بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ واپس لیا جائے، عبدالحاکم قائد

جمعرات 11 ستمبر 2025 23:08

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 11 ستمبر2025ء) پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی کراچی کے صدر عبدالحاکم قائد نے ضلع وسطی میں ہونے والے اجلاس میں شہر بھر میں 12سے 15 گھنٹوں کی بدترین لوڈ شیڈنگ پر غم و غصے کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ فی الفور بند کی جائے۔ بجلی کے بلوں میں ہوشربا اضافہ واپس لیا جائے۔اووربلنگ، غلط میٹر ریڈنگ اور فیول ایڈجسٹمنٹ کے نام پر عوام کو لوٹنے کا سلسلہ بند کیا جائے۔

کے الیکٹرک کا آڈٹ کیا جائے اور ذمہ دار افراد کو کٹہرے میں لایا جائے۔ کے الیکٹرک کو دوبارہ قومی تحویل میں لے کر عوامی مفاد کو مقدم رکھا جائے۔ شہرِ قائد کی عوام ایک بار پھر شدید گرمی، غیر اعلانیہ لوڈشیڈنگ، اور ناقابلِ برداشت بلوں کی چکی میں پس رہی ہے۔

(جاری ہے)

اعلانیہ لوڈسیڈنگ ناسور بن گئی ہے اوپر سے غیر اعلانیہ لوڈ شیڈنگ کا عذاب روشنیوں کے شہر پر کرپٹ سسٹم نے نازل کیا ہوا ہے۔

کے الیکٹرک کراچی کے شہریوں کے ساتھ مسلسل ظلم اور ناانصافی کر رہا ہے۔ یہ ایک کھلی لوٹ مار ہے جو اب ناقابلِ برداشت ہو چکی ہے اور اس پر سندھ حکومت کی خاموشی مجرمانہ ہے۔ شہری گرمی، اندھیرے اور بلوں کے عذاب میں مبتلا ہیںلیکن سندھ حکومت اور پاکستان پیپلز پارٹی کی قیادت صرف تماشائی بنی بیٹھی ہے۔ یہ خاموشی صرف غفلت نہیں بلکہ مجرمانہ شراکت داری کے مترادف ہے۔

پیپلز پارٹی، جو سندھ پر برسوں سے حکمران ہے، کیوں کے الیکٹرک کے خلاف زبان نہیں کھولتی کیا کراچی کے عوام کا کوئی پرسان حال نہیں ہی ملک کا معاشی حب بدترین بجلی بحران کا شکار ہے۔ کے الیکٹرک کی غفلت، نااہلی اور کرپشن کی وجہ سے عوام پریشان، کاروبار تباہ اور طلبہ کا تعلیمی سلسلہ متاثر ہو رہا ہے۔ یہ کیسا انصاف ہے کہ بجلی نہ ہو، لیکن بل ہزاروں میں آئی پاسبان ڈیموکریٹک پارٹی سندھ حکومت، نیپرا، اور متعلقہ اداروں سے پُرزور مطالبہ کرتی ہے کہ وہ فوری طور پر کے الیکٹرک کے خلاف ایکشن لیں، ورنہ عوام خود سڑکوں پر نکل کر اپنا حق لینا جانتی ہے۔