Live Updates

وزیراعظم نے ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کردی

وفاقی و صوبائی حکومتوں کو اس حوالے سے پالیسی بنانے کی ہدایت کردی گئی

Sajid Ali ساجد علی بدھ 10 ستمبر 2025 15:22

وزیراعظم نے ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کردی
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 10 ستمبر 2025ء ) وزیراعظم شہباز شریف نے ملک میں ماحولیاتی اور زرعی ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے وفاقی و صوبائی حکومتوں کو پالیسی بنانے کی ہدایت کردی۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیرصدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ سیلاب نے پورے ملک میں بڑی تباہی مچائی ہے، ریلیف آپریشن جاری ہے، اس حوالے سے وزیر موسمیاتی تبدیلی کو ذمہ داریاں دی گئی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ اب تک تقریباً ایک ہزار پاکستانی سیلاب کی نذر ہو چکے ہیں، پنجاب میں ہزاروں ایکڑ فصلیں زیر آب ہیں، فصلوں کے نقصانات کا تخمینہ لگایا جائے اور کابینہ میں اس پر غور کیا جائے، سیلاب پنجاب میں تباہی مچا کر اب سندھ میں داخل ہو رہا ہے، اللہ کرے سیلاب سے سندھ میں نقصانات کم ہوں، دعا ہے سندھ میں سیلاب سے زیادہ نقصان نہ ہو۔

(جاری ہے)

وزیراعظم نے کابینہ کو بتایا کہ میں ابھی چین سے ہو کر آیا ہوں ، میرا حالیہ دورہ چین بہت کامیاب رہا، کامیاب دورہ چین پر کابینہ کے تمام ممبران کو مبارکباد دیتا ہوں، دورہ چین کے دوران بزنس کانفرنس انتہائی مفید اورمؤثر رہیں، اس ضمن میں کہنا چاہتا ہوں کہ چین میں ہماری جو حالیہ بزنس کانفرنس ہوئی اس سے بہتر کانفرنس میں نے کبھی نہیں دیکھی جس پر تمام وزراء، سیکریٹریز اور افسران کا شکریہ ادا کرتا ہوں، اس سلسلے میں فالو اپ انتہائی ضروری ہے۔

شہبازشریف نے کہا کہ دورہ چین کے دوران ایس سی او اجلاس میں شرکت اور دوطرفہ ملاقاتیں کیں، چین اقتصادی اور عسکری قوت بن چکا ہے، جس کا عملی مظاہرہ دیکھنے میں آیا ہے،سی پیک فیز ٹو کے خدوخال، زراعت، بی ٹو بی انویسٹمنٹ، خصوصی اقتصادی زونز کے کے ایچ فنانشل ماڈل کا اعلان کیا جائے گا، منصوبوں میں 85 فیصد سرمایہ کاری چین، 15 فیصد پاکستان کی ہوگی، این ڈی آرسی کے آئندہ اجلاس میں سی پیک ٹو کا باقاعدہ اعلان ہوگا۔

ان کا کہنا ہے کہ نوازشریف کی حکومت میں ہم نے ایل این جی کے 5 پلانٹس لگائے، اب بھی ترقیاتی منصوبوں میں تاخیر اور سست روی کو برداشت نہیں کیا جائے گا اور میں واضح کردینا چاہتا ہوں کہ اس معاملے میں کسی قسم کی کوئی کوتاہی یا کسی منصوبے میں کوئی تاخیر برداشت نہیں کروں گا، کل امریکہ کی کمپنیوں کے ساتھ بھی ایم اویوز سائن کیے ہیں، ہم نے امریکہ کے ساتھ بھی اچھے تعلقات بنانے ہیں اور چین کے ساتھ بھی تعلقات کو مزید مضبوط کرنا ہے۔
Live سیلاب کی تباہ کاریاں سے متعلق تازہ ترین معلومات