Live Updates

قائداعظم کے بعد عمران خان جیسا مقبول لیڈر پاکستان کی تاریخ میں پیدا نہیں ہوا‘چودھری پرویزالٰہی

قوم کیلئے جو بہتر ہے ادارے بھی اس کے ساتھ ہوں گے، اکیلے اکیلے سب کچھ کر کے دیکھ لیا ہے لیکن بات نہیں بنی ْ افواج پاکستان کو بھارت کے ساتھ جنگ میں دلیری کے ساتھ مقابلہ پر خراج تحسین پیش کرتے ہیں بھارت اپنی شکست کا تاثر ختم کرنے کیلئے کوئی نیا ایڈونچر کر سکتا ہے، صدر ٹرمپ اگر مسئلہ کشمیر کرا سکتے ہیں تو ضرور کروائیں‘ صدر پی ٹی آئی

پیر 9 جون 2025 20:00

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 09 جون2025ء)پاکستان تحریک انصاف کے مرکزی صدر و سابق وزیراعلیٰ پنجاب چودھری پرویزالٰہی نے گجرات میں پی ٹی آئی کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ قائداعظم کے بعد عمران خان جیسا مقبول لیڈر پاکستان کی تاریخ میں پیدا نہیں ہوا، قائداعظم کے بعد اگر کسی کو سب سے زیادہ ووٹ ملے ہیں تو وہ عمران خان ہے، جب بھی قوم کو اور فوج کوضرورت پڑی سب سے پہلے عمران خان اور میں نے بیان دیا کہ ہم اپنی فوج کے ساتھ کھڑے ہیں، ہماری فوج نے شہادتیں دے کر فتح حاصل کی، پوری قوم پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتی ہے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ ن لیگ والے عوام کو نہیں بلکہ خود کو بیوقوف بنا رہے ہیں اب عوام بیدار اور باشعور ہو گئے ہیں، ن لیگ والے کہتے ہیں کہ جنگ کا ڈیزائن میاں صاحب نے بیٹھ کر بنایا ہے اور مریم نواز کہتی ہیں کہ جے ایف تھنڈر میاں صاحب نے بنایا، شکر ہے ن لیگ والوں نے یہ نہیں کہہ دیا کہ علامہ اقبال والا خواب بھی نواز شریف نے ہی دیکھا تھا، جبکہ حقیقت یہ ہے کہ پوری جنگ کے دوران ان کے منہ سے مودی کے خلاف ایک لفظ نہیں نکلا۔

(جاری ہے)

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کیلئے اور اس قوم کیلئے جیل میں بیٹھا ہوا شخص عمران خان سب سے زیادہ مقبول لیڈر ہے، ہم سب اس قوم اور ملک کیلئے اکٹھے ہیں، اس قوم کیلئے جو بہتر ہے ادارے بھی اس کے ساتھ ہوں گے، اکیلے اکیلے سب کچھ کر کے دیکھ لیا ہے لیکن بات نہیں بنی۔ قبل ازیں گجرات میں نماز عیدالاضحی کی ادائیگی کے بعد میڈیا سے گفتگو میں چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ اسرائیل کی فلسطین کے مسلمانوں پر ظلم و زیادتی کا تمام بڑے ممالک کو نوٹس لینا چاہئے، اسرائیلی دہشت گرد چھوٹے بچوں پر بم مار رہے ہیں ان کے ساتھ زیادتی کر رہے ہیں، پوری امت مسلمہ دلیری کے ساتھ اسرائیلی دہشت گردی کا مقابلہ کرے، دعا ہے کہ اللہ تعالیٰ فلسطینی اور کشمیری مسلمانوں کی مدد فرمائے۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ افواج پاکستان نے جس دلیری کے ساتھ بھارت کے ساتھ جنگ میں مقابلہ کیا اس پر انہیں خراج تحسین پیش کرتے ہیں، پوری دنیا تسلیم کر رہی ہے کہ پاکستانی فضائیہ نے بھارت پر جنگی برتری ثابت کر دی ہے، بھارت کی حد تک تحریک انصاف سمیت تمام سیاسی پارٹیاں اور ادارے تمام تر سیاسی اختلافات کے باوجود ایک پیج پر ہیں، پاکستانی فضائیہ نے اپنی جنگی مہارت اور جانبازی سے ستمبر 1965ء کی یاد تازہ کر دی۔

چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ نریندر مودی جنوبی ایشیاء کے امن و سکون کیلئے خطرہ بنتے جا رہے ہیں، نریندر مودی کی انتہا پسندانہ سوچ اور جنگی جنون برصغیر کو راکھ کے ڈھیر میں تبدیل کر سکتے ہیں، اقوام متحدہ کو نریندر مودی کے غیر ذمہ دارانہ بیانات اور اقدامات کا از خود نوٹس لینا چاہئے، نریندر مودی پاکستان کو فتح کرنے کے خواب دیکھنا بند کر دے، بھارت اپنی شکست کا تاثر ختم کرنے کیلئے کوئی نیا ایڈونچر کر سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا فوری اور منصفانہ حل پائیدار عالمی امن کیلئے بھی ضروری ہو چکا ہے، امریکی صدر ٹرمپ اگر مسئلہ کشمیر کرا سکتے ہیں تو ضرور کروائیں کیونکہ جب تک مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوتا پاکستان اور بھارت کے درمیان جنگی ماحول ختم نہیں ہو گا۔ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ پاکستان کی زراعت اور خوشحالی سندھ طاس معاہدے سے جڑے ہوئے ہیں، سندھ طاس معاہدے کومعطل کرنا پاکستان کو زرعی طور پر تباہ کرنے کی سازش ہے، سندھ طاس معاہدہ کی بحالی تک یہ نہیں کہا جا سکتا کہ جنگ ختم ہو چکی ہے۔
Live آپریشن بنیان مرصوص سے متعلق تازہ ترین معلومات