Live Updates

جب سے فتنہ جیل میں ہے پاکستان میں سب ٹھیک ہو رہا ہے‘عظمیٰ بخاری

قوم کے بچوں کو آگ میں جھونکنے والے بانی پی ٹی آئی اپنے بچوں کو نام نہاد تحریک سے دور رکھے ہوئے ہیں علیمہ باجی، گنڈا پور، اسد قیصر اور نئے انقلابی سلمان اکرم راجہ کے بچے کہیں نظر نہیں آئے‘ وزیر اطلاعات پنجاب

جمعہ 8 اگست 2025 19:55

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 اگست2025ء)وزیر اطلاعات و ثقافت پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان اب فتنہ اور فساد کی سیاست سے نکل کر استحکام اور ترقی کے سفر پر روانہ ہو چکا ہے، 14 اگست کو پاکستانی عوام یوم آزادی بھرپور طریقے سے منائیں گے اور دشمنوں کو واضح پیغام دیں گے کہ ہم ایک زندہ قوم ہیں،عمران خان امریکہ سے آزادی کے دعوے کرتے ہیں لیکن ان کے بیٹے امریکہ میں کانگریس مینوں سے ملاقاتیں کرتے نظر آتے ہیں،1 لاکھ 80 ہزار ڈالر خرچ کر کے اپنا اشتہار چھپوانا کون سی آزادی کی علامت ہی ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے الحمرا میں تصویری نمائش کے افتتاح کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی اور چیئرمین الحمرا راضی احمد بھی ان کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ خان صاحب کہتے ہیں عوام گھروں سے نکلیں، لیکن ان کے اپنے بچے تحریک نہیں چلا رہے۔ قوم کے نوجوان جیلوں میں جا رہے ہیں اور ان کے بچے عیش و عشرت میں ہیں۔

انہوں نے کہا کہ سلمان اکرم راجہ جیسے لوگ خود کو انقلابی کہتے ہیں لیکن خود میدان میں نظر نہیں آتے۔ اگر یہ تحریک اتنی ہی کامیاب تھی تو پھر عمران خان کو لوگوں کے نہ نکلنے پر وضاحت دینی پڑ رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے خیبرپختونخوا میں کرپشن اسکینڈلز کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ ’’صاف چلی شفاف چلی‘‘ کا نعرہ لگانے والے اب روزانہ کرپشن کی نئی داستانوں میں ملوث نکلتے ہیں۔

نہ نئی سڑکیں بنیں، نہ اسپتال، مگر دوسروں کو دن رات چور اور ڈاکو کہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت کی جانب سے یکم سے 14 اگست تک جشن آزادی تقریبات جاری ہیں۔ حضوری باغ میں پرچم کشائی اور ایکسپو سینٹر میں معرکہ حق کی رونمائی کی جائے گی۔یہ دن صرف آزادی کا نہیں بلکہ بھارت کی جنگی شکست کی یاد بھی ہے۔انہوں نے بتایا کہ رافیل طیارے جنہیں ناقابل شکست سمجھا جاتا تھا، وہ پاکستانی پائلٹس نے گرائے۔

آج دنیا ہمارے جوانوں کی بہادری کو سلام پیش کر رہی ہے۔عظمیٰ بخاری نے بتایا کہ پینٹنگ مقابلے میں حصہ لینے والے انٹرن شپ طلبہ کو وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 10،000 روپے کا خصوصی سرٹیفکیٹ دیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ جیل میں بیٹھ کر کچھ عناصر اب بھی ملک میں لاشیں اور بدامنی پھیلانے کے خواب دیکھتے ہیں لیکن عوام اب ان کے بہکاوے میں آنے والے نہیں۔

پولیس والے انتظار کرتے رہ گئے، کوئی باہر نکلے، مگر فتنہ کی حقیقت سب پر عیاں ہو گئی۔عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب نے واضح ہدایات دی ہیں کہ خواتین سے زیادتی کے واقعات میں پولیس فوری کارروائی کرے۔ ’’چند کالی بھیڑوں کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔‘‘انہوں نے کہا کہ ’’اپنی چھت، اپنا گھر‘‘ منصوبے کے تحت 60 ہزار سے زائد افراد کو بلا سود قرضے دیے گئے، اور 74 ارب روپے سے زیادہ کی رقوم عوام کو گھروں کی تعمیر کے لیے فراہم کی گئیں۔

ٹرام منصوبے پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ اگر ان کے بس میں ہوتا تو اپنے دور میں ہی ٹرام لاہور لے آتے۔ آج جب الیکٹرونک ٹرام شہر کی سڑکوں پر نظر آتی ہے تو دنیا پوچھتی ہے کہ یہ کون سا ملک ہے، اور ہم فخر سے کہتے ہیں: یہ لاہور ہی!انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر پاکستان اب تنہا نہیں رہا۔ٹرمپ کو کشمیر کے متنازعہ ہونے کا اعتراف کرنا پڑا۔

آج عالمی رہنما پاکستان کا دورہ کرتے ہیں، یہ ہماری کامیاب خارجہ پالیسی کا نتیجہ ہے۔آخر میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فوجی اور سویلین شہداء نے قربانیاں دے کر دہشتگردی کے خلاف جنگ لڑی۔ ہمیں ان کا احترام نہ صرف اسلامی اور اخلاقی فریضہ سمجھنا ہوگا بلکہ بطور پاکستانی بھی ان کے احسانات یاد رکھنے ہوں گے۔اس موقع پر سیکرٹری اطلاعات پنجاب سید طاہر رضا ہمدانی اور چیئرمین الحمرا رضی احمد بھی موجود تھے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات