Live Updates

بھارت کا مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی ثالثی کو قبول کرنے سے انکار اس کے سخت موقف کی عکاسی کرتا ہے،خواجہ محمدآصف

جمعرات 19 جون 2025 01:20

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے کہا ہے کہ بھارت کا مسئلہ کشمیر پر بین الاقوامی ثالثی کو قبول کرنے سے انکار اس کے سخت موقف کی عکاسی کرتا ہے، پاکستان نے مسئلہ کشمیر پر امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی ثالثی کی پیشکش کا خیر مقدم کیا ہے، اس دیرینہ مسئلے پر بین الاقوامی ثالثی کا موقع ہے تو اس کا پیچھا کیا جانا چاہیے۔

بدھ کو نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان تمام مسائل پر بات چیت اور ثالثی کیلئے ہمیشہ تیاررہا ہے لیکن بھارت ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتا آیا ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ عالمی برادری کے سامنے پاکستان کا قد بڑھ گیا ہے، خاص طور پر آپریشن بنیان مرصوص کی کامیابی کے بعد جسے انہوں نے پاکستان کے سٹریٹجک اور سفارتی قد میں اضافہ قرار دیا۔

(جاری ہے)

ایک سوال کے جواب میں انہوں نے واضح کیا کہ فیلڈ مارشل کے دورے اور متعلقہ ملاقاتوں کا منصوبہ مشرق وسطی میں حالیہ کشیدگی سے پہلے سے طے تھا۔انہوں نے کہا کہ غزہ کی ابھرتی ہوئی صورتحال انتہائی افسوسناک ہے تاہم فیلڈ مارشل کی اس طرح کے فورمز پر موجودگی پاکستان کو مسلم دنیا بالخصوص فلسطین کے بارے میں نقطہ نظر کو بیان کرنے کا موقع فراہم کرتی ہے۔

ایک اور سوال کے جواب میں وزیردفاع نے کہا کہ اگر بھارت سندھ طاس معاہدے کی خلاف ورزی کرتا ہے تو پاکستان شملہ معاہدے کی درستگی پر سنجیدگی سے غور کر سکتا ہے۔ اسرائیل ایران تنازع پر خواجہ آصف نے کہا کہ پاکستان مضبوطی سے ایران کے ساتھ کھڑا ہے، اسرائیل کو کسی بھی ریاست کی خود مختاری میں مداخلت یا جارحیت کے ذریعے حکومت کی تبدیلی کی کوشش کا کوئی حق نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان خطے میں امن کیلئے اپنا کردار جاری رکھے گا، بین الاقوامی قانون کی پاسداری، مسلم امہ کی یکجہتی اور تمام سفارتی محاذوں پر بامعنی بات چیت کیلئے پرعزم رہے گا۔
Live ایران اسرائیل کشیدگی سے متعلق تازہ ترین معلومات