Live Updates

ماننا چاہیے وزیراعلیٰ پنجاب بہت محنت کررہی ہیں، بلاول بھٹو

پی پی کے نمائندوں کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کیلئے پابند کیا ہے، ریلیف اور از سر نو تعمیر کے کاموں میں پنجاب حکومت کے ساتھ حصہ لیں گے،وزیراعظم بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچائیں، کسانوں کو بیچ اور کھاد کی فراہمی میں مدد کی جائے، کسانوں اور سیلاب متاثرین سے گفتگو

جمعہ 5 ستمبر 2025 18:05

قصور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 05 ستمبر2025ء)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پنجا ب میں حالیہ سیلاب کے دوران مریم نواز شریف کی کاؤشوں کو ماننا پڑے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے مشکل وقت میں صفِ اول کا کردار ادا کیا، وہ بہت زیادہ محنت کر رہی ہیں،پی پی کے نمائندوں کو امدادی کارروائیوں میں حصہ لینے کیلئے پابند کیا ہے، ریلیف اور از سر نو تعمیر کے کاموں میں پنجاب حکومت کے ساتھ حصہ لیں گے،وزیراعظم بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچائیں، کسانوں کو بیچ اور کھاد کی فراہمی میں مدد کی جائے۔

جمعہ کو یہاں کسانوں اور سیلاب متاثرین سے بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی جس میں سیلاب متاثرین اور کسانوں نے بلاول بھٹو کو اپنے مسائل سے آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہاکہ حالیہ سیلاب سے کوئی بھی مقامی یا صوبائی حکومت مقابلہ نہیں کر سکتی، وفاق کو مزید تعاون کرنا ہوگا۔بلاول بھٹو نے کہا کہ حکومت کی طرف سے قصور میں قائم ریلیف کیمپ کا دورہ کیا، سیلاب سے بڑی تباہی ہوئی ہے۔

بلاول بھٹو زر داری نے کہاکہ پنجا ب میں حالیہ سیلاب کے دوران مریم نواز شریف کی کاؤشوں کو ماننا پڑے گا، وزیر اعلیٰ پنجاب نے مشکل وقت میں صفِ اول کا کردار ادا کیا، وہ بہت زیادہ محنت کر رہی ہیں۔سربراہ پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ پاکستان کی سیاست میں ایک ایسی عادت بن گئی ہے کہ لوگ فورا تنقید کرنا شروع کر دیتے ہیں، پیپلز پارٹی کے نمائندوں کو کہا ہے کہ مشکل وقت میں پنجاب حکومت کا ساتھ دیں، ہم ریلیف اور بحالی کے مرحلوں میں صوبائی حکومت کے ساتھ کھڑے ہیں۔

چیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی نے کہا کہ پنجاب میں کسانوں کا بے پناہ نقصان کے ساتھ ساتھ زرعی معیشت تباہ ہو گئی ہے، زراعت ہماری معیشیت میں ریڑھ کی ہڈی کی حثیت رکھتی ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے مقامی کسانوں کو یقین دلایا کہ بجلی اور قرضوں میں تعاون کے معاملے پر وزیراعظم شہباز سے بات کریں گے، انہوں نے کہا کہ امید رکھتا ہوں کہ وزیراعظم آپ کی بات پر غور کریں گے۔

پی پی پی چیئرمین نے کہا کہ وزیراعظم سے درخواست ہے کہ بی آئی ایس پی پروگرام کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچائیں، پنجاب میں سیلاب سے سب سے زیادہ کسانوں کا نقصان ہوا ہے، وزیراعظم اور صوبائی حکومت سے زرعی ایمرجنسی نافذ کرنے کی درخواست کرتے ہیں، کسانوں کو بیچ اور کھاد کی فراہمی میں مدد کی جائے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ وفاق سے اپیل ہے کہ سندھ کے ماڈل پر سیلاب زدگان کیلئے گھروں کی تعمیر کی جائے، بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کے ذریعے متاثرہ علاقوں میں امداد پہنچانا ضروری ہے، وفاق سے درخواست ہے کہ کسانوں کو بجلی کے بلوں میں ریلیف دیا جائے، ہم سب متحد ہو کر اس قدرتی آفت کا مقابلہ کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ پہلا مرحلہ لوگوں کو ریسکیو کرنے کا ہے، بحالی کے عمل کے دوران لوگوں کے گھروں اور کاروبار کا جو بھی نقصان ہوا ہے، اس کا تخمینہ لگایا جائے گا، امید ہے اس کا ازالہ بھی ہو گا۔چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی نے کہا کہ ہماری صوبائی حکومت نے سندھ میں 20 لاکھ گھروں کی تعمیر کا منصوبہ شروع کیا، یہ وفاق کی سپورٹ کے بغیر ممکن نہیں تھا، وفاقی حکومت میں ہوتے ہوئے ہم نے عالمی دنیا اور فنانسرز سے بات کر کے یہ منصوبہ شروع کیا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان سندھ طاس معاہدہ موجود ہے ، بھارت پانی سے متعلق معلومات پاکستان سے شیئر نہیں کر رہا۔گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان، ندیم افضل چن، تنویر اشرف کائرہ بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ ہیں، راجہ پرویز اشرف، سید حسن مرتضیٰ سمیت دیگر پارٹی رہنما بھی بلاول بھٹو کے ہمراہ تھے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات