پاکستان ایرانی صدر کے دورہ کا خیر مقدم کرتا ہے ، پاکستان اور ایران نے باہمی تعلقات کو وسعت دینے، علاقائی امن کے فروغ اور فلسطینی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کی تجدید کی ہے، ترجمان دفتر خارجہ

جمعہ 8 اگست 2025 20:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 08 اگست2025ء) پاکستان ایرانی صدر کے حالیہ دورہ کا خیر مقدم کرتا ہے جس میں پاکستان اور ایران نے باہمی تعلقات کو وسعت دینے، علاقائی امن کے فروغ اور فلسطینی اور کشمیری عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کے عزم کی تجدید کی ہے۔ جمعہ کو وزارت خارجہ میں ہفتہ وار پریس بریفنگ کے دوران ترجمان دفتر خارجہ سفیر شفقت علی خان نے ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان کے 2 سے 3 اگست تک پاکستان کے سرکاری دورے کو خوش آئند قرار دیا اور کہا کہ یہ دورہ خطے کے لیے ایک اہم وقت پر ہوا ہے جس میں ایرانی صدر کے ہمراہ وزیر خارجہ سید عباس عراقچی اور دیگر اعلیٰ سطحی وزراء کا ایک وفد بھی شامل تھا۔

ترجمان نے بتایا کہ دورے کے دوران ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے صدر مملکت آصف علی زرداری، وزیراعظم محمد شہباز شریف اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار سے ملاقاتیں کیں۔

(جاری ہے)

صدر مملکت آصف علی زرداری نے ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان مذہبی، ثقافتی اور باہمی احترام پر مبنی برادرانہ تعلقات کی اہمیت پر زور دیا۔ انہوں نے ایران کے خلاف بلا اشتعال اسرائیلی جارحیت کی سختی سے مذمت کی اور حالیہ 12 روزہ جنگ کے دوران ایرانی قوم کی یکجہتی اور بہادری کی تعریف کی۔

انہوں نے امید ظاہر کی کہ یہ دورہ دونوں ممالک کے تعلقات کو مزید مضبوط کرے گا۔ ترجمان نے کہا کہ ایران کے صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان نے جنگ کے دوران پاکستان کے مستقل تعاون پر شکریہ ادا کیا اور تنازعات کے پرامن حل کے لیے پاکستان کی سفارتی کوششوں کی تعریف کی۔ وزیراعظم شہباز شریف سے بات چیت میں دونوں رہنمائوں نے یکجہتی کا اظہار کیا اور باہمی تجارت کے حجم کو موجودہ 3 ارب ڈالر سے بڑھا کر 10 ارب ڈالر تک لے جانے پر تبادلہ خیال کیا۔

اس ضمن میں بارٹر ٹریڈ کو بڑھانے، چاول، پھل اور گوشت کی برآمدات میں اضافے اور بارڈر مارکیٹس کو فعال بنانے جیسے اہم اقدامات پر غور کیا گیا۔ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر اسحاق ڈار نے بھی صدر ڈاکٹر مسعود پزیشکیان سے ملاقات کی اور اپنے ایرانی ہم منصب سے علاقائی اور دو طرفہ امور پر ابتدائی گفتگو کی۔ ترجمان نے کہا کہ غزہ کے لیے پاکستان کی امداد کا سلسلہ جاری ہے، پاکستان غزہ کے عوام کو انسانی امداد فراہم کر رہا ہے، 3 اگست کو سینیٹر اسحاق ڈار نے غزہ کے لیے پاکستان کی 17ویں امدادی کھیپ روانہ کی جس میں 100 ٹن خوراک بشمول خشک دودھ ، خوراک اور طبی سامان شامل ہے۔

اگلے روز 18ویں امدادی کھیپ بھیجی گئی جس میں خشک راشن، کھانے اور ادویات شامل تھیں۔ اس طرح پاکستان نے غزہ کو کل 18 کھیپوں میں 1,815 ٹن تک امدادی سامان پہنچایا ہے جو فلسطینی عوام کے ساتھ پاکستان کی بھرپور حمایت کا اظہار ہے۔ اس موقع پر سینیٹر اسحاق ڈار نے فوری جنگ بندی، شہریوں کے تحفظ اور 1967ء سے قبل کی سرحدوں پر مبنی سیاسی حل کے موقف کا بھی اعادہ کیا ۔

یوکرین تنازعے میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کے دعوے مسترد کرتے ہوئے ترجمان نے یوکرین تنازعے میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے کے "بے بنیاد" دعووں کو سختی سے مسترد کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ کوئی تصدیق شدہ ثبوت پیش نہیں کیا گیا اور نہ ہی یوکرین کی جانب سے پاکستان کو رسمی طور پر رابطہ کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس معاملے پر یوکرین سے وضاحت طلب کی جائے گی۔

مسجد اقصیٰ پر اسرائیلیوں کے حملے کی مذمت کرتے ہوئے ترجمان نے اسرائیلی آبادکاروں بشمول اعلیٰ عہدیداروں اور کنیسٹ اراکین کے مسجد اقصیٰ پر حملے کی شدید الفاظ میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ اشتعال انگیزیاں مذہبی جذبات بھڑکانے اور خطے کو غیر مستحکم کرنے کی کوششیں ہیں۔ انہوں نے اقوام متحدہ اور بین الاقوامی برادری سے فوری اقدام کی اپیل کی۔

ترجمان نے کہا کہ پاکستان نے یوم استحصال کے موقع پر کشمیر کی جدوجہد کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا ہے ۔ ترجمان نے 5 اگست 2019ء کو بھارت کے یکطرفہ اور غیرقانونی اقدامات کی چھٹی سالگرہ کے موقع پر یوم استحصال منانے کا حوالہ دیا۔ صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم کے خصوصی پیغامات جاری کیے گئے جس میں کشمیری عوام کے ساتھ پاکستان کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت کا اعادہ کیا گیا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، جنرل اسمبلی کے صدر، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خطوط لکھ کر مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی طرف توجہ دلائی اور اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔ اس موقع پر اسلام آباد میں سینیٹر اسحاق ڈار کی قیادت میں وزارت خارجہ کے عملے، سول سوسائٹی اور شہریوں کی شرکت سے ایک یکجہتی واک بھی کی گئی۔ ترجمان نے کہا کہ پاکستان کے غیرملکی پالیسی کے اہم امور پر غیرمتزلزل موقف اور علاقائی امن، انصاف اور مظلوم عوام کے ساتھ یکجہتی کے عزم کو دہرایا۔