Live Updates

سولر پینلز پرسیلز ٹیکس کم کر نے میں ہماری ان پٹ شامل ہے، اعجاز حسین جاکھرانی

بدھ 18 جون 2025 16:24

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 18 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی اعجاز حسین جاکھرانی نے ایران پر اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی اور بھارتی جارحیت کیخلاف پاکستان کی مسلح افواج کی کامیابیوں پر انہیں خراج تحسین پیش کیا اور دوست ممالک کی حمایت پر اظہار تشکر کیا۔ بدھ کو بجٹ تجاویز پر بحث کے دوران انہوں نے کہا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین نے بھی کردار ادا کیا اور بین الاقوامی میڈیا کو بتایا کہ بھارت کے الزامات حقیقت کے منافی ہیں۔

بھارت نے پہل کی اور پاکستان نے بھرپور جوابی کارروائی کی اور ہمارے چیئرمین نے سفارتی محاذ پر بہت مضبوط کردار ادا کیا اور وزیراعظم نے جو فیصلہ کیا وہ خوش آئند تھا آج بھارت کے پراپیگنڈے پر جو پاکستانی وفد نے سفارتی محاذ پر پاکستان کے بیانیہ کی توثیق کرائی اس پر چیئرمین بلاول بھٹو اور ان کے وفد کے اراکین مبارکباد کے مستحق ہیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اپوزیشن بنچوں کی طرف سے بجٹ بحث میں عوام کے ساتھ انصاف کے بجائے اپنی پارٹی کے ایجنڈے پر تو بات کی اور نازیبا گفتگو کی۔

بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کی پارلیمنٹ میں کہانی سب جانتے ہیں۔ اب آپ عزت کے ساتھ سیاست کریں ۔کسی پر کیچڑ اچھال کر سیاست نہیں ہوتی۔ہم نے جمہوری طرز عمل اختیار کرتے ہوئے مسلم لیگ (ن) کا ساتھ دیا اور کابینہ میں شامل نہیں لیکن ملکی مفاد میں حکومت کی حمایت کیلئے اتحادی ہیں۔ سولر پینلز پرسیلز ٹیکس 10 فیصد کیا گیا ہے جس میں ہماری ان پٹ شامل ہے۔

ٹیکس محصولات کے حوالے سے چاروں صوبوں کیلئے کوئی یکساں پلان آیا تو اسے قابل قبول کریں گے۔ سندھ کا مطالبہ ماننے پر بھی ہم حکومت کے شکر گزار ہیں، سروسز پر ٹیکس واپس کرانے میں ہم کامیاب ہو گئے۔ ہم نے جو ان پٹ دی اس سے ہم فنانس بل کی شق 37 اے پر بھی حکومت کو منانے میں کامیاب ہو جائیں گے، کاروباری شعبہ کو ڈرانے کی بجائے ان کا اعتماد بحال کرنے کی ضرورت ہے۔

کراچی میں چاروں صوبوں کے لوگ رہتے ہیں اور سب سے زیادہ تنقید کراچی پر کی جاتی ہے، سندھ حکومت نے سب سے زیادہ فنڈ کراچی کیلئے رکھے ہیں۔ ہسپتالوں کے حوالے سے سندھ حکومت پر تنقید بلاجواز ہے، جس نے سندھ کے ہسپتال نہیں دیکھے وہ اس پر تنقید کرتے ہیں، آئیں ہم آپ کو سندھ کے ہسپتالوں کا وزٹ بھی کراتے ہیں۔ لیور ٹرانسپلانٹ اور صحت کے تمام شعبوں کی سہولیات میسر ہیں۔

انہوں نے مختلف ہسپتالوں کا نام لیکر وہاں فراہم کی جانے والی سہولیات کا بھی احاطہ کیا اور روبوٹ سرجری کا بھی حوالہ دیا جو کسی صوبے میں نہیں ہے۔ سکھر۔حیدر آباد موٹروے کے حوالے سے وزیراعظم نے وعدہ کیا ہے لیکن اس منصوبے کیلئے 15ارب روپے رکھے گئے ہیں۔ اس کے تین سیکشن ہوں گے اور 15 ارب سے اس منصوبے کا آغاز ہو گا۔ زراعت کے شعبے میں بہتری کیلئے بھی بجٹ تجاویز پر نظرثانی کی جائے۔ ملک میں زرعی ایمرجنسی لگائی جانی چاہئے۔ جیکب آباد میں ایئر بیس پر فضائیہ نے بھارتی حملہ ناکام بنایا جس پر ایک مرتبہ پھر خراج تحسین پیش کرتا ہوں۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات