Live Updates

آئی ایم ایف کی شرائط کے تعین کا اختیار وزارت خزانہ کی بجائے ملک کے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کو ہونا چاہئے ، ڈاکٹر نفیسہ شاہ

جمعہ 20 جون 2025 13:30

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 جون2025ء) پاکستان پیپلز پارٹی کی رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر نفیسہ شاہ نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف کی شرائط کے تعین کا اختیار وزارت خزانہ کی بجائے ملک کے عوام کی منتخب پارلیمنٹ کو ہونا چاہئے جب تک خواتین کو بااختیار بنانے کیلئے موثر اقدامات نہیں اٹھائے جائینگے، معاشی اہداف کا حصول ممکن نہیں ہو گا۔

جمعہ کو قومی اسمبلی میں بجٹ پر بحث میں حصہ لیتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بھارت کی جارحیت کا مقابلہ ہم نے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن کر کیا جس کے لیے پاک فوج مبارکباد کی مستحق ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسرائیل نے اس وقت ایران پر جارحیت مسلط کی جب اس کی ایٹمی تنصیبات کی عالمی ادارے کی طرف سے تحقیقات ہو رہی تھیں۔ انہوں نے کہا کہ فلسطین میں اسرائیل نے 30 سے زائد ہسپتالوں کو ریزہ ریزہ کر دیا ہے اور تعلیمی اداروں کو کھنڈر بنا دیا ہے، فلسطینیوں کو خوراک کی شدید قلت کا سامنا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جی سیون ممالک نے جو بیان دیا ہے اس پر حیرت ہے کہ ایک حملہ آور ملک کو کیسے دفاع کا حق دیا جا سکتا ہے۔ ایران میں بھی رجیم چینج کی کوشش کی جا رہی ہےلیکن نیتن یاہو ایک عالمی قاتل ہے۔پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کشمیر اور پاکستان کے پانی کے حق سمیت پاکستان کا مقدمہ انتہائی احسن انداز میں عالمی برادری کے سامنے پیش کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پہلی مرتبہ ہو رہا ہے کہ قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی بھی فنانس بل کی سکروٹنی کر رہی ہے،اس سے پہلے فنانس بل کے ذریعے ایف بی آر کو انتہائی خوفناک اختیارات دیئے گئے تھے ۔انہوں نے کہا کہ آئندہ آئی ایم ایف کی شرائط کا تعین کرنے کا اختیار صرف اور صرف پاکستان کے عوام کی پارلیمنٹ کو ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ ہمیں یہ یقین دلایا گیا تھا کہ یوٹیلٹی سٹور کے ملازمین کو نوکریاں سے نہیں نکالا جائے گا مگر فنانس کمیٹی میں وزارت خزانہ نے یہ کہا ہے کہ ان کو نوکریوں سے نکالیں گے۔

انہوں نے کہا کہ یہ پارلیمنٹ کی توہین کے مترادف ہے،جب تک ہم اپنی خواتین کو با اختیار نہیں بنائیں گے تو ملک میں معاشی خود مختاری اور خوشحالی نہیں آئے گی۔ انہوں نے کہا کہ بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے لیے 700 ارب روپے مختص کرنا قابل تحسین اقدام ہے۔
Live بجٹ 26-2025ء سے متعلق تازہ ترین معلومات