Live Updates

کراچی کی ترقی و خوشحالی پورے ملک کے استحکام سے جڑی ہے، عوام سیلاب متاثرین کی بحالی میں بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں،سیدال خان ناصر

پیر 8 ستمبر 2025 21:15

اسلام آباد+کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 08 ستمبر2025ء)ڈپٹی چیئرمین سینیٹ پاکستان، سیدال خان نے کہا ہے کہ کراچی پاکستان کی معاشی شہ رگ ہے اور اس شہر کی ترقی، خوشحالی اور امن و استحکام کا براہِ راست تعلق ملک کی مجموعی ترقی و استحکام سے ہے وہ اپنے کراچی کے دورے کے دوران مسلم لیگ (ن) سندھ کی جانب سے منعقدہ ایک استقبالیہ اور عشائیہ تقریب سے خطاب کر رہے تھے۔

تقریب کا اہتمام مسلم لیگ (ن) سندھ کے رہنماؤں علی اکبر گجر اور سید شاہ محمد شاہ نے کیا، جس میں سیاسی و سماجی رہنماؤں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شرکائ میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما بشیر میمن، زین انصاری، مظفر شجرا (سابق وفاقی وزیر)، راجہ انصاری، سلیم ضیائ ، اور نہال ہاشمی (سابق سینیٹر) شامل تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر پیپلز پارٹی سندھ کے جنرل سیکرٹری و سینیٹر وقار مہدی، متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سید حفظ الدین، تاجر برادری، سماجی تنظیموں کے نمائندگان، سول سوسائٹی کے اراکین، مسلم لیگ (ن) کے ونگز کے عہدیداران، سابق اراکین صوبائی اسمبلی اور دیگر معززین بھی موجود تھے۔

اپنے خطاب میں ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ کراچی کے عوام نے ہمیشہ جمہوریت، پاکستان اور استحکام کے لیے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وفاقی حکومت نے کراچی کی ترقی کے لیے کئی اہم اقدامات اٹھائے ہیں جن میں گرین لائن بس منصوبہ، سکھر-حیدرآباد موٹروے اور قیام امن کے لیے عملی اقدامات شامل ہیں۔سیدال خان نے کہا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے اپنے دور حکومت میں کراچی کے عوام کو ترقی اور امن کا حقیقی تحفہ دیا۔

انہوں نے کہا کہ قائد مسلم لیگ (ن) میاں محمد نواز شریف نے بطور وزیراعظم کراچی کو امن کا گہوارہ بنایا اور شہر میں جامع ترقیاتی منصوبے شروع کرائے۔ ان کے مطابق، میاں محمد شہباز شریف نے بھی کراچی پر خصوصی توجہ دی اور گرین لائن بس منصوبہ کراچی کے عوام کے لیے ایک منفرد تحفہ تھا۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم پاکستان موجودہ دور میں بھی کراچی کی ترقی، خوشحالی اور قیام امن کے لیے خصوصی دلچسپی رکھتے ہیں، تاکہ یہ شہر ملک کی معاشی سرگرمیوں کا مرکز بن کر مزید ترقی کر سکے۔

ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے اس موقع پر کراچی کے عوام سے اپیل کی کہ وہ پنجاب اور خیبرپختونخوا میں حالیہ سیلاب متاثرین کی بحالی اور امداد کے لیے بڑھ چڑھ کر حصہ ڈالیں تاکہ مشکل کی اس گھڑی میں متاثرہ خاندانوں کو سہارا دیا جا سکے۔تقریب کے اختتام پر شرکاء نے عزم کیا کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) کراچی سمیت پورے ملک میں عوامی خدمت اور ترقی کے سفر کو جاری رکھے گی۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات