این ایف سی میں آزاد کشمیر ، گلگت کو نمائندگی دینے کی مخالفت پیپلز پارٹی کر رہی ہے، شاہ غلام قادر

عوام کے حقوق کے تحفظ کیلئے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ورنہ آزاد کشمیر کے چپے چپے پر پیپلز پارٹی کیخلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے،صدرمسلم لیگ(ن) وزیراعظم کی پالیسی ہے کہ پسماندہ علاقوں میں دانش سکول قائم کیے جائیں، لیگی حکومت نے ماضی میں بھی آزاد کشمیر کو ریکارڈ فنڈز فراہم کیے،وفاقی وزیرسردار محمد یوسف

جمعہ 29 اگست 2025 12:50

مظفرآباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 29 اگست2025ء) صدر پاکستان مسلم لیگ (ن) آزاد جموں و کشمیر شاہ غلام قادر نے کہا ہے کہ نیشنل فنانس کمیشن (این ایف سی) میں آزاد کشمیر اور گلگت کو نمائندگی دینے کی مخالفت پاکستان پیپلز پارٹی کر رہی ہے، پیپلز پارٹی سندھ کی حکومت نے اس حوالے سے وفاق کو خط بھی ارسال کیا ہے۔مسلم لیگ (ن) کے رہنما مرحوم چوہدری محمد عزیز کی پہلی برسی پر حویلی میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے شاہ غلام قادر نے کہا کہ ماضی میں جب میرپور منگلا ڈیم سے مقامی آبادی کے لیے 600 کیوسک پانی فراہم کرنے کی بات ہوئی تو اس وقت کے وزیراعلیٰ سندھ قائم علی شاہ نے کہا تھا کہ آزاد کشمیر کے عوام کو منگلا ڈیم سے پانی نہیں مل سکتا۔

شاہ غلام قادر نے کہا کہ پانی ہمارا ہے لیکن ہمیں دیا نہیں جاتا اور این ایف سی میں بھی ہمارے عوام کو نظرانداز کیا جا رہا ہے، پیپلز پارٹی کو آزاد کشمیر کے عوام کے سامنے ان سوالات کے جواب دینا ہوں گے، پیپلز پارٹی آزاد کشمیر اپنی پوزیشن واضح کرے، عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے اپنی ذمہ داریاں پوری کرے ورنہ آزاد کشمیر کے چپے چپے پر پیپلز پارٹی کے خلاف احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت بھی پاکستانی تھے جب پاکستان اور ہندوستان معرض وجود میں نہیں آئے تھے، ہم نے ہمیشہ اپنے خون کا نذرانہ دے کر یہ ثابت کیا ہے کہ ہم بائی چوائس پاکستانی ہیں۔لیگی رہنما نے کہا کہ آزاد کشمیر میں پرامن ماحول کو خراب نہیں ہونے دیا جائے گا اور نہ ہی یہ خطہ کسی نظریاتی تخریب کاری کا متحمل ہو سکتا ہے۔شاہ غلام قادر نے پاک فوج کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ ایل او سی پر پاک فوج ہماری حفاظت کے لیے کھڑی ہے، جو لوگ فوج کے خلاف بات کرتے ہیں وہ ماضی میں پاک بھارت جنگ کے دوران اسلام آباد میں پناہ گزیں تھے، آزاد کشمیر کے عوام پاک فوج کے شکر گزار ہیں اور ہمیشہ ان کے شانہ بشانہ کھڑے رہیں گے۔

اس موقع پر وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سردار محمد یوسف نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مرحوم چوہدری محمد عزیز ضلع حویلی کی عظیم شخصیت تھے، عوام کی ہزاروں کی تعداد میں شرکت اس بات کا ثبوت ہے کہ وہ مسلم لیگ (ن) اور اپنے رہنماؤں سے محبت کرتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف کی پالیسی ہے کہ پسماندہ علاقوں میں دانش سکول قائم کیے جائیں، حویلی میں بھی دانش سکول کا قیام عمل میں لایا جائے گا، مسلم لیگ (ن) کی حکومت نے ماضی میں بھی آزاد کشمیر کو ریکارڈ فنڈز فراہم کیے، آئندہ حکومت میں مزید وسائل فراہم کیے جائیں گے تاکہ آزاد کشمیر کی تعمیر و ترقی تیز تر ہو سکے۔