Live Updates

حکمرانوںنے ابرہام اکارڈز کے تحت اسرائیل کو تسلیم کرنے کی شرمناک حرکت کی تو سیسہ پلائی دیوار بن جائینگے‘ اختر اقبال ڈار

حکومت فوری طور پر اسلامی سربراہ کانفرنس بلا کر غزہ ،فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو خوراک پانی دینے کا بندوبست کرے ‘ چیئرمین تحریک انصاف نظریاتی

جمعہ 15 اگست 2025 20:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)تحریک انصاف نظریاتی کے چیئرمین اختر اقبال ڈار نے کہا ہے کہ ابرہام اکارڈز کے تحت اگر حکمرانوں نے اسرائیل کو تسلیم کرنے جیسی شرمناک حرکت کی تو اس فیصلہ کے سامنے تحریک انصاف نظریاتی سیسہ پلائی دیوار بن جائے گی اور پاکستان کا بچہ بچہ مائیں بہنیں اور پوری قوم میدان عمل میں ہوگی ،پاکستان کے ہر گھر پر فلسطین کا جھنڈا لہرایا جائے گا ،حکومتی سطح پر اسرائیل کی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ،غزہ میں دنیا کا سب سے بڑا ظلم برپا ہو رہا ہے ،غزہ اور فلسطین میں ظلم کا ڈائریکٹر انویسٹر ٹرمپ امریکہ ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے تحریک انصاف نظریاتی کے زیر اہتمام یوم آزادی و یکجہتی فلسطین کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔

(جاری ہے)

اختر اقبال ڈار نے کہا کہ قومی تہواروں پر قومی ہیرو زاور مشاہیر کو سلام عقیدت پیش کرنا فرض ہے جو قومیں اپنے مشاہیر کو بھلا دیتی ہیں تاریخ ان کو بھی بھلا دیتی ہے نوجوانوں کو پاکستان کی تاریخ سے آگاہی دینا ہوگی اس وقت ملک کا نوجوان مایوسیوں میں مبتلا ہے ان کی خوشیاں مستقبل چھین لیا گیا ہے لاکھوں نوجوان ہجرت کر چکے ہیں اور لاکھوں نوجوان روزگار کے لیے بیرون ملک جانے کے لیے تیار بیٹھے ہیں ۔

اختراقبال ڈار نے کہا کہ 77سال گزر جانے کے بعد حکمران عوام کو پینے کا صاف پانی ملاوٹ سے پاک خوراک تعلیم صحت جیسی بنیادی سہولتیں فراہم نہیں کر سکے ۔انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے سندھ میں روٹی کپڑا مکان والے مسلط ہیں ،سندھ میں حکمران بھتہ مافیا کی شکل اختیار کر چکا ہے ،سندھ میں کچے اور پکے کے ڈاکو عوام کو لوٹ رہے ہیں ،پیپلز پارٹی نے الیکشن میں 300یونٹ بجلی فری دینے کا قوم کو جھانسہ دیا دوسری ،طرف ووٹ کو عزت دو والوں نے نہ ووٹ کو عزت دی اور نہ ہی ووٹر کو ،پاکستان میں اس وقت عوام بجلی کے بلوں سے پریشان ہیں، قتل ہو رہے ہیں ،لوگ خودکشیاں کر رہے ہیں جبکہ حکمران آئی پی پیز کے نام پر ہزاروں ارب روپے ہڑپ کر رہے ہیں ،چینی برآمد اور درآمد کے نام پر قومی خزانہ کو لوٹا جا رہا ہے ،بیوروکریسی ججز کی مراعات اور پنشن میں کسی سو گناہ اضافہ کیا جا رہا ہے جبکہ عوام اور سرکاری ملازمین کی پنشن میں معمولی اضافہ کیا جاتا ہے ۔

انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف نظریاتی واحد سیاسی جماعت ہے جس نے آئی پی پیز کے بارے میں سپریم کورٹ میں کیس دائر کیا مگر بدقسمتی سے ابھی تک اس کیس کی شنوائی نہیں ہو سکی ۔ا نہوںنے کہا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان نے ایمانداری کا چوگہ پہن کر عوام کو سہانے خواب دکھائے پھر اقتدار میں آ کر چوروں کو ساتھ ملا کر لوٹ مار کی ،خیبر پختوانخواہ میں بانی پی ٹی آئی کی تیرہ سال سے حکومت ہے وہاں نہ تو کرپشن ختم ہو سکی نہ ڈیم بن سکے نہ نوجوانوں کو نوکریاں مل سکی اور نہ ہی ان کو گھر ملے جبکہ بانی پی ٹی آئی خود فارن فنڈنگ، توشہ خانہ،190ملین پائونڈ جیسے جرائم میں ملوث نکلے ۔

انہوں نے کہا کہ امریکہ سے آزادی مانگنے والے امریکہ کے قدموں میں پڑے ہوئے ہیں ،پاکستان کو مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے قرآن و سنت کا نظام ہی واحد حل ہے اس لیے تحریک انصاف نظریاتی نے کرپشن کی سزا موت کا قوم کو نعرہ دیا اس پر عمل کر کے ہی ہم پاکستان میں کرپشن اقربا ء پروری کا خاتمہ کر سکتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ امریکہ پاکستان کا دوست نہیں ہے ،امریکہ سے تجارت کرنے کی بجائے پاک ایران گیس لائن منصوبہ پر عمل کیا جائے ،روس سے سستا تیل خریدا جائے اور چین کے ساتھ تجارت کو بڑھاتے ہوئے ایران چائنہ ترکی اور پاکستان پر مشتمل جی سیون کی طرز پرنیا بلاک بنایا جائے ۔

انہوں نے کہا کہ حکومت فوری طور پر اسلامی سربراہ کانفرنس بلا کر غزہ اور فلسطین کے نہتے مسلمانوں کو خوراک پانی دینے کا بندوبست کرے جبکہ دنیا کو قائل کیا جائے کہ وہ غزہ میں اسرائیلی حملوں اور قتل وغارت روکنے کے لیے دبا ئوبڑھائے ۔تقر یب سے ضو ڈار ،یعقوب بھٹی ،طارق لودھی ،عبدالستاربھٹی ،میاں یعقوب اوررفیق چوان سمیت دیگر نے بھی خطاب کیا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات