Live Updates

زرعی شعبے کیلئے اقدامات وقت کا اہم تقاضا ہیں، گندم کی سپورٹ پرائس ختم کرنے سے زرعی اجناس کی پیداوار متاثر ہو گی ، ارکان قومی اسمبلی کا بجٹ پر بحث کے دوران اظہار خیال

جمعرات 19 جون 2025 17:04

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 جون2025ء) مختلف جماعتوں سے تعلق رکھنے والے ارکان قومی اسمبلی نے بجٹ کے حوالے سے ملے جلے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ زرعی شعبے کیلئے اقدامات وقت کا اہم تقاضا ہیں، گندم کی سپورٹ پرائس ختم کرنے سے زرعی اجناس کی پیداوار متاثر ہو گی، ملک کے دور دراز اور پسماندہ اضلاع کیلئے ترقیاتی فنڈز مختص کئے جائیں تاکہ ان کا ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس بہتر ہو سکے۔

جمعرات کو قومی اسمبلی میں پاکستان تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی عاطف خان نے بحث میں حصہ لیتے کہا کہ جب تک ملک میں ڈائریکٹ فارن انویسٹمنٹ نہیں آئے گی معیشت بہتر نہیں ہوگی۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا میں بجلی چوری کرنے والوں کو سزا دی جائے تا ہم دیگر لوگوں کو سزا نہ دی جائے ، اٹھارہ اٹھارہ گھنٹے کی لوڈ شیڈنگ کی صورتحال پر قابو پانے کے لئے اقدامات کیے جائیں۔

(جاری ہے)

بجلی چوری میں ملوث تقسیم کار کمپنیوں کے اہلکار وں کے خلاف سب سے پہلے خلاف کارروائی کی جائے۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی اسامہ غیاث میلہ نے بحث میں لیتے ہوئے کہا کہ ملک کا کوئی بھی طبقہ کاشتکاروں کا احسان نہیں اتار سکتا، 1960ء سے چلتی ہوئی گندم کی سپورٹ پرائس کو ختم کر دیا گیا ہے جس سے ملک میں زرعی اجناس کی آنے والے وقتوں میں قلت پیدا ہوگی اور ملک کا نقصان ہوگا۔

چوہدری احسان الحق باجوہ نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف اور ان کی ٹیم کو جامع بجٹ پیش کرنے پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ انہوں نے ایسا بجٹ پیش کیا ہے جو صرف اعداد و شمار کا مجموعہ نہیں بلکہ معاشی نظم و ضبط استحکام اور جامع ترقی کا وژن ہے، ملک میں شرح سود کم ہوئی ہے، جی ڈی پی کا ہدف 4.2 فیصد مقرر کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تنخواہ میں 10فیصد اور پنشن میں 7 فیصد اضافہ کیا گیا ہے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے بجٹ میں 21 فیصد اضافہ کیا گیا ہے۔

حکومت نے پانی کے وسائل کیلئے 140 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ بجٹ اصلاحات ریلیف اور ذمہ داری پر مبنی ہے، ہماری حکومت نے پاکستان کو خوشحال اور مستحکم ملک بنانے کا عزم کر رکھا ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ان کے حلقے میں بجلی اور گیس کے مسائل ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ ضلع بہاولنگر میں نہری پانی کی شدید قلت ہے اور زیر زمین پانی کڑوا ہے ، حکومت اس سلسلے میں اقدامات کریں۔

پاکستان پیپلز پارٹی کے رکن قومی اسمبلی غلام علی تالپور نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ بھارت کے مقابلے میں کامیابی پر مسلح افواج نے جو کردار ادا کیا وہ مبارکباد اور تحسین کا مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعظم شہید ذوالفقار علی بھٹو نے ایٹمی پروگرام کی بنیاد رکھی۔ اسی طرح شہید محترمہ بے نظیر بھٹو نے میزائل ٹیکنالوجی کی بنیاد رکھی۔

بعد میں آنے والی حکومتوں نے ایٹمی پروگرام اور میزائل ٹیکنالوجی کو اگے بڑھایا اور اب ملک مکمل دفاعی صلاحیت رکھتا ہے۔انہوں نے کہا کہ موجودہ حالات میں اس سے بہتر اور متوازن بجٹ پیش نہیں کیا جا سکتا تھا تاہم جلد سے جلد ہمیں آئی ایم ایف پروگرام سے نکلنے کی کوشش کرنی چاہیے۔انہوں نے کہا کہ سندھ سمیت ملک کے پسماندہ ضلعوں کے لیے ترقیاتی فنڈز رکھنے کی ضرورت ہے تاکہ ان کا ہیومن ڈویلپمنٹ انڈیکس بہتر ہو سکے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات