیار ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہمیں اس خطے میں باعزت زندگی گزارنی ہے تو معیشت کو بہتر کرنا ہوگا۔تنخواہ دار طبقے کے لئے وسائل کا انتظام کیا جائے گا،شہباز شریف نے عوام کے لئے بجلی سستی کی ہے اور بھی آسانیاں پیدا کی جائیں گی۔ علی پرویز ملک نے کہا کہ جب بانی پی ٹی آئی کی حکومت تھی تو لاہور میں کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوئے،انشا اللہ حلقوں میں عوام کے لئے اربوں روپے کے کام کروائیں گے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پنجاب اسمبلی میں پارلیمانی سیکرٹری ملک وحید کاکہنا تھاکہ یوم تکبیر پر دشمن کے دلوں پر کاری ضرب لگی ،ہمارے اور عالم اسلام کے حکمران متحد ہوکر ایسی فورس بنائیں جو صہیونی طاقتوں سے جنگ لڑے۔رکن قومی اسمبلی شائستہ پرویز ملک کاکہناتھاکہ نوازشریف نے 27سال پہلے جو ایٹمی دھماکوں کا فیصلہ کیا ثابت ہوا کہ وہ فیصلہ درست تھا،ملکی سلامتی کی بات آئی تو شہباز شریف سب کے پاس چل کر گئے کہا اپنے اختلافات دور کریں اور ملک کو دشمن سے بچائیں۔تقریب کے اختتام پر یوم تکبیر کا کیک بھی کاٹا گیا۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات